ہمارا ایکشن پلان دہشت گردوں کو تباہ و برباد
کر کے رکھ دے گا... نوازشریف
وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ''ہمارا ایکشن پلان دہشت گردوں کو تباہ و برباد کردے گا‘‘ بس ذرا اس پر عملدرآمد ہونے کی دیر ہے جس کا فی الحال تو کوئی سر پیر نظر نہیں آتا؛ چنانچہ اس پر ایک اور اے پی سی بُلا لی ہے اور دنیا دیکھے گی کہ ہم اے پی سیز بُلا بُلا کر ہی ان کا ناک میں دم کر دیں گے اور ایکشن پلان پر عملدرآمد کی ضرورت ہی نہیں رہے گی‘ ہیں جی؟ انہوں نے کہا کہ ''جنگ میں کوئی غیر جانبدار نہیں رہ سکتا‘‘ بلکہ کچھ لوگ دہشت گردوں کے خلاف ہوں گے اور کچھ حق میں‘ کیونکہ پرانے تعلق کو ایک دم ختم نہیں کیا جا سکتا‘ اور نہ ہی کرنا چاہیے کہ آخر وضعداری بھی کوئی چیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''دہشت گرد خوف کی فضا پیدا کر کے ہمارے رویے کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘‘ مزہ تو جب ہے کہ وہ یہ کام خوف کی فضا پیدا کیے بغیر کر کے دکھائیں کیونکہ خوف میں تو ہر رویہ قدرتی طور پر ہی تبدیل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''اس میں انہیں کامیابی نہیں ہوگی‘‘ اور اگر ہو بھی گئی تو یہ کوئی کامیابی نہیں ہوگی‘ نہ ہم اسے کامیابی تسلیم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ''رینجرز اہلکاروں کی شہادت کا معاملہ بھارت کے ساتھ اٹھایا جائے‘‘ لیکن ایسا نہ ہو کہ یہ معاملہ اقوام متحدہ یا عالمی عدالت میں اٹھا دیا جائے کیونکہ ہمسایوں کو بدنام کرنا کوئی اچھی بات نہیں ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
حکومت نے پٹرولیم کی قیمتیں کم کر کے عوام
کے دل جیت لیے ہیں... شہبازشریف
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ''حکومت نے پٹرولیم کی قیمتیں کم کر کے عوام کے دل جیت لیے ہیں‘‘ جبکہ اس کی مصنوعات پر جی ایس ٹی میں اضافہ کر کے ان کے گُردے اور پھیپھڑے وغیرہ بھی جیت لیے ہیں کیونکہ جملہ اعضائے رئیسہ کا جیتنا ہی ضروری ہوتا ہے اور سب کے ساتھ یکساں سلوک کرنا چاہیے جیسا کہ ہم کرپٹ افسروں کے دل وغیرہ‘ ان کی ترقیوں سے جیتتے رہتے ہیں جس سے ان میں خوداعتمادی پیدا ہوتی ہے اور اس طرح کرپشن میں اپنے آپ ہی کمی آنے لگتی ہے کیونکہ انہیں ویسے بھی اُس وقت مزید کرپشن کی ضرورت نہیں رہتی۔ انہوں نے کہا کہ ''رواں سال خادم پنجاب گرین روڈز پروگرام شروع کیا جائے گا‘‘ جس کا اصل نام سبز قدم پروگرام ہونا چاہیے کیونکہ انگریزی کی بجائے قومی زبان کو ترجیح دینی چاہیے کیونکہ اگر آج تک ہم ایک قوم نہیں بن سکے تو قومی زبان کی حوصلہ افزائی تو کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''سٹیزن فیڈ بیک ماڈل کا دائرہ کار بڑھا دیا جائے گا‘‘ کیونکہ اگر حکومتی افراد کے کاروبار کا دائرہ کار روز بروز بڑھ رہا ہے تو ہر شعبے کا بڑھنا چاہیے اور جہاں تک ہو سکے مساوات کا بول بالا ہونا چاہیے جیسا کہ غریبوں اور زیادہ غریبوں کے سلسلے میں روا رکھا جا رہا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
آئین میں ترمیم کر کے فوجی عدالتوں کا
قیام خطرناک ہو سکتا ہے... خورشید شاہ
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید علی شاہ نے کہا ہے کہ ''آئین میں ترمیم کر کے فوجی عدالتوں کا قیام خطرناک ہو سکتا ہے‘‘ کیونکہ اس کے ذریعے جملہ شرفاء کو پریشان کرنے کا سلسلہ بھی شروع ہو سکتا ہے‘ اس لیے بہتر یہی ہے کہ آئین میں ترمیم کے بغیر ہی انہیں قائم کردیا جائے تاکہ سپریم کورٹ بروقت اس کی خبر لے سکے۔ علاوہ ازیں گزارش ہے کہ آئندہ کسی اعلیٰ سطحی اجلاس میں آرمی چیف کو زحمت دینے سے پرہیز کیا جائے کیونکہ ان کی موجودگی میں ہمیں اخلاقاً ہر تجویز سے اتفاق کرنا پڑتا ہے تاکہ وہ یہ نہ سمجھیں کہ یہ سیاستدان کس قدر بے دید واقع ہوئے ہیں کہ ا جلاس میں بات مانتے ہیں اور بعد میں مُکر جاتے ہیں‘ حالانکہ ہم محض قومی مفاد میں ایسا کرتے ہیں اور یہ سلسلہ ماشاء اللہ جنرل پرویز مشرف سے شروع ہو کر اب تک جاری و ساری ہے اور ہر جگہ قومی مفاد ہی کا بول بالا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''دہشت گردی کے خلاف سخت قوانین کی ضرورت ہے‘‘ البتہ ان پر عملدرآمد تو حکومتی روایات کے مطابق ہی ہوگا کیونکہ ہمیں اپنی روشن روایات کا دامن کبھی ہاتھ سے چھوڑنا نہیں چاہیے جیسا کہ ہم نے اپنے عہدِ اقتدار میں اپنی روایات کو مضبوطی سے تھامے رکھا جبکہ وہ ہماری ہی نہیں موجودہ حکومت کی روایات بھی ہیں‘ بلکہ ان سنہری روایات کا آغاز بھی اُسی طرف سے ہوا تھا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
حکومت فوجی عدالتوں کا غلط استعمال روکنے
کے لیے پالیسی واضح کرے... زرداری
سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''حکومت فوجی عدالتوں کا غلط استعمال روکنے کے لیے اپنی پالیسی واضح کرے‘‘ کہ ہم جیسے معصوموں کو تو نہیں د ھر لیا جائے گا کیونکہ ایسا نہ ہو کہ چند روپے ملک سے باہر بھجوانے کو بھی مالی دہشت قرار دے کر ہمارا جینا حرام کردیا جائے جس کی زد میں خود حکومتی زعما بھی آئیں گے‘ اس لیے اس کے اپنے مفاد کا بھی تقاضا ہے کہ اس بارے مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کر لی جائیں اور ایسا نہ ہو کہ کفایت شعاری کے ذریعے اپنا پیٹ کاٹ کاٹ کر باہر بھجوائی جانے والی جمع پونجی سے بھی ہاتھ دھونا پڑیں اور لینے کے دینے پڑ جائیں کیونکہ پیسوں کی واپسی کے علاوہ کچھ اور بھی کیا جا سکتا ہے‘ اللہ معاف کرے! انہوں نے کہا کہ ''ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور جمہوریت بچانے کے لیے پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کی حمایت کی ہے‘‘ اور جمہوریت یعنی حکومت تو اب تک بچی ہوئی ہے البتہ دہشت گردی کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے جس کی کوئی کل بھی سیدھی نہیں ہے‘ بلکہ میری تجویز تو یہ ہے کہ اونٹوں پر بھی پابندی لگا دی جائے تاکہ نہ رہے بانس اور نہ بجے بانسری۔ آپ اگلے روز بلاول ہائوس کراچی میں خیبر پختونخوا کے پارٹی رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
آج کا مطلع
لرزشِ پردۂ اظہار کا مطلب کیا ہے
ہے یہ دیوار تو دیوار کا مطلب کیا ہے