سلامتی کے تحفظ کے لیے پوری
طرح پُرعزم ہیں... نوازشریف
وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ''سلامتی کے تحفظ کے لیے پوری طرح پُرعزم ہیں‘‘ تاہم یہ کام بھی ہچکچاتے ہوئے ہی کیا ہے کیونکہ بجلی بحران حل کرنے سمیت ماضی میں جن جن کاموں میں پُرعزم ہونے کا اعلان کیا تھا وہ بدستور اسی طرح پڑے ہیں۔ اس لیے آئندہ کے لیے یہی پروگرام بنایا گیا ہے کہ کسی بھی کام کے لیے پُرعزم رہنے کا اعلان نہ کیا جائے اور مذاکرات وغیرہ کی طرح سارا کام تقدیر پر چھوڑ دیا جائے کیونکہ ملک بھی اپنے آپ ہی چل رہا ہے جس کے بارے میں کسی نے خوب کہہ رکھا ہے کہ یہ گاڑی ؎
کمالِ ڈرائیور نہ انجن کی خوبی
خدا کے سہارے چلی جا رہی ہے
انہوں نے کہا کہ '' فیصلے ملکی مفاد میں کریں گے‘‘ اور یہ بات کہنے کی ضرورت بھی اس لیے پیش آئی ہے کہ ماضی میں بعض فیصلے ایسے بھی ہوئے جو ملکی مفاد میں نہیں تھے؛ تاہم ملک کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا‘ ہیں جی؟ آپ اگلے روز اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
توانائی کے حل کے لیے عوام کو
جواب دہ ہیں... شہباز شریف
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''توانائی کے حل کے لیے عوام کے سامنے جواب دہ ہیں‘‘ جیسا کہ ہر بار نیا وعدہ کر کے جواب دے دیتے ہیں کیونکہ جواب ہمارے پاس پہلے ہی موجود ہوتا ہے جس کے لیے ایک وزارتِ جوابات بھی قائم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''ہم عوام کو شرمندہ نہیں کریں گے‘‘ کیونکہ عوام کو شرمندہ ہونے کی پہلے ہی عادت پڑی ہوئی ہے اس لیے ہمیں یہ تکلف روا نہیں رکھنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ ''32 ارب ڈالر کے پیکیج کا اعلان کر کے چین نے حقِ دوستی ادا کیا‘‘ اس لیے باقی دنیا کو بھی دامے‘ درمے‘ سخنے اس طرح کی امداد کرنی چاہیے کیونکہ ہم تو سب کو اپنا دوست سمجھتے ہیں اور انہیں مدد کر کے ثواب حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں تاکہ ان کے لیے عاقبت کسی قدر آسان ہو جائے اور وہ کچھ ثواب کما سکیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں جدید انرجی پارک کا دورہ کر رہے تھے۔
وزیراعلیٰ کے غیر ملکی دوروں کی
فہرست مذاق بن گئی ہے... منظور وٹو
پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد خان وٹو نے کہا ہے کہ ''وزیراعلیٰ کے غیر ملکی دوروں کی فہرست ایک مذاق بن چکی ہے‘‘ جبکہ ہم نے اپنے دور میں جو ایک ہی کام کیا تھا‘ پوری سنجیدگی سے کیا تھا اور خون پسینے کی یہ کمائی ایک مثال بن کر رہ گئی تھی کہ کام اگر سنجیدگی اور یکسوئی سے کیا جائے تو اس کے نتائج کس قدر تسلی بخش نکلتے ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی نہایت تسلی بخش رہتے ہیں کیونکہ ہم نے پیچھے مڑ کر کبھی نہیں دیکھا اور ہمیشہ مستقبل پر نظر رکھی کہ دونوں فریقوں نے احتساب وغیرہ تو ایک دوسرے کا کرنا ہی نہیں ہے‘ اس لیے کام کو اطمینان بخش طریقے سے نمٹایا جائے ؛ چنانچہ اسی سلسلے میں متعدد ریکارڈز بھی قائم کیے گئے اور عوام نے ہمارے سرکردہ لیڈروں کو مختلف انعامات سے بھی نوازا جس کے لیے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''پاور کمپنیوں کی طرف سے وارننگ جاری ہونے سے حکومتی دعووں کی قلعی کھل گئی ہے‘‘ جبکہ ہماری قلعی آج تک نہیں کھلی حالانکہ ہم سب کچھ علی الاعلان کر رہے تھے۔ آپ اگلے دن لاہور سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
وزیراعلیٰ کے اقدامات سے لوگ مستفید ہو رہے ہیں... ملک ندیم
صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر حاجی ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ
''وزیراعلیٰ کے اقدامات سے لوگ مستفید ہو رہے ہیں‘‘ اگرچہ وہ اس کا اظہار نہیں کرتے کیونکہ وہ ذرا مختلف طریقوں سے یہ استفادہ کر رہے ہیں اور لوگوں کو اس لیے نہیں بتاتے کہ کہیں رِیس نہ پڑ جائے اور عام لوگ بھی کشکول اٹھا کر آ کھڑے ہوں جبکہ حکمران پہلے خود‘ پھر خویش اور پھر درویش کے فارمولے پر یقین رکھتے ہیں اس لیے یوں سمجھیے کہ ابھی درویشوں کی باری نہیں آئی‘ شاید اس لیے کہ خویش بھی سارے کے سارے درویش بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''وزیراعلیٰ پنجاب کی غریب دوست پالیسیوں سے عوام کو بہت فائدہ پہنچ رہا ہے‘‘ کیونکہ انہیں باقاعدہ مالا مال کیا جا رہا ہے تاکہ وہ آئے دن لائن میں لگے رہیں اور اپنے حصے کی خیرات حاصل کر کے چین کی بنسری بجاتے رہیں تاکہ اس سے ان کے ذوقِ موسیقی کی تسکین بھی بجا طور پر ہوتی رہے۔ آپ اگلے روز ضلع کونسل ہال شیخوپورہ میں تقسیم انعامات کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
آج کا مطلع
جس نے نفرت ہی مجھے دی نہ ظفرؔ پیار دیا
میں نے سب کچھ اسے کیوں ہار دیا وار دیا