"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں‘متن اور نذیر حق

افراتفری پھیلا کر ترقی کا راستہ روکنے 
کی کوشش نہ کی جائے... صدر ممنون 
صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ ''افراتفری پھیلا کر ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش نہ کی جائے‘‘ کیونکہ حکمرانوں کی ترقی ہی میں ساری قوم کی ترقی مضمر ہے جنہیں ایک طویل عرصے کے بعد ایک بار پھر ترقی کرنے کا موقع ملا ہے جبکہ حکمران ہی اگر فُقرے ہوں تو قوم نے تو بھوکا ننگا ہونا ہی ہے؛ چنانچہ قوم ترقی کرتے حکمرانوں کو دیکھ دیکھ کر خوش ہوتی رہتی ہے اور صبر و شکر کے ساتھ موت سے بدتر زندگی گزار رہی ہے کیونکہ اس میں لالچ اور طمع بالکل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''غیروں کے چنگل سے نکلنے کے لیے جدید علوم میں مہارت ضروری ہے‘‘ کیونکہ ہم سب کے لیے اپنوں کا چنگل ہی جب کافی ہے اور انہوں نے پوری طرح سے جِنّ جپّھا ڈالا ہوا ہے تو غیروں کے چنگل کی ضرورت ہے نہ گنجائش۔ انہوں نے کہا کہ ''ن لیگ کی حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے‘‘ جو اگرچہ نظر نہیں آ رہی کیونکہ یہ گجھی ترقی ہے اور صرف انہی کو نظر آتی ہے جو اس سے فیضیاب ہو رہے ہوں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں سفیروں سے خطاب کر رہے تھے۔ 
ہم فوج کا مورال کم نہیں 
ہونے دیں گے... نوازشریف 
وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ''ہم فوج کا مورال کم نہیں ہونے دیں گے‘‘ اور جہاں تک ٹی وی پر ڈی جی آئی ایس آئی کی تصویر آٹھ گھنٹے تک چلنے کا تعلق ہے تو اس سے صاحبِ موصوف کی مشہوری ہوئی ہے کیونکہ آج تک اتنی شہرت کسی ایسے افسر کو نصیب نہیں ہوئی ہے اور اس سے فوج کا مورال بلند ہوا ہے اور اگر کسی دوسرے افسر کو بھی ایسی مشہوری کی ضرورت ہو تو حکم کریں‘ تعمیل کروا دیں گے کیونکہ تعمیل کرنے والے ماشاء اللہ اپنے ہی آدمی ہیں اور ان کے بارے میں حکومت کے رویے سے پہلے دن ہی سے اس کا ثبوت بھی مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''آپریشن میں سیاسی دبائو قبول نہیں کریں گے‘‘ کیونکہ جب سے دہشت گردوں پر ہمارا سیاسی دبائو ختم ہوا ہے‘ ہم نے خود بھی ہر قسم کا دبائو قبول کرنے سے معذرت کرلی ہے اور مذاکرات کا سارا معاملہ اللہ اور طالبان پر چھوڑ دیا ہے کیونکہ ہمارے کرنے کو اور کام بہت ہیں۔ آپ اگلے روز کراچی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ 
ایدھی کی زندگی بچانے کے لیے ایک
گردہ دینے کو تیار ہوں... وینا ملک 
اداکارہ وینا ملک نے کہا ہے کہ ''ایدھی کی زندگی بچانے کے لیے انہیں ایک گردہ دینے کے لیے تیار ہوں‘‘ کیونکہ دل تو میں اپنے دلدار کو پہلے ہی دے بیٹھی ہوں البتہ ایک گردہ بالکل فارغ ہے جبکہ میرا سابقہ کام تو سارے کا سارا ہی بڑے دل گردے کا ہے اور اگرچہ ایدھی صاحب کی عمر تو ایسے کاموں کی نہیں ہے؛ تاہم مرد تو کہتے ہیں کہ کبھی بوڑھا نہیں ہوتا‘ صرف اس کا دل جوان ہونا چاہیے جس کے ساتھ پرانا گردہ مل کر تسلی بخش نتائج دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''میں ایدھی کے لیے اپنی جان بھی قربان کر سکتی ہوں‘‘ لیکن پہلے میں وزیراعظم بننا چاہتی ہوں کیونکہ میں سیاست میں آنا چاہتی ہوں اور سیاست میں آدمی وزیراعظم بننے کے لیے ہی آتا ہے تربوز بیچنے کے لیے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''ایدھی صاحب سے ملنے کی برسوں پرانی خواہش پوری ہوئی ہے‘‘ البتہ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ایدھی صاحب کو بھی مجھ سے ملنے کی خواہش تھی یا نہیں‘ اور‘ اگر تھی تو کافی پرانی ہی ہوگی کیونکہ وہ خود بھی ماشاء اللہ بہت پرانے ہیں۔ آپ اگلے روز کراچی میں اپنے شوہر کے ہمراہ عبدالستار ایدھی کی عیادت کر رہی تھیں۔ 
مہنگائی پر قابو پا لیا‘ ملک دیوالیہ 
نہیں ہوگا... اسحق ڈار 
وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ ''مہنگائی پر قابو پا لیا‘ ملک دیوالیہ نہیں ہوگا‘‘ اور یہ بات بے شک غریبوں سے پوچھ لیں کیونکہ غریب لوگ تو تکلفاً خودکشیاں وغیرہ کر رہے ہیں بلکہ وسائل کی زیادتی کی وجہ سے ایسا کرنے پر مجبور ہیں جو ان سے سنبھالے نہیں جا رہے البتہ امیر لوگوں کو مہنگائی کچھ کچھ ضرور محسوس ہو رہی ہے نیز ملک کے دیوالیہ ہونے کا سوال کیسے پیدا ہو سکتا ہے جب اس کے لیڈروں کا اربوں کھربوں روپیہ بیرون ملک بینکوں میں محفوظ پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب تک پہنچ گئے ہیں‘‘ جو سراسر غریبوں کی ملکیت ہیں اور جسے وہ ہر وقت خرچ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''تھری جی اور فور جی سپیکٹرم کی نیلامی سے 150 ارب روپے مزید حاصل ہوں گے‘‘ اور انشاء اللہ اسی کھاتے میں چلے جائیں گے جس میں باہر سے آنے والے اربوں روپے جاتے رہے ہیں‘ نیز ٹھیک ٹھاک چلنے والی صنعتیں بھی نجکاری کے ذریعے نیلام کی جائیں گی‘ اس کے بعد پورے ملک کی نجکاری کے بارے میں بھی سوچا جا سکتا ہے۔ آپ اگلے روز قومی اسمبلی میں خطاب کر رہے تھے۔ 
نذیر حق
صحافتی حلقوں میں سینئر صحافی نذیر حق کے انتقال کی خبر نہایت افسوس کے ساتھ سنی گئی۔مجھے روزنامہ ''پاکستان‘‘ میں ان کے کام کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ نہایت بے غرض ، فرض شناس اور ایماندار شخصیت کے حامل تھے۔ایسے لوگ اب بہت کم باقی رہ گئے ہیں۔اللہ تعالیٰ انہیں غریق رحمت کرے اور ان کے پس ماندگان کو صبر کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
آج کا مقطع 
جو کہنا چاہتا تھا میں سبھی کچھ کہہ چکا ہوں 
مگر‘ پھر بھی‘ مری تقریر آدھی رہ گئی ہے 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں