ملک کو چھ ماہ میں پولیو سے پاک
کردیں گے... نوازشریف
وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ '' چھ ماہ میں ملک کو پولیو سے پاک کردیں گے ‘‘ اور چھ ماہ کی یہی میعاد ہم نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے بھی دی تھی لیکن وہ چھ ماہ اتنی جلد ختم ہوگئے کہ پتا ہی نہ چلا اور جب سے ہم اقتدار میں آئے ہیں وقت ہی اتنی تیز رفتاری سے چل رہا ہے کہ ہم خود حیران ہیں اور اس کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ چونکہ پٹرول وغیرہ ہم نے سستا کردیا ہے، اس لیے وقت نے بھی سپیڈ پکڑ لی ہے جبکہ یہی عالم ترقی کا ہے جس کی رفتار صرف دھرنوں کی وجہ سے ماند پڑی ہے ورنہ یہ بھی پہلے سرپٹ بھاگ رہی تھی، ہیں جی ؟ انہوں نے کہا کہ '' انسداد دہشت گردی کے ادارے کو فعال بنایا جائے گا‘‘ کیونکہ اسے فعال نہ بنانے کی وجہ سے اب تک جو تباہی آئی ہے ہمارے خیال میں اس کو کافی سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ''ہر بچے کو ویکسین پلائی جائے‘ کسی بچے کو معذور نہیں دیکھ سکتا‘‘ یہی وجہ ہے کہ میں ہر معذور بچے کو دیکھ کر آنکھیں بند کرلیتا ہوں اور صرف کھانے پینے کے دوران ہی کھولتا ہوں اور ہدایت بھی یہی ہے کہ جس وقت میری آنکھیں کھلی ہوں کسی معذور بچے کو میرے سامنے نہ لایاجائے ۔ آپ اگلے روز سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔
موثر حکومتی اقدام سے عاشورہ پر امن وامان
کی صورتحال بہتر رہی ... شہبازشریف
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ '' موثر حکومتی اقدامات سے عاشورہ پر امن وامان کی صورت حال بہتر رہی ‘‘ کیونکہ دہشت گرد حضرات ویسے بھی پنجاب پر ہاتھ ذرا ہلکا ہی رکھتے ہیں اور ہم بھی ان کے خلاف کوئی خاص کارروائی نہیں کرتے کہ وہ ہمیں کچھ نہ کہیں اور باقی ملک میں جو جی میں آئے کرتے رہیں جبکہ ان حضرات نے حالیہ انتخابات میں بھی بڑھ چڑھ کر ہمارا ساتھ دیا تھا بلکہ اکثر مقامات پر انتخابی مہم کے دوران بھی ہمارے ساتھ ساتھ رہے بلکہ سٹیج پر بیٹھے بھی پائے گے لہٰذا ہماری طرف سے احسان فراموشی کا مظاہرہ کیونکر ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''ترک کمپنی کے صاف پانی کے منصوبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کے اظہار کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں‘‘ بلکہ جو کچھ جہاں سے بھی ملے ، ہم پورے خشوع و خضوع سے اس کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ سارا سرمایہ تو ملک سے باہر پڑا ہے۔ اس لیے مانگے تانگے پر ہی گزارا کیا جارہا ہے کہ جو دے اس کا بھلا اور جو نہ دے اس کا بھی بھلا ع
اور درویش کی صدا کی ہے
آپ اگلے روز لاہور میں ایک بریفنگ میں حصہ لے رہے تھے۔
عمران خان دھاندلی کا رونا روتے ہیں
لیکن ثبوت پیش نہیں کرتے... زعیم قادری
پنجاب اسمبلی کے رکن اور نواز لیگ کے رہنما سید زعیم قادری نے کہا ہے کہ '' عمران خان دھاندلی کا رونا تو روتے ہیں لیکن ثبوت پیش نہیں کرتے‘‘ کیونکہ جو پولنگ سٹیشن دوبارہ کھولے گئے ہیں اور وہاں فہرست میں درج ووٹوں سے زیادہ ووٹ پڑ گئے ہیں تو یہ خدا کی قدرت اور برکت کی وجہ سے ہے، نیز جن تھیلوں سے کچرا اور ردی برآمد ہوئی ہے، ہم خالی کیوں ضائع کرتے بلکہ وہ اچھے داموں فروخت بھی ہوسکتی تھی اور جہاں تک جعلی ووٹوں کا تعلق ہے تو اس سے کیا فرق پڑا ہے کیونکہ ووٹ تو ووٹ ہی ہوتا ہے وہ اصلی ہو یا جعلی۔ انہوں نے کہا کہ '' عوام عمران خان کی اصلیت پہچان چکے ہیں ‘‘ اور ان کی اصلیت مزید پہچاننے کے لیے ہی وہ جوق در جوق ان کے جلسوں میں شریک ہوتے ہیں جبکہ ہماری اصلیت وہ تاصبحِ قیامت نہیں پہچان سکتے کیونکہ ہمارے ہاں اصلیت جیسی کوئی فضول چیز پائی ہی نہیں جاتی۔ انہوں نے کہا کہ ''عمران خان تنہا کھڑے ہیں ، کوئی ان کا ساتھ دینے کو تیار نہیں‘‘ ماسوائے عوام کے ، جن کی اپنی کوئی اہمیت نہیں کیونکہ الیکشن عوام کی مدد کے بغیر بھی جیتا جاسکتا ہے اور جو ہم نے کرکے دکھا بھی دیا ہے اور ساری دنیا ہکا بکا رہ گئی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک بیان جاری کررہے تھے۔
دہشت گردی کے خلاف حکومت سے
تعاون کرنے کو تیار ہیں ... شاہ محمود قریشی
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ '' دہشت گردی کے خلاف حکومت سے تعاون کرنے کو تیار ہیں ‘‘ اگرچہ ہم حکومت کو تسلیم نہیں کرتے لیکن ہمارے خیال میں تعاون کرنے کے لیے تسلیم کرنا ضروری نہیں ہوتا جیسا کہ ہمارے پرویز خٹک صاحب وزیراعظم کو تسلیم نہ کرتے ہوئے بھی ان کے اجلاس میں شریک ہونے کے لیے چلے گئے تھے اور طوعاً و کرہاً ان سے پُرجوش مصافحہ بھی کرڈالا تھا کیونکہ مخالفت اپنی جگہ ہوتی ہے اور ملاقاتیں اپنی جگہ۔ انہوں نے کہا کہ '' پارلیمنٹ میں صرف خوشامدی لوگ موجود ہیں ‘‘ حالانکہ خوشامد پارلیمنٹ سے باہر رہ کر بھی کی جاسکتی ہے اور اگر میں ویزے کے بغیر بھارتی سرحد عبور کرسکتا ہوں تو کوئی چیز بھی ناممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''اپوزیشن اپنا کردار ادا نہیں کررہی‘‘ جبکہ ہم اللہ کے فضل سے دھرنا بھی دے رہے ہیں اور سپریم کورٹ کے جوڈیشل کمیشن پر بھی تیار ہوگئے ہیں اور استعفے بھی منظور نہیں ہونے دے رہے کیونکہ آدمی اگر کردار ادا کرے تو بھرپور طریقے سے کرے جبکہ نیم دلانا کردار کوئی کردار نہیں ہوتا اور ابھی مستقبل میں مزید بھرپور کردار ادا کرنے والے ہیں۔ آپ اگلے روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔
ہم نے لانگ مارچ کیا تو ہر طرف گو نواز گو
کے نعرے لگیں گے... بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ '' ہم نے لانگ مارچ کیا تو ہر طرف گو نواز گو کے نعرے لگیں گے‘‘ مگر ابا جان نے ہمیں لانگ مارچ کرنے سے منع کررکھا ہے تاکہ مقدمات وغیرہ کا فیصلہ ہوجائے، ویسے انہوں نے مجھے گرما گرم بیانات دینے کا اختیار دے رکھا ہے اور خود اپنی شہرۂ آفاق مفاہمتی پالیسی پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ '' حکومت اپنے گھر سے احتساب کا عمل شروع کرے‘‘ کیونکہ جب وہ اپنے پیسے باہر سے لے آئیں گے تو ہم بھی لے آئیں گے کیونکہ ان کی طرح ہماری بھی خون پسینے کی کمائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ '' نیب کے ادارے کو ختم کرنا ضروری ہے‘‘ بشمول سابق وزرائے اعظم جملہ شریف آدمیوں کا جس نے جینا حرام اور خون خشک کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ '' حکومت انتقامی کارروائیاں بند کرے‘‘ کیونکہ گڑے مردے اکھاڑنا انتقامی کارروائی ہی تو ہوتی ہے لیکن کیا کیاجائے کہ یہ لوگ مردوں کا بھی احترام نہیں کرتے تو زندوں کا کیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ''حکومت اپنے وزراء کا احتساب کرے ‘‘ جبکہ اس نے ہمارے عاجز مسکین سابق وزراء پر ظلم کے پہاڑ توڑنے شروع کررکھے ہیں۔ آپ اگلے روز حسب معمول ٹوئٹر پر ایک پیغام نشر کررہے تھے۔
آج کا مقطع
نالاں تھی جس کے نام سے خلق خدا‘ ظفرؔ
دنیا میں تو ہی اس کا طلب گار کیوں ہوا