"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ان کی ، متن ہمارے

آج یومِ تکبیر ہے‘ اب معاشی
دھماکہ کریں گے... نوازشریف
وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ''آج یوم تکبیر ہے‘ اب معاشی دھماکہ کریں گے‘‘ جبکہ مہنگائی دھماکے اور لوڈشیڈنگ دھماکہ پہلے ہی کر چکے ہیں جو نہایت کامیابی سے جاری ہے کیونکہ یہ وہ دھماکے ہیں جو ماشاء اللہ جاری رہتے ہیں جبکہ جعلی بیانات کے دھماکوں کی گونج بھی روزانہ سنائی دیتی ہے اور ایگزیکٹ والوں نے بھی یہ آئیڈیا ہم سے مستعار لے کر کام شروع کیا تھا جو ہمارے کاروبار کی طرح اس قدر بابرکت ثابت ہوا کہ وارے نیارے ہو گئے جبکہ پکڑ دھکڑ تو ہوتی ہی رہتی ہے اور اگر اس سے ڈر کر آدمی ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھ جائے تو ذرا بھی ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ''دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کو اقتصادی لحاظ سے بھی مضبوط بنانا ہوگا‘‘ جیسا کہ اس کے اکثر سیاستدان اقتصادی لحاظ سے ناقابلِ تسخیر ہو چکے ہیں جبکہ اب اقتصادی راہداری کے خفیہ روٹ کی وجہ سے کچھ مزید حضرات بھی اقتصادی لحاظ سے کافی مضبوط ہو جائیں گے جو اس پر واقع صنعتی زونز سے ملحقہ اراضی خریدنے میں دن رات لگے ہوئے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں یوم تکبیر پر اپنا بیان جاری کر رہے تھے۔
وکلاء قتل کے مقدمہ کی نگرانی میں
خود کروں گا... شہبازشریف
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ''وکلاء قتل کے مقدمہ کی نگرانی میں خود کروں گا‘‘ جیسا کہ سانحۂ ماڈل ٹائون کے مقتولوں کے مقدمہ کی نگرانی میں نے خود کی تھی اور جس کے نہایت مثبت نتائج برآمد ہوئے تھے جو کہ کمیشن کی دوسری رپورٹ میں کچھ ضرورت سے زیادہ ہی مثبت ہو گئے تھے اور خاکسار سمیت رانا ثناء اللہ تک کو اس میں بے گناہ قرار دے دیا گیا تھا جنہیں ماشاء اللہ اب اسی وزارت پر بحال کیا جا رہا ہے تاکہ ایسے سرفروش عناصر کی حوصلہ افزائی ہوتی رہے۔ انہوں نے کہا کہ ''ڈی پی او سیالکوٹ کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا ہے‘‘ جس سے انہیں کافی عبرت حاصل ہوگی اور جس دوسرے ضلع میں انہیں بھیجا جائے گا وہ بھی اتنا ہی زرخیز ثابت ہوگا کیونکہ صوبے کے سارے اضلاع ماشاء اللہ ایک دوسرے سے بڑھ کر زرخیز ہیں اور انٹرویو کے وقت اور تقرری سے پہلے ہر ڈی پی او سے مکمل اور تفصیلی مفاہمت کر لی جاتی ہے کہ وہ ہر ماہ کس کس حد تک ہمیں اپنی دعائوں میں شامل رکھیں گے جب کہ یہ سارا معاملہ عزیزی حمزہ شہباز شریف کے سپرد ہے اور وہ اس سلسلے میں اپنے آپ کو پورا پورا اہل ثابت کر رہے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
پنجاب کو مالا مال کرنے کے لیے اقتصادی راہداری روٹ تبدیل کیا گیا... اسفند یارولی
نیشنل عوامی پارٹی کے صدر اسفند یارولی نے کہا ہے کہ ''پنجاب کو مالا مال کرنے کے لیے اقتصادی راہداری روٹ تبدیل کیا گیا‘‘ جبکہ ہمیں بھی مالا مال ہونے کا پورا پورا حق حاصل ہے جبکہ کالاباغ ڈیم کے مسئلے پر کسی حد تک خوشحالی کا منہ دیکھا تھا لیکن دیگر ملکی وسائل سے بھی ہمیں حصہ رسدی استفادے کا پورا پورا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''کاشغر گوادر روٹ میں تبدیلی کی گئی تو بغاوت کر کے مجوزہ منصوبے کو کالاباغ کی طرح دفن کردیں گے‘‘ اگرچہ پنجاب میں کالاباغ ڈیم کے احیاء کی پھر سے باتیں شروع ہو گئی ہیں جو ہمارے ہی ٹھوٹھے پر ڈانگ مارنے کے مترادف ہے کیونکہ پنجاب کے سیاستدانوں کی طرح ہمیں بھی خوشحال ہونے کا اتنا ہی حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''ایک صوبے کے لیے سندھ اور بلوچستان کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے‘‘ لیکن اس بکرے کے چپلی کباب کسی کو آسانی سے ہضم نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ''تحریک انصاف نے دو سال میں صوبے کی فلاح و بہبود کے لیے ایک دھیلے کا منصوبہ شروع نہیں کیا‘‘ جبکہ اگر ہمیں دوبارہ موقعہ ملا تو صوبے پر دھیلوں کی بارش کردیں گے۔ آپ اگلے روز چارسدہ میں بلدیاتی انتخاب کے سلسلے میں ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
ایگزیکٹ کا دھبہ تب ہی دُھلے گا جب اس کے کرداروں کو سزا ملے گی... حمزہ شہباز شریف
نواز لیگ کے مرکزی لیڈر اور رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ''ایگزیکٹ کا دھبہ تب ہی دُھلے گا جب اس کے کرداروں کو سزا ملے گی‘‘ اگرچہ ملک عزیز میں دھبے لگانے والوں کے لیے کسی سزا وغیرہ کا تصور ہی موجود نہیں ہے ورنہ اب تک کئی شرفاء اس کی لپیٹ میں آ چکے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ''جعلی ڈگری کیس سے پاکستان کی ساکھ بری طرح سے متاثر ہوئی‘‘ جبکہ ہمارے کارہائے نمایاں و خفیہ کی وجہ سے یہ ساکھ بہت اچھی طرح
متاثر ہو رہی تھی اور ہم اس عاجزانہ کوشش میں مسلسل لگے ہوئے ہیں لیکن یہ ملک ہی اس قدر ڈھیٹ واقع ہوا ہے کہ اس کی صحت پر کوئی اثر ہی نہیں ہوتا اور یہ اسی طرح چل بھی رہا ہے‘ آخر اس کا کیا بنے گا؟ انہوں نے کہا کہ ''اس سلسلے میں قانون اپنا راستہ بنا رہا ہے‘‘ لیکن ایسا لگتا ہے کہ قانون کو بھی بالآخر منہ کی ہی کھانا پڑے گی کیونکہ ساری حکمت تو مقدمہ بنانے ہی میں پوشیدہ ہوتی ہے جس میں ہمارے اہلکار خصوصی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہیں جس طرح سپر ماڈل ایان کے مقدمہ میں ایسے رخنے چھوڑے جا رہے ہیں کہ بالآخر وہ سزا سے بچ سکیں‘ ویسے بھی ایسی کسی ہستی کا سزایاب ہونا کوئی اچھی بات نہیں ہے کیونکہ اس سے ملک کی بدنامی ہوگی جو ہماری مساعیٔ جمیلہ سے نیک نامی کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''آئندہ تین سالوں میں بجلی کی کمی پوری کریں گے‘‘ کیونکہ اسی عرصے میں ہم سے بازپُرس بھی ہو سکتی ہے ورنہ ہم تو تین سال بعد ویسے ہی کوچ کر جائیں گے‘ یعنی نہ نومن تیل ہوگا نہ رادھا ناچے گی‘ اگرچہ ہمارے معاشرے میں ناچ گانے کی ویسے بھی کوئی خاص گنجائش نہیں ہے۔ آپ اگلے روز موضع لدھے والا وڑائچ میں اپنے بلدیاتی امیدوار کے حق میں تقریر کر رہے تھے۔
آج کا مقطع
پہلے بیوی قتل کی‘ بچے کو مارا‘ پھر‘ ظفرؔ
خودکشی کی اور چھوٹا خانوادہ کر لیا

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں