"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں اُن کی‘ متن ہمارے

دہشت گرد قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے: صدر زرداری صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ’’دہشت گرد‘ قوم کے عزم کوکمزور نہیں کرسکتے۔‘‘ کیونکہ ہم نے گزشتہ پانچ برسوں میں قوم کے عزم کو اتنا مضبوط کردیا ہے کہ دہشت گردوں کا باپ بھی اسے کمزور نہیں کرسکتا جبکہ ہر طرف اور ہر محکمے میں صاحب عزم حضرات ہی کو تعینات کیا گیا تھا جن میں جناب ذکاء اشرف کی تازہ مثال سب کے سامنے ہے جن کے زیرسایہ قومی کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں ایسی کارکردگی دکھائی ہے جس سے قوم کا عزم مزید مضبوط ہوا ہے کیونکہ فتح اور شکست تو سیاست اور کرکٹ میں ہوتی ہی رہتی ہے، علاوہ ازیں، بھارت کے ساتھ چونکہ تعلقات کا احیاء کیا جارہا ہے اس لیے اس کی ٹیم کو ہرانا ویسے بھی انتہائی غیر مناسب تھا کیونکہ پچھلی دفعہ ہمارے وزیراعظم گیلانی جب ہماری ٹیم کو سیمی فائنل میں ہروا کر آئے تھے تو وہ بھی جذبۂ خیر سگالی کی ایک مثال تھی جسے بھارت میں بہت سراہا گیا تھا اور منموہن سنگھ اس ایثار اور قربانی پر بطور خاص بہت خوش ہوئے تھے جبکہ چیئرمین صاحب ٹیم میں اپنے سفارشی کھلاڑیوں کی بھرتی سے اس کے عزم کو پہلے ہی بہت مضبوط کر چکے تھے کہ آخر حقوق العباد بھی کوئی چیز ہوتی ہے جبکہ خاکسار نے بھی اس کا دوست ہونے کا پورا پورا حق ادا کردیا تھا کیونکہ ہر مستحق کو اس کا حق ضرور ملنا چاہیے۔ آپ اگلے روز سانحۂ بلوچستان پر ایک بیان جاری کررہے تھے۔ مشکل گھڑی میں بلوچستان حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں: میاں نوازشریف وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ’’مشکل گھڑی میں بلوچستان حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں‘‘ چنانچہ پورے ملک اور قوم کے مشکل گھڑی میں گرفتار ہونے کا انتظار کررہے ہیں تاکہ ان کا ساتھ دیا جاسکے، اول تو وہ مشکل گھڑی قوم پر آ ہی چکی ہے، اس لیے ہم بھی اس کا ساتھ دینے کی پوری تیاری کررہے ہیں اور قوم کو بھی اتنی مشکلوں کا انتظار کرنا چاہیے کہ بقول غالب خود ہی آسان ہوجائیں۔ ہیں جی؟ البتہ سرمایہ دار طبقے کے لیے حالیہ بجٹ میں جو آسانیاں پیدا کی گئی ہیں اور ایسے زیادہ تر عناصر کو ٹیکس نیٹ سے باہر رکھا گیا ہے تو اس لیے کہ وہ بھی جملہ پریشانیوں سے آزاد ہو کر ہماری طرح قوم کی خدمت کرسکیں جبکہ انہی کی دعا برکت سے ہمیں بھی کامیابی نصیب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کوئٹہ بم دھماکوں کے ملزم بلوچستان اورپاکستان کے دشمن ہیں‘‘ اور یہ بات میں پورے یقین سے کہہ رہا ہوں، اس لیے اس کے بارے میں کوئی شک و شبہ باقی نہیں رہنا چاہیے کیونکہ تھوڑے سے غوروفکر کے بعد اس کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے جبکہ یہ کوئی دوستانہ اقدام نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ ’’مجھے امید ہے کہ بلوچستان کی قیادت عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی‘‘ اور انشاء اللہ مجھے خود سے بھی پوری امید ہے کہ میں عوام کے اعتماد پر پورا اتروں گا یا اس کی کوشش ضرور کروں گا۔ آپ اگلے روز وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات کررہے تھے۔ جی ایس ٹی کے نفاذ سے غریب آدمی متاثر ہوا: گیلانی سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ’’جی ایس ٹی کے نفاذ سے عام آدمی متاثر ہوا‘‘ اگرچہ ہم نے عام آدمی کو متاثر ہونے کے قابل بھی نہیںچھوڑا تھا لیکن رہی سہی کسر اگر موجودہ حکومت نکال رہی ہے تو ہمارے ہی ایجنڈے پر عمل کررہی ہے حالانکہ اسے اپنا علیحدہ ایجنڈا لانا چاہیے تھا۔ تاہم امید ہے کہ آہستہ آہستہ مکمل طور پر ہی ہمارے نقش قدم پر چل نکلے گی اور بالآخر لوگ ایک بار پھر ہماری راہ میں آنکھیں بچھانے کے لیے بیتاب نظر آئیں گے کیونکہ یہی ملک عزیز کی روایت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’پیپلزپارٹی نے اپنے دور میں 86 فیصد جمہوریت بحال کر دی‘‘ جس میں خاکسار کے پورے ٹبرّ کا حصہ ہے اور جسے ساری دنیا نے دیکھا چنانچہ بقایا 14فیصد ہم اگلی باراقتدار میں آ کر پوری کر دیں گے۔ البتہ موجودہ حکومت اگر ہماری پیروی کرتی رہی تو یہ کمی بھی پوری کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’بجٹ میں عام آدمی کے لیے کچھ نہیں رکھا گیا‘‘ حالانکہ ہم نے جو تھوڑا بہت چھوڑا تھا وہی رکھ لیا جاتا۔ آپ اگلے روز ساہیوال میں کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے۔ ریلوے میں قبضہ مافیا کو چھوٹ نہیں دی جاسکتی: سعد رفیق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ’’ریلوے میں قبضہ مافیا کو چھوٹ نہیں دی جاسکتی۔‘‘ البتہ اگر وہ حضرات اتنے بااثر ہیں کہ یہ چھوٹ خود ہی انہوں نے حاصل کر رکھی ہے اور وہ ہم سے اجازت لینے کا بھی تکلف روا رکھنے کو تیار نہیں تو کیا کیا جاسکتا ہے کیونکہ میاں صاحب کی ہدایت کے مطابق ہم سب کو ساتھ لے کر چلنے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ریلوے کی اراضی تمام قبضہ گروپ عناصر سے چھڑوانے کے لیے ٹھوس حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے‘‘ اور اس میں خدانخواستہ جو ہمارے لوگ شامل ہیں ان سے بھی درخواست کی جائے گی کہ وہ اب تک کافی استفادہ کر چکے ہیں۔ لہٰذا ملک کے دوسرے حصوں میں جا کر طبع آزمائی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’بدعنوان کرپٹ عناصر اور کالی بھیڑوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا‘‘ اس کے لیے آہنی ہاتھ تیار کرنے کا آرڈر دے دیا گیا ہے۔ نیز بہتر ہے کہ کالی بھیڑیں اپنی اون پرسفیدی پھروا لیں تاکہ بچ بچائو کی کوئی صورت نکل سکے۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ خیبر حکومت ہر حالت میں میرٹ کی بالادستی یقینی بنائے: عمران خان پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ’’خیبر حکومت ہر حال میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنائے‘‘ جیسی کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے وقت ہم نے اختیار کی تھی اور اگر ہوسکے تو اس سلسلے میں پیپلزپارٹی سے رہنمائی حاصل کرے جنہوں نے میرٹ پر بھرتی کے تمام ریکارڈ توڑ رکھے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ’’سیاسی تقرریاں، تبادلے اور برخواستگیاں ختم کریں‘‘ اور خود تربوز فروخت کیا کریں کیونکہ عوام کی صحت کے لیے پھلوں کا استعمال زیادہ سے زیادہ ہونا چاہیے جبکہ تربوز سے تو کوئی جن بھی برآمد ہوسکتا ہے جو آن کی آن میں سارے مسئلے حل کردے۔ انہوں نے کہا کہ ’’شفاف اور مؤثر انتظامیہ کے ذریعے عوامی مسائل کے تدارک کویقینی بنایا جائے۔ ’’جیسا کہ ملک میں شفافیت کا بول بالا ہورہا ہے اور اس سلسلے میں حالیہ انتخابات سے بھی سبق سیکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’آئین اور قانون کے مطابق حکومتی امور نمٹائے جائیں‘‘ اور کہنا ہی میرا فرض تھا جو میں نے کہہ دیا ہے اور اگر وزیراعلیٰ اس کے بغیر بھی صوبے کو مثالی بنا سکتے ہیں تو یہ تجربہ بھی کرکے دکھ لیں کیونکہ ملک عزیز میں آئین اور قانون کے بغیر ہی اگر سارے کام ٹھیک ٹھاک چل رہے ہیں تو اس تکلف میں پڑنے کی واقعی کیا ضرورت ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور محکموں کو ہدایات دے رہے تھے۔ آج کا مقطع یہ کس طرح کا‘ ظفرؔ گھر بنا رہا ہوں کہ جس میں دریچہ چھوڑ رہا ہوں نہ در نکال رہا ہوں

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں