"ZIC" (space) message & send to 7575

کاک ٹیل کتابیں

مصریات
محمد سعید جاوید کی لکھی ہوئی سفر نامے کی یہ دلچسپ کتاب ہے جو بک ہوم نے چھاپی اور قیمت 800 روپے رکھی ہے۔ کتاب میں مصر کے مشہور مقامات اور ممیوں کی تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مصر کے متعلق ضروری معلومات بھی اس میں دستیاب ہیں۔
شاہراہِ شوق
اسے بھی بک ہوم نے چھاپا ہے۔ قیمت 300 روپے ہے۔ اس شعری مجموعے کے خالق عاصم بخش ہیں۔ اچھے شاعر ہیں لیکن انہیں جدید اردو غزل کا مزید مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کا پیش لفظ ممتاز نقاد اور ادیب احمد جاوید نے لکھا ہے۔ گیٹ اپ حسبِ معمول عمدہ ہے۔
تم بھی حد کرتے ہو
اس مجموعۂ غزل کے خالق فرہاد جبریل ہیں۔ ظہور الاسلام جاوید، علی زبیر اور ڈاکٹر صباحت عاصم واسطی نے دیباچے لکھے ہیں۔ قیمت 400 روپے ہے اور علی زبیر پبلی کیشنز کراچی نے چھاپی ہے۔ ان میں عمدہ شاعری کا سپارک اور گنجائش نظر آتی ہے۔ گزارے موافق شاعری ہے جو غنیمت ہے۔
دھند بھری حیرانی
خاور وحید کا مجموعہ کلام ہے جو بک ہوم نے چھاپا اور قیمت 300 روپے رکھی ہے۔ غزلوں کے ساتھ نظمیں بھی ہیں۔ تحسین کرنے والوں میں ڈاکٹر طارق عزیز اور سلیم شہزاد شامل ہیں۔ کتاب چھپوانے میں اگر اتنی جلدی نہ کرتے تو بہتر تھا۔ روٹین کی شاعری ہے۔
مہلت
شہزاد تصور کے افسانوں کا مجموعہ ہے جو اظہار سنز نے چھاپا ہے اور قیمت 300 روپے رکھی ہے۔ تعارفی مضامین روحی کنجاہی اور نعمان منظور کے قلم سے ہیں۔ انتساب مصنف کے تین بچوں کے نام ہے۔ 16 کہانیاں ہیں۔ فکشن میں دلچسپی رکھنے والے اس کی طرف متوجہ ہو سکتے ہیں۔
قلم میرا دشمن
محیط اسماعیل کے دلچسپ خاکوں کا مجموعہ ہے جو خوش خیال پبلی کیشنز نے چھاپا اور قیمت 125 روپے ہے جو گیٹ اپ کے پیش نظر بہت معمولی ہے۔ کتاب محیطیہ املا میں ہے مصنف جسے رائج کرنے میں کوشاں ہیں۔ دیباچے ڈاکٹر مظہر محمود شیرانی اور ڈاکٹر یونس جاوید نے لکھے ہیں۔ مشہور ادباء کو موضوع بنایا گیا ہے۔
اعتراف
صباحت مشتاق کے افسانوں کا مجموعہ ہے جسے ''سانجھ‘‘ نے چھاپا اور قیمت 300 روپے رکھی ہے۔ دیباچے اسد محمد خان اور قرۃ العین حیدر نے لکھے ہیں۔ کوئی درجن بھر کہانیاں ہیں۔ مصنفہ کی پہلی کتاب ہے۔ یاد رہے کہ جاوید اختر کے مجموعۂ کلام کے بعد واحد کتاب ہے جس کا دیباچہ مس حیدرنے لکھا۔
نئی اردو نظم، نئی تخلیقی جہت
عمران از ظفر کے تنقیدی مضامین کا مجموعہ ہے جسے پورب اکادمی اسلام آباد نے چھاپا اور قیمت 325 روپے رکھی ہے۔ نظم کے جملہ تخلیق کاروں کے کام کا ژوف نگاہی سے جائزہ لیا گیا ہے۔ میرا جی، ن م راشد، مجید امجد، اقبال اور فیض سمیت دیگر نئے اور کلاسیکی شعراء پر ایک مفید تنقیدی کتاب ہے۔
ایک عہد کی سرگزشت
اس کے مصنف جمیل اطہر قاضی ہیں اور چھاپا بک ہوم نے ہے اور قیمت 500 روپے رکھی ہے۔ یہ کتاب مولانا ظفر علی خان سے لے کر اب تک کے چیدہ چیدہ اہل صحافت کا ایک مبسوط تعارف ہے۔ فلیپ عبدالقادر حسن، دیباچے الطاف حسن قریشی اور اثر چوہان نے لکھے ہیں۔
دھوپ کرن
امداد حسینی کی نظموں کا مجموعہ ہے جسے شہرزاد کراچی نے چھاپ کر قیمت 300 روپے رکھی ہے۔ دیباچے ڈاکٹر الیاس عشقی، فہمیدہ ریاض اور ڈاکٹر سحر امداد حسینی کے تحریر کردہ ہیں۔ کراچی والوں نے انہیں جدید نظم کا اہم ترین شاعر قرار دیا ہے۔ نمونۂ کلام پیش کرنے کی گنجائش نہیں۔
دیوان فارسی امیر مینائی
اس کے مرتب ممتاز نقاد، محقق اور شاعر ڈاکٹر تحسین فراقی ہیں اور جسے اورئنٹل کالج پنجاب یونیورسٹی کے شعبۂ فارسی کے زیر اہتمام شائع کیا گیا ہے اور قیمت 500 روپے رکھی ہے۔ یہ ایک بڑی خدمت ہے، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ہمارے ہاں سے فارسی کا چلن روز بروز غائب ہوتا چلا جا رہا ہے۔
تقاضے
فیصل آباد کے سینئر شاعر نصرت صدیقی کا مجموعۂ غزل ہے جو وہاں کے مثال پبلشرز نے شائع کر کے قیمت 350 روپے رکھی ہے۔ کتاب کا انتساب انہوں نے انپے استاد پروفیسر ڈاکٹر عاصی کرنالی کے نام کیا ہے۔ کلماتِ تحسین خاکسار، محمود شام اور سرور جاوید کے قلم سے ہیں۔ گیٹ اپ عمدہ ہے۔
بخدمت جناب حضرت رئیس امروہوی
یہ رئیس امروہوی کے نام مختلف ہم عصروں کے خطوط کا مجموعہ ہے جسے مرحوم کے یارِ غار اور صاحبِ طرز ادیب سید انیس شاہ جیلانی نے ترتیب دینے کے علاوہ ایک دلچسپ پیش لفظ بھی قلمبند کیا ہے۔ اسے بھی فکشن ہائوس نے چھاپا اور قیمت 800 روپے رکھی ہے۔
چھپے ہاتھ
سید گلزار حسنین کے افسانوں کا مجموعہ ہے جسے نیشنل بک فائونڈیشن اسلام آباد نے شائع کیا اور قیمت 150 روپے رکھی ہے۔ مصنف اس سے پہلے ایک دلچسپ سفرنامہ بھی پیش کر چکے ہیں۔ پیش لفظ پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید کا تحریر کردہ ہے جبکہ دیباچہ مصنف نے خود تحریر کیا ہے۔
والہانہ
صاحبِ اسلوب شاعر احمد عطاء اللہ کے کلام پر مشتمل یہ کتاب ان کے دو مجموعوں ''بھول جانا کسی کے بس میں نہیں‘‘ اور ''ہمیشہ‘‘ پر مشتمل ہے۔ اسے رومیل ہائوس آف پبلی کیشنز راولپنڈی نے چھاپا ہے اور قیمت 500 روپے رکھی ہے۔ انتساب والدِ گرامی قبلہ ڈاکٹر ثناء اللہ کے نام ہے۔
پریتم
ہندی لہجے میں تخلیق کی ہوئی شاعری کی اس کتاب کے مصنف محبوب الٰہی محبوب ہیں جس پر پبلشر کا نام نہیں اور ایسا لگتا ہے‘ مصنف نے خود ہی چھاپی ہے اور قیمت 350 روپے رکھی ہے۔ دیباچے ڈاکٹر ضیاء الحسن اور عابد حسین عابد نے لکھے ہیں۔ انتساب والدِ محترم کے نام کیا گیا ہے۔
آج کا مقطع
کیا زبردست آدمی ہو ظفرؔ
عیب کو بھی ہنر بنا دیا ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں