اقتدار رہے نہ رہے‘ انصاف کا دامن
نہیں چھوڑوں گا... نوازشریف
وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ''اقتدار رہے نہ رہے‘ انصاف کا دامن نہیں چھوڑوں گا‘‘ جبکہ انصاف کا یہ بول بالا اور دشمنوں کا منہ کالا بیوروکریسی سے شروع کردیا گیا ہے جس سے تین بڑے افسر چلتے بنے ہیں جنہوں نے انصاف کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیا تھا یعنی ایک سے صرف یہی کہا گیا تھا کہ انگوٹھوں کی تصدیق کے معاملے میں ہاتھ ذرا ہولا رکھیں لیکن اس نے انتہائی ناانصافی سے کام لیتے ہوئے صاف انکار کردیا؛ چنانچہ دیگر ناانصافیوں کی بناء پر دو مزید افسروں کی چھٹی کرا دی گئی ہے اور امید ہے کہ باقی سب لوگ اس سے عبرت پکڑتے ہوئے انصاف کا خاطر خواہ خیال رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ''ضروری نہیں کہ حکومت ہی طالبان سے مذاکرات کرے‘‘ بلکہ حکومت کو تو اس سلسلے میں معذور ہی سمجھا جائے‘ ہیں جی؟ آپ اگلے روز مالاکنڈ کے ارکان اسمبلی اور عمائدین کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
5 سال میں ہر گھر تک پینے کے صاف پانی
کی فراہمی یقینی بنائیں گے... شہباز شریف
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''5 سال
میں صوبے کے ہر گھر تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے‘‘ اور اگر اس سے پہلے طالبان برسرِ اقتدار آ گئے تو وہ یہ کام زیادہ خوش اسلوبی سے کر سکیں گے اور اگر حکومت سے اتارنے کے بعد ہم سے کوئی کام لینا چاہیں گے تو اس کے لیے بسروچشم حاضر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''واسا کی کارکردگی کو یقینی طور پر بہتر بنانے کے لیے ماہرین سے استفادہ کیا جائے‘‘ اگرچہ اکثر کاموں میں ہم خود بھی کافی ماہر ہو چکے ہیں‘ لیکن فی الحال واسا کے معاملات کو سمجھنے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی؛ تاہم جیسا کہ اوپر عرض کیا گیا ہے‘ کوئی ایسا نازک وقت آ سکتا ہے کہ واسا میں بھی خدمات سرانجام دینا پڑیں کیونکہ کسی بھی طرح کے کام میں کوئی عیب نہیں ہے جبکہ ہم تو اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پہلے ہی کافی بے عیب واقع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''تمام اضلاع میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جا رہے ہیں‘‘ جیسا کہ ہر جگہ کرپشن فلٹریشن پلانٹ لگے ہوئے ہیں اور تسلی بخش طور پر کام کر رہے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔
مذاکرات کے حامی طالبان کی
حوصلہ افزائی کریں گے... سرتاج عزیز
قومی سلامتی اور امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ''مذاکرات کے حامی طالبان کی حوصلہ افزائی کریں گے‘‘ چنانچہ ان کا سراغ لگانے کا کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ مذاکرات کے مخالف طالبان کی حوصلہ افزائی کی چنداں ضرورت نہیں ہے کیونکہ ان کے حوصلے پہلے ہی کافی بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''آئین کو نہ ماننے والوں سے بات نہیں ہوگی‘‘ کیونکہ جنہوں نے بات چیت سے صاف انکار کردیا ہے‘ ہم اگر کوشش کریں بھی تو ان سے بات نہیں ہو سکتی اور امید ہے کہ خدا انہیں بہت جلد نیک ہدایت دے دے گا اور ہماری حالت پر بھی رحم فرمائے گا‘ اگرچہ ہم نے اپنی حالت پر اب تک کوئی رحم نہیں کھایا جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''افغان طالبان سے غیر رسمی رابطہ ہے‘‘ اور ان کی منت سماجت کی جا رہی ہے کہ وہ ہمارے طالبان سے بھی ہمارا رابطہ کروا کر ثوابِ دارین حاصل کریں۔ اگرچہ یہ سارے پہلے ہی بخشی ہوئی روح ہیں اور ہماری بھی بخشش کی کوشش کر رہے ہیں۔ آپ اگلے دن ایک نجی ٹی وی پر گفتگو کر رہے تھے۔
حکومت طالبان سے مذاکرات
میں سنجیدہ نہیں... سمیع الحق
جمعیت علمائے اسلام (س) کے امیر مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ ''حکومت طالبان کے ساتھ مذاکرات میں سنجیدہ نہیں‘‘ جس کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو سکتا ہے کہ پہلے اس نے یہ کام میرے ذمے لگایا اور پھر مولانا فضل الرحمن کی ناراضی کے خوف سے صاف ہی مُکر گئی حالانکہ ہم سب بھی حکومت کی پالیسی کے مطابق محض وقت کٹی ہی کر رہے تھے اور اس صورت حال میں حکومت کو کسی پیر کی خدمات حاصل کرنی چاہئیں جبکہ زرداری صاحب کے پیر اعجاز شاہ آج کل کافی فارغ ہیں اور ان سے کوئی کارگر تعویذ حاصل کیا جا سکتا ہے بلکہ اب تو خود زرداری صاحب بھی ان کی صحبت میں رہ کر کافی حد تک صاحبِ کرامات ہو چکے ہیں‘ اس لیے حکومت ان سے رجوع کر کے بھی یہ مسئلہ حل کر سکتی ہے کیونکہ ابھی حکومت نے ان کے بھی بہت سے مسائل حل کرنا ہیں جن کی ابتدا ہو چکی ہے کہ زرداری صاحب نے بھی اگلی بار اُن کے کافی مسائل حل کرنا ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں روزنامہ ''دنیا‘‘ کو انٹرویو دے رہے تھے۔
جعلی فلم بنانے والوں کے خلاف
قانونی کارروائی کروں گی... میرا
فلم سٹار میرا نے کہا ہے کہ ''میرے بارے میں جعلی فلم بنانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کروں گی‘‘ کیونکہ میرے خلاف اصلی فلموں کا جب اتنا مواد موجود ہے تو مجھے سمجھ نہیں آتی کہ لوگوں کو جعلی فلم بنانے کی کیا ضرورت ہے؛ تاہم میں ایک بے حد مصروف شخصیت ہوں اور اسے جعلی ثابت کرنے کے لیے میرے پاس وقت ہی کہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''لوگ میری شہرت سے جلتے اور حسد کرتے ہیں‘‘ اور یہ بیوقوف اتنا نہیں سمجھتے کہ اس طرح کی جعلی فلمیں میری مزید شہرت کا باعث بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''مجھے ابھی بہت کام کرنا ہے اور اس فضول سکینڈل میں وقت برباد نہیں کر سکتی‘‘ اس لیے یہ لوگ اپنا شوق پورا کرتے رہیں‘ میری صحت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور یہ جیسی پہلے تھی‘ ویسی ہی رہے گی بلکہ سکینڈلز سے میری صحت پر خوشگوار اثر پڑتا ہے‘ کر لو جو کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''کچھ لوگوں کو میری شہرت ہضم نہیں ہو رہی‘‘ اس لیے انہیں اپنا ہاضمہ درست کرنے کے لیے کسی اچھی پھکی کا استعمال کرنا چاہیے جو انہیں میں بھی مہیا کر سکتی ہوں۔ آپ اگلے روز کراچی میں صحافیوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔
آج کا مقطع
ہونے لگا اثر بھی اُسی روز سے‘ ظفر
جس روز سے ہوس کی ملاوٹ ہے آہ میں