"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں‘ متن اور ٹوٹا

زرداری صاحب کے بیان 
سے بہت دکھ پہنچا:نوازشریف 
وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ''زرداری صاحب کے بیان سے مجھے بہت دکھ پہنچا ہے‘‘ کیونکہ انہیں میری پوزیشن کا اچھی طرح سے پتا ہے کہ میں تو تنکا بھی توڑ کر دوہرا نہیں کر سکتا‘ مجھ سے کسی کو کیا شکایت ہو سکتی ہے بلکہ میرے ساتھ تو اُلٹا اظہارِ ہمدردی ہونا چاہیے اور سچ پوچھیں تو ہمیں اپنی فکر پڑی ہوئی ہے اور روز کوئی نہ کوئی بُری خبر سننے کو مل جاتی ہے اور کسی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے‘ اس لیے بہتر ہے کہ مجھ سے گلہ کرنے کی بجائے زرداری صاحب میرے اور میرے جملہ ساتھیوں کے حق میں دعا کریں کیونکہ زرداری صاحب کے ساتھیوں کے بعد آخر میرے ساتھیوں کی باری بھی آنی ہے اور انہوں نے میرے بارے میں بھی وہی کچھ کہنا ہے جو ان کے ساتھیوں نے اُن کے بارے میں کہا ہے بلکہ اسحق صاحب نے تو میرے بارے میں سپریم کورٹ میں پہلے ہی بہت کچھ کہہ رکھا ہے اور اس کے علاوہ دیگر بہت سی فائلیں بھی کھلنے والی ہیں‘ خدا خیر ہی کرے‘ جس کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے جتنی خیر اب تک گزاری جا چکی ہے وہ بھی ضرورت سے کچھ زیادہ ہی تھی حالانکہ اس کے خزانے میں ابھی اور بہت سی خیر بھی ضرور موجود ہوگی‘ آپ اگلے روز ن لیگ کی صوبائی قیادت کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ 
مخالفین کو بلدیاتی الیکشن میں طاقت کا اندازہ ہو جائے گا: بلاول بھٹو زرداری 
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''مخالفین کو بلدیاتی الیکشن میں طاقت کا اندازہ ہو جائے گا‘‘ یعنی اپنی طاقت کا‘ کیونکہ ہماری طاقت کا اندازہ تو گزشتہ عام انتخابات میں ہی لگ چکا ہے جس کا مزید اندازہ لگانے کی کچھ ایسی ضرورت نہیں ہے کیونکہ جب تک والد صاحب کا مبارک سایہ سر پر موجود ہے کچھ بھی اندازہ لگانے کی ضرورت نہیں ہے جبکہ مختلف انکلوں کی بابرکت موجودگی اس کے علاوہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''کارکنوں سے مل کر پارٹی کو دوبارہ پوزیشن پر بحال کروں گا‘‘ لہٰذا کارکنوں کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے اور کوشش ہے کہ کونوں کھدروں سے انہیں باہر نکالنے کی کوشش کی جائے حالانکہ انہیں انکل منظور وٹو کی کشش سے خود ہی ظاہر ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ''میڈیا ٹرائل کی سازش کامیاب نہیں ہوگی‘‘ کیونکہ عدالتوں کی ٹرائل ہی کافی ہوگی‘ اول تو پلی بارگیننگ کی برکت سے مسائل باہر و باہر ہی حل ہو جائیں گے۔ آپ اگلے روز لاہور میں پی پی کی عہدیداروں اور وفود سے ملاقات کر رہے تھے۔ 
کرپشن کے مقدمات کے ذریعے سیاستدانوں کو بدنام کیا جا رہا ہے: دانیال عزیز 
مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ ''کرپشن کے مقدمات کے ذریعے سیاستدانوں کو بدنام کیا جا رہا ہے‘‘ اور اصل میں تو یہ بیان ہمارے قائد کی طرف سے آنا چاہیے تھا لیکن انہیں چونکہ اپنی کھال کچھ ضرورت سے زیادہ ہی پیاری ہے اس لیے انہوں نے یہ ناگوار فریضہ میرے ذمے لگایا ہے کیونکہ باز پُرس ہونے پر وہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ دانیال عزیز کا ذاتی بیان ہے جس کا پارٹی پالیسی سے کوئی تعلق نہیں ہے‘ نیز زیادہ سے زیادہ مشاہد اللہ خان کی طرح مجھے بھی قربانی کا بکرا بنا دیا جائے گا جبکہ عیدالاضحی بھی سر پر پہنچ چکی ہے‘ اگرچہ ایسے بیانات سے کوئی فرق پڑنے والا نہیں ہے کیونکہ ہونی نے آخر ہو کر ہی رہنا ہے؛ تاہم 'جل تُو جلال تُو آئی بلا کو ٹال تُو‘ کا ورد بھی پارٹی حلقوں میں باقاعدگی سے کیا جا رہا ہے اور حسبِ توفیق صدقات بھی دیئے جا رہے ہیں اور ساتھ ساتھ ایسی منحوس خبریں بھی آ رہی ہیں کہ بہت جلد بڑی مچھلیوں پر بھی ہاتھ ڈالا جانے والا ہے جس کے لیے فائلوں کا پیٹ بھرا جا رہا ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ 
نندی پور پاور پلانٹ پر وعدے 
وفا نہیں کر سکے: خواجہ آصف 
وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ''ہم نندی پور پاور پلانٹ پر وعدے وفا نہیں کر سکے‘‘ کیونکہ ہم قوم کے ساتھ کیے گئے دوسرے وعدے وفا کرنے میں مصروف تھے جو اب پتا چلا ہے کہ ان میں سے ایک بھی وعدہ وفا نہیں ہوا ہے حالانکہ اخبارات اور ٹی وی پر اشتہارات کی بھرمار کچھ اور ہی کہتی تھی؛ تاہم نندی پور پاور پلانٹ کے حوالے سے وزیراعظم نے تاخیر اور اربوں روپے کے خرچے کے باوجود پلانٹ کے شروع نہ ہونے پر رپورٹ طلب کر لی ہے کیونکہ اوپر سے اس محاذ پر بہت سختی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے‘ اس لیے وزیراعظم نے سوچا کہ پیشتر اس کے کہ کوئی اور ادارہ اس کی چھان بین شروع کردے اور اربوں روپے اِدھر اُدھر ہونے کا بھانڈا پھوٹ جائے‘ کیوں نہ وہ خود ہی اس سلسلے میں کوئی پیش رفت کر لیں تاکہ یہ تاثر دیا جا سکے کہ ہم تو پہلے ہی اس ضمن میں سب کچھ کر رہے تھے اور قوم کا اربوں روپیہ ضائع ہونے کا سراغ لگا رہے تھے‘ نیز چونکہ وزیراعظم نے خود اس منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا تھا اور اس کا یہ حشر ہوا ہے لہٰذا یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ کسی منصوبے کا سنگِ بنیاد صاحبِ موصوف سے نہیں رکھوایا جائے گا۔ آپ اگلے روز کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ 
نفاذِ اُردو 
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ایک اطلاع کے مطابق ایوانِ صدر اور وزیراعظم ہائوس میں خط و کتابت اردو میں شروع کردی گئی ہے جس سلسلے میں وزیراعظم کی طرف سے یہ خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ان کے کسی حکم یا ڈائریکٹو میں ''ہیں جی؟‘‘ کے الفاظ استعمال نہیں ہونے چاہئیں۔ اور اگر وزیراعظم حکم لکھواتے وقت ''ہیں جی‘‘ کا استعمال کریں بھی تو اسے ضبطِ تحریر میں نہیں آنا چاہیے بصورت دیگر ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا‘ ہیں جی؟ بلکہ وزیراعظم کا خیال ہے کہ وزیراعظم ہائوس میں خط و کتابت اردو میں شروع کرنا دراصل ان کے خلاف کوئی سازش ہے جس سے ''ہیں جی‘‘ کی ترویج مقصود ہے‘ اور اگرچہ وہ خود بھی یہ کوشش کر رہے ہیں کہ یہ جملہ کہنا ترک کردیں لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکے؛ تاہم ان کی کوشش جاری ہے اور کسی وقت بھی کامیاب ہو سکتی ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ اگر اپنے بندے سے کوئی کام لینا چاہیں تو لے کر ہی چھوڑتے ہیں اور جس میں کسی کو بھی کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے‘ ہیں جی؟ 
آج کا مطلع 
اصل ظاہر ہوا ہوریاں ہوریاں 
رنگ اترنے لگا ہوریاں ہوریاں 
ہوریاں ہوریاں (بلوچی بمعنی ہولے ہولے) 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں