"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں اُن کی‘ متن ہمارے

آئین کی بالادستی کے حلف پر آنچ
نہیں آنے دوں گا... نوازشریف 
وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ''آئین کی بالادستی کے حلف پر آنچ نہیں آنے دوں گا‘‘ اور جس کا مطلب یہ بھی ہے کہ اعلیٰ حکومتی عہدے داروں کے خلاف پرچہ درج نہیں ہو سکتا کیونکہ اگر ایسا ہوا اور وہ تھانے کچہری میں تاریخیں بھگتتے رہے تو ملک پر حکومت کون کرے گا جو اتنے جتنوں سے حاصل کی گئی ہے‘ ہیں جی؟ انہوں نے کہا کہ ''حکومتیں آنی جانی چیز ہیں‘ گھبرانے والا نہیں‘‘ البتہ اس کے ساتھ اگر ڈنڈا بھی آ گیا تو یہ صرف حکومت کا جانا نہیں ہوگا بلکہ اور بھی بہت سے اقدامات ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''جمہوری نظام میں خلل ڈالنے والوں کا محاسبہ کریں گے‘‘ بشرطیکہ اس سے پہلے ہمارا محاسبہ نہ شروع کردیا گیا جس کے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''ہم کسی سے گھبرانے والے نہیں‘‘ اور‘ اس کا نتیجہ ہم پہلے بھی بھگت چکے ہیں۔ آپ اگلے روز قومی اسمبلی سے خطاب کر رہے تھے۔ 
احتجاجی دھرنوں سے ترقیاتی منصوبوں کو 
غیر معمولی نقصان پہنچا... شہباز شریف 
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ''احتجاجی دھرنوں سے ترقیاتی منصوبوں کو غیر معمولی نقصان پہنچا‘‘ اور یہ نقصان کیا کم تھا جو اوپر سے میرے خلاف ایف آئی آر کاٹنے اور استعفے کا مطالبہ بھی کیا جا رہاہے‘ حالانکہ سانحہ ماڈل ٹائون میں میرا کوئی ہاتھ نہیں تھا‘ البتہ امن عامہ کے لیے میرے سٹاف آفیسر جناب نوید حیدر شیرازی سے بھی اس کی گواہی لی جا سکتی ہے جو دو ماہ کی رخصت پر سیر سپاٹے کے لیے کینیڈا جا چکے ہیں اور شاید کبھی واپس نہ آئیں بلکہ توقیر شاہ صاحب اور ان کی فیملی نے بھی پاسپورٹ بنوا لیے ہیں تاکہ ذرا آب و ہوا تبدیل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ''دھرنوں سے میٹروبس میں تاخیر ہو گئی ہے‘‘ اور جن جن لوگوں نے اس سلسلے میں خدمت کر رکھی تھی وہ ہماری گردن پر سوار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے‘‘ جبکہ ہمارا چھابہ الٹانے کے منصوبے پر بھی اسی رفتار سے کام جاری ہے لیکن ہم ڈٹے ہوئے ہیں کہ اور نہیں تو سیاسی شہادت تو حاصل ہو جائے گی۔ آپ اگلے روز بیجنگ میں ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ 
اگر میڈیا 24 گھنٹے کے لیے بند ہو جائے
تو سب ٹھیک ہو جائے گا... فضل الرحمن 
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''اگر میڈیا 24 گھنٹوں کے لیے بند ہو جائے تو سب ٹھیک ہو جائے گا‘‘ بلکہ اگر مستقل طور پر بند کردیا جائے تو سب کچھ مستقل طور پر ہی ٹھیک ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ''میڈیا نے ہر طرف آگ لگا رکھی ہے‘‘ اور بعض عناصر اس جلتی آگ پر تیل ڈالنے میں مصروف ہیں جو بظاہر ڈیزل ہی لگتا ہے حالانکہ اس سے کئی مثبت کام بھی لیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''حکومت صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑے گی‘‘ اس لیے امپائر حضرات بھی مزید صبر سے کام لیں ورنہ ہمارے سمیت سب کی شامت آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ''دھرنے کے شرکاء کے خلاف طاقت کا استعمال ہرگز نہیں کیا جائے گا‘‘ کیونکہ پولیس نے تحریری حکم کے بغیر مظاہرین کے خلاف ایکشن لینے سے انکار کردیا ہے جو کہ بہت بُری بات ہے کیونکہ طاقت کا استعمال طاقت کا استعمال ہی ہوتا ہے خواہ وہ ازخود ہو یا حکومت کے کہنے پر۔ آپ اگلے روز پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ 
شہباز شریف کو اخلاقی طور پر 
مستعفی ہو جانا چاہیے... گیلانی 
سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ''شہباز شریف کو اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے‘‘ جیسا کہ میں بھی اخلاقی طور پر مستعفی ہونے ہی والا تھا لیکن عدالت نے جلد بازی کی اور مجھے نااہل قرار دے دیا‘ اس لیے ہم نے اخلاقیات کی جو روشن مثالیں اپنے دور میں قائم کی ہیں‘ موجودہ حکومت کو ان سے سبق حاصل کرنا چاہیے ورنہ سبق سکھانے والے خود ہی آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ''حکومت بند گلی میں پھنس چکی ہے‘‘ جو ہمارے لیے بطور خاص باعثِ طمانیت ہے اور اس سلسلے میں ہمارے خیالات روز بروز واضح سے واضح تر ہوتے جا رہے ہیں اور آئندہ چند دنوں میں یہ معاملہ اور بھی صاف ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ''وزیراعظم کو عوامی رائے ماننا پڑے گی‘‘ جبکہ اب تو اس رائے کے ساتھ ہماری رائے بھی شامل ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''ہم آئین کا تحفظ کریں گے‘‘ اور یہ بات سب کو معلوم ہے کہ ہم اگر اپنی آئی پر آ جائیں تو کچھ بھی کر کے دکھا سکتے ہیں جبکہ ہم اپنے دور میں کافی کچھ کر کے دکھا بھی چکے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ 
میرے تو فرشتوں کو بھی نہیں پتہ
ماڈل ٹائون میں کیا ہوا... سعد رفیق 
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ''میرے تو فرشتوں کو بھی نہیں پتہ‘ ماڈل ٹائون میں کیا ہوا‘‘ اسی طرح میاں شہباز شریف کے فرشتے بھی اس سے مکمل طور پر بے خبر تھے کیونکہ جب سے بادشاہت قائم ہوئی ہے انہوں نے فرشتوں کی ویسے بھی چھٹی کرا رکھی ہے یعنی جب سے فرشتوں نے انتخابات میں اپنے کمالات دکھائے ہیں‘ حکومت کو ان کی مزید ضرورت نہیں رہی تھی‘ اسی طرح میرے فرشتے بھی فارغ چلے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''عمران خان وزیراعظم کو اس او ایس ڈی بنانا چاہتے ہیں‘‘ حالانکہ انہیں معلوم نہیں کہ نوازشریف او ایس ڈی ہونے کے بعد بھی وزیراعظم ہی رہیں گے جیسا کہ توقیر شاہ صاحب فارغ ہونے کے بعد بھی اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''ہم جمہوریت اور مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں‘‘ اور جمہوریت اور مذاکرات جس حالت کو پہنچ چکے ہیں‘ اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں ہے بلکہ جمہوریت اور مذاکرات کا اپنا ہے اور یہ بات ساری دنیا پر اچھی طرح واضح ہو چکی ہے۔ آپ اگلے روز قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دے رہے تھے۔ 
آج کا مقطع 
ہمارا عشق رواں ہے رکاوٹوں میں، ظفرؔ 
یہ خواب ہے کسی دیوار سے نہیں رکتا

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں