"ZIC" (space) message & send to 7575

کچھ رسالے‘کچھ کتابیں

احمد سلیم کی ادارت میں کراچی سے کتابی سلسلہ ''اجراء‘‘ کا 19واں شمارہ شائع ہو گیا ہے۔ کراچی کے اعلیٰ درجے کے معیاری پرچوں میں یہ جریدہ ایک امتیاز کا حامل ہے جبکہ اسے صف اول کے ادیبوں کی نگارشات میسر ہیں۔ موجودہ شمارہ کوئی پونے چھ سو صفحات پر مشتمل ہے جس کی قیمت500روپے رکھی گئی ہے جبکہ اس میں ادب کی ہر صنف کی نمائندگی موجود ہے جن میں نظمیں‘غزلیں‘ نثری نظمیں‘ افسانے‘ مضامین، ناول کی ایک قسط‘ گوشہ‘ سفر نامہ‘ طنزومزاح‘ تبصرے اورتراجم شامل ہیں۔قیمت قدرے زیادہ ہونے کے باوجود یہ رسالہ اس قابل ہے کہ اسے خرید کر پڑھا جائے جبکہ چیدہ چیدہ تخلیق کاروں میں طاہرہ اقبال‘ آفتاب اقبال شمیم‘ امجد اسلام امجد‘ شاہین مفتی ،نصیر احمد ناصر‘ سلیم بہزاد‘ محمد عمر میمن‘ خالد اقبال یاسر‘ جلیل عالی‘ ندا فاضلی‘ رشید امجد‘ سمیع آہوجا‘ محمد سعید شیخ‘ انور شعور ‘ صابر ظفر ‘ سلیم کوثر ‘ احمد صغیر صدیقی ‘ ابرار احمد اور محمد حمید شاہد شامل ہیں۔
ماہ نو
یہ سرکاری ماہنامہ صفدر بلوچ کی ادارت میں لاہور سے شائع ہوتا ہے جس میں امجد اسلام امجد ،غلام حسین ساجد‘ یونس جاوید‘ ناصر زیدی‘ کرامت بخاری‘ زاہد حسین اورسلمیٰ اعوان وغیرہ کی نگارشات شامل کی گئی ہیں۔پرچہ اعلیٰ درجے کے کاغذ پر چھپتا ہے اور اس کی سب سی ڈائزڈ قیمت30روپے رکھی گئی ہے۔ ٹائٹل پر ایک دھماکے کی تصویر شائع کی گئی ہے جبکہ اس کے دیگر معاونین اور معتبرین میں شفقت جلیل‘ ثمینہ وقار‘ عنبرین گل شاہدہ‘ شبیہ عباس‘ صائمہ بٹ ‘ قرۃ العین فاطمہ‘ وقاص اندرابی ‘ محمد یونس ،ضوریز اختر اورسید ارتضیٰ نقوی شامل ہیں۔
الحمراء
یہ ماہ نامہ لاہور سے شاہد علی خاں شائع کرتے ہیں۔ اس کی قیمت 100روپے رکھی گئی ہے اور اشاعت کے لحاظ سے یہ لاہور کے باقاعدہ ترین جرائد میں شمار ہوتا ہے۔موجودہ شمارہ رفتگان نمبر ہے جس میں ظفر علی خاں‘ ڈاکٹر وزیر آغا اور تنویر نقوی پر خصوصی مضامین شائع کئے گئے ہیں۔ تخلیق کاروں میں جسٹس(ر) جاوید اقبال‘ انور سدید‘فتح محمد ملک‘ ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی‘ جمیل یوسف‘ ناصر زیدی ‘ تنویر ظہور‘ پروفیسر غلام جیلانی اصغر‘ بریگیڈئر (ر) حامد سعید اختر‘ نیلم احمد بشیر‘ اسلم انصاری‘ اعزاز احمد آذر ‘ صفدر سلیم سیال‘ اسد محمد خاں‘ ستیہ پال آنند‘ پروفیسر مظفر بخاری‘ امجد اسلام امجد‘ سلیم آغا قزلباش ‘ مسعود مفتی‘ بشریٰ رحمن‘ اسلم کمال‘ طاہرہ اقبال‘ مشکور حسین یاد‘ قیصر نجفی ‘ کرشن کمار طور‘ پرتوروہیلہ‘ حسن عباسی‘ اسد محمد خاں اور دیگران شامل ہیں۔ حصہ رفتگاں میں علامہ اقبال‘ ابراہیم ذوق‘ حبیب جالب اور آغا شورش کاشمیری پر بھی خصوصی مضامین شامل ہیں۔
بیاض
ماہنامہ بیاض لاہور ،اس کے بانی مدیر خالد احمد کی یاد میں جاری و ساری ہے۔ تازہ شمارے کی قیمت 100روپے ہے۔ ٹائٹل پر قائد اعظم کی تصویر شائع کی گئی ہے۔لکھنے والوں میں آصف ثاقب‘ جلیل عالی‘ جمیل یوسف ‘کرامت بخاری‘ غافر شہزاد‘ ایوب خاور‘ حسن عسکری کاظمی‘ نعمان منظور‘ زاہد مسعود‘ بشریٰ رحمن‘ شوکت علی شاہ ‘ اعجاز رضوی ‘ سید مشکور حسین یاد‘ باقی احمد پوری‘ اعزازاحمد آذر ‘ نیلم احمد بشیر‘ اور دیگران شامل ہیں۔
عالمی گلرنگ ادب
اس کتابی سلسلے کے ہمیں دو شمارے موصول ہوئے ہیں جسے کراچی سے شاعر علی شاعر شائع کرتے ہیں۔624صفحات پر مشتمل شمارے کی قیمت400روپے فی پرچہ رکھی گئی ہے۔ مدیر خود شاعر ہیں جن کے متعدد مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔ اتنی ضخامت کے باوجود یہ رسالہ کراچی ہی سے شائع ہونے والے کتابی سلسلوں دنیا زاد‘آج‘ مکالمہ‘ زیست،' اجراء‘ اسالیب‘ اورکولاژ کے معیار سے لگا نہیں کھاتا حالانکہ یہ مسابقت کا زمانہ ہے۔سو، ہمارے دوست شاعر علی شاعر کو اس کے معیار پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
کہکشاں انٹرنیشنل
یہ سہ ماہی رسالہ راولپنڈی سے فرزانہ جاناں کی ادارت میں شائع ہوتا ہے جس کی قیمت 150روپے رکھی گئی ہے ۔اس کے لکھنے والوں میں رشید امجد ،سمیع آہو جا‘ سید کامی شاہ‘ محمد افسر ساجد‘ ڈاکٹر سید قاسم جلالی‘ کرنل سید مقبول حسین‘ سہیل غازی پوری‘ ناصر زیدی‘ بسمل صابری‘ جان کاشمیری ،آسناتھ کنول‘ اور جمیل یوسف نمایاں ہیں۔
پوشیدہ تری خاک میں...
یہ سفر نامہ اندلس ہے جسے ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی نے تحریر کیا ہے اور یہ ادارہ مطبوعات سلیمانی سے 300روپے میں دستیاب ہے۔ ضمیمے کے طور پر 'چند روز پیرس میں‘ کے عنوان سے بھی شامل ہے۔ اس کتاب کا دیباچہ مشفق خواجہ کا تحریر کردہ ہے جبکہ اس کا آغاز علامہ اقبال کی نظم''ہسپانیہ‘‘ سے کیا گیا ہے۔سرورق گولڈن ٹاور ،اشبییلہ، مسجد قرطبہ کی محراب‘ مسجد قرطبہ کا مینار‘ جبل الطارق ، الحمرا‘ مسجد قرطبہ کا فضائی منظر اور مدینۃ الزہرا کی تصاویر سے مزین ہے۔ پس سرورق پر سلیم منصور خالد لکھتے ہیں کہ یہ اقبالیاتی سفرنامہ نہ صرف دلچسپی سے پڑھا جائے گا۔بلکہ اس کی خوشبو مستقبل کی راہوں کو عطربیز بھی کرے گی۔
سید مبارک شاہ کی کتابیں
''بک ہوم‘‘ سے ہمارے دوست ناشر رانا عبدالرحمن نے ہمیں سید مبارک شاہ کی کتابوں کا ایک سیٹ ارسال کیا ہے جس میں ان کے تین مجموعے‘ مدارِ نارسائی میں‘ ہم اپنی ذات کے کافر‘ جنگل گمان کے‘ اور سفر نامہ برگد کی دھوپ میں ‘ شامل ہیں۔ شاعری سے زیادہ ان کتابوں کا گیٹ اپ خوبصورت ہے اور جو لوگ سفر نامے شوق سے پڑھتے ہیں انہیں 'برگد کی دھوپ میں ‘ ضرور پسند آئے گا۔240صفحات کو محیط سفر نامے کی قیمت500روپے رکھی گئی ہے جو بہت زیادہ ہے۔مدار نارسائی میں‘ کی قیمت500روپے بھی زیادہ ہے۔ باقی دونوں کتابیں تین تین سو کی ہیں۔
زمیں رنگ
یہ طاہرہ اقبال کے افسانوں کا مجموعہ ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے فکشن کی دنیا کا ایک بہت بڑا نام بن گیا ہے۔ اسے دوست پبلی کیشنز اسلام آباد۔ لاہور نے شائع کیا ہے اورکم و بیش 2½سو صفحات کو محیط اس کی قیمت ساڑھے تین سو روپے رکھی گئی ہے۔ اور ملکانیوں کی وراثت سے منحرف طاہرہ اقبال کے عنوان سے اس کا دیباچہ پروفیسر انوار احمد نے لکھا ہے اور اس کا انتساب امی جی جمیلہ خاتون کے نام اور اس دھرتی ماں کے نام جس کے مختلف خطوں اور معاشرتوں نے ان افسانوں کو اپنے ست رنگی پانیوں سے سینچا‘ ہے۔ اس میں کل18افسانے ہیں اور اس کتاب کا پس سرورق مشرف عالم ذوقی نے لکھا ہے۔ آپ کی لائبریری کے لیے ایک ضروری کتاب!
آج کا مطلع 
وہ ایک طرح سے اقرار کرنے آیا تھا 
جو اتنی دور سے انکار کرنے آیا تھا

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں