"ZIC" (space) message & send to 7575

رسالے ہی رسالے

ماہِ نو
فروری کا یعنی تازہ ''ماہِ نو‘‘ زیر نظر ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ اس کے معیار پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جو اس کے مندرجات سے ظاہر ہے۔ لکھنے والوں میں انتظار حسین‘ ڈاکٹر محمد علی صدیقی‘ ڈاکٹر ضیا الحسن‘ سلمیٰ اعوان‘ امجد طفیل‘ ڈاکٹر فاطمہ حسن شامل ہیں جن کی وجہ سے حصۂ نثر خاصا وقیع ہو گیا ہے جبکہ شعبۂ شاعری میں اس خاکسار کے علاوہ شاہین‘ ناصر زیدی‘ کرامت بخاری‘ رفیع رضا‘ شہزاد بیگ اور دیگران ہیں۔ سرورق پر غالبؔ اور پس سرورق فیض احمد فیضؔ کی تصویر سے مزین‘ قیمت 50 روپے ہے۔
الحمرا
ماہ نامہ ''الحمرا‘‘ کا تازہ شمارہ بھی حسب معمول عین وقت پر موصول ہوا ہے جس کے لکھنے والوں میں پروفیسر حمید احمد خان‘ ڈاکٹر خورشید رضوی‘ ڈاکٹر انور سدید‘ جمیل یوسف‘ مسعود مفتی‘ بشریٰ رحمن‘ اسلم کمال‘ اعزاز احمد آذر‘ اسد محمد خاں‘ ڈاکٹر فاطمہ حسن‘ پروفیسر مظفر بخاری اور حصۂ شعر میں اس خاکسار کے علاوہ مشکور حسین یادؔ‘ رخشندہ نوید‘ محیط اسماعیل‘ ناصر زیدی و دیگران شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گوشۂ صابر لودھی ہے اور دیگر بہت کچھ۔ قیمت 120 روپے۔
افادہ
سید اذلان شاہ جو گوجرہ جیسی مضافاتی جگہ سے چند سال سے ایک معیاری رسالہ ''نزول‘‘ کے نام سے نکال رہے ہیں۔ اب وہ ''افادہ‘‘ کے نام سے ایک علمی ادبی جریدہ مارکیٹ میں لائے ہیں۔ سرورق نظم اور غزل کے نامور شاعر ایوب خاور کی تصویر سے سجا ہے۔ گوشۂ ایوب خا ور کے لکھنے والوں میں احمد ندیم قاسمی‘ شمس الرحمن فاروقی‘ اختر حسین جعفری‘ غلام حسین ساجد‘ گلزار‘ انور سجاد‘ مستنصر حسین تارڑ‘ امجد اسلام امجد اور شہزاد نیر شامل ہیں۔ حصۂ شعر میں یاسمین حمید‘ افسانوں میں رشید امجد‘ مضامین میں سعادت سعید اور غزلیات و نظمیں‘ قیمت 400 روپے ہے۔
کتاب
ماہنامہ ''کتاب‘‘ نیشنل بک فائونڈیشن کا پرچہ ہے جبکہ موجودہ شمارہ ماہ فروری اور مارچ کو محیط ہے۔ حصہ مضامین میں انتظار حسین‘ عطاالحق قاسمی‘ زاہدہ حنا اور دیگران شامل ہیں۔ شروع میں گوشہ غزل کیلنڈر کے حوالے سے ہے جو اس ادارے نے کچھ عرصہ پہلے شائع کیا ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں منعقد ہونے والی ادبی تقریبات کی رپورٹیں ہیں جن میں مردان‘ لاہور اور نوشہرہ میں منعقدہ کتاب میلوں کی روداد ہے‘ سنہری کہانیاں سے اقتباس‘ میرامن کی باغ و بہار سے اقتباس اور ان کے علاوہ بھی بہت کچھ‘ قیمت 50 روپے ہے۔
خیال و فن
لاہور اور دوحہ سے محمد ممتاز راشد کی زیر ادارت شائع ہونے والے اس رسالے کا یہ پردیس نمبر ہے جس میں زیادہ تر پردیس میں مقیم ادیبوں کی تخلیقات اور معاملات شامل ہیں۔ لکھنے والوں میں باقی احمد پوری‘ شفیق سلیمی و دیگران اور خلیج سے ایک شعری انتخاب شامل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں قطر اور سعودی عرب وغیرہ میں گزرے سال اور یادوں کے سلسلے میں مضامین شامل ہیں۔ ''پردیس‘‘ کے عنوان سے محمد ممتاز راشد کی ایک طویل نظم شامل ہے۔ ایڈیٹر اب قطر سے لاہور واپس آ چکے ہیں اور کلیات اور کالموں کا ایک مجموعہ بھی شائع ہو چکا ہے۔ قیمت فی شمارہ معہ ڈاک خرچ 70 روپے ہے۔
ترنجن
''پلاک‘‘ لاہور کی طرف سے ڈاکٹر صغریٰ صدف کی ادارت میں شائع ہونے والے اس ماہنامے کا یہ اکبر لاہوری نمبر ہے جو کہ پنجابی شعر و ادب کا ایک بڑا نام ہے اور جن کی تصویر سے سرورق کو سجایا گیا ہے۔ موصوف پر مضمون لکھنے والوں میں احمد ندیم قاسمی‘ اشفاق احمد‘ شفقت تنویر مرزا‘ راجہ رسالو‘ سبط الحسن ضیغم‘ رئوف شیخ‘ ناصر زیدی‘ فرخندہ لودھی اور دیگران شامل ہیں۔ ان پر نظمیں لکھنے والوں میں قتیل شفائی‘ محمد اقبال دیوانہ و دیگران شامل ہیں۔ اس کے علاوہ رپورٹیں ہیں‘ قیمت 100 روپے ہے۔
سرسبز
یہ رسالہ دھرم شالہ بھارت سے شاعر کرشن کمار طور نکالتے ہیں جس میں شاعری ہوتی ہے یا شاعری پر مضامین۔ اس لحاظ سے یہ ایک امتیازی حیثیت کا حامل ہے۔ اس شمارے میں واحد مضمون سید یحییٰ نشیط کا ہے جبکہ ''سیرِ باغِ بہشت‘‘ کے عنوان سے شیخ گلزار پر گوشہ ہے جن کا تعارف ایڈیٹر نے خود لکھا ہے اور ان کی اکٹھی غزلیں شامل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بے شمار شعرا کی غزلیں ہیں جن میں جمال نقوی‘ احمد صغیر صدیقی‘ ارمان نجمی‘ آصف ثاقب اور دیگران شامل ہیں۔ پرچے کی قیمت 40 روپے رکھی گئی ہے۔
ماہنامہ ادب دوست
اس کے تازہ شمارے میں خواجہ محمد ذکریا کا تفہیم بالِ جبریل کے عنوان سے مضمون ہے۔ اس کے علاوہ منیر نیازی کی شاعری پر سہیل احمد کا مضمون‘ خیال پور کا آدم خور کے عنوان سے شوکت علی شاہ کی خودنوشت‘ حسین احمد شیرازی کا طنزیہ‘ فقیر اللہ خان کا سفرنامہ نیویارک۔ حصۂ غزل میں اے جی جوش‘ اسلم گورداسپوری‘ باقی احمد پوری‘ کرامت بخاری‘ اختر شمار‘ جان کاشمیری‘ عرفان صادق جبکہ نظموں میں زہیر کنجاہی‘ ارشد نعیم‘ رفعت ناہید و دیگران ہیں‘ پنجابی کا حصہ الگ ہے‘ قیمت 20 روپے۔
سفید چھڑی
یہ رسالہ سرگودھا سے شیخ محمد اقبال نکالتے ہیں جو بصارت سے محروم ہونے کے باوجود اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے علاوہ شاعر بھی ہیں اور ایک مجموعۂ کلام بھی شائع ہو چکا ہے۔ مختلف مضامین کے علاوہ نظمیں غزلیں ہیں جن میں کرامت بخاری‘ حسن عسکری کاظمی‘ پروین سجل‘ شعیب جاذب کی تخلیقات ہیں جبکہ افسانہ قندیل نے لکھا ہے اور فیروز بخت کا خصوصی مضمون‘ قیمت 25 روپے ہے۔ یہ پرچہ نابینا افراد کی فلاح کے لیے نکالا گیا ہے۔
آج کامقطع
ہم اتنے عقل مند نہ ہوں گے مگر‘ ظفرؔ
کافی تھا اس کا ایک اشارہ کہ اب نہیں

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں