"ZIC" (space) message & send to 7575

تازہ تر موصولات

ترا کیا بنا
یہ خوبصورت شاعر تیمور حسن تیمور کا مجموعۂ غزل ہے جس کا انتساب عطاء الحق قاسمی کے نام ہے‘ اسے التحریر لاہور نے چھاپا اور قیمت 400 روپے رکھی ہے۔ دیباچہ ظفر سپل نے تحریر کیا ہے جبکہ پس سرورق ڈاکٹر خورشید رضوی‘ ڈاکٹر تحسین فراقی اور امجد اسلام امجد نے جو تحسین آراء قلم بند کی ہیں‘ اُن سے اختلاف نہیں کیا جا سکتا۔ کتاب میں کل 63 غزلیں اور ضخامت 167 صفحات‘ آخری صفحہ قارئین کے پسندیدہ اشعار کے لیے خالی چھوڑ دیا گیا ہے۔
جی بسم اللہ
شاعر‘ کالم نگار‘ پروفیسر اور رسالہ ''بجنگ آمد‘‘ کے ایڈیٹر ڈاکٹر اختر شمار کے دلچسپ مضامین کا مجموعہ ہے جبکہ ٹائٹل کی پیشانی پر درج تحریر کے مطابق یہ درویشوں کے حوالے سے لکھی‘ دل کو چھونے والی روشن تحریریں ہیں۔ کتاب کا گیٹ اپ خوبصورت ہے۔ دیباچہ ان کے دوست ظفر سپل نے تحریر کیا ہے۔ انتساب باباجی کی ان محفلوں کے نام ہے جہاں علم و دانش کا نور برستا ہے۔ فلیپ ڈاکٹر صفدر محمود نے لکھا ہے۔ نیو بک سائیٹ لاہور نے چھاپی اور قیمت 500 روپے رکھی ہے۔
سائیں
یہ جدید اور ہمارے پسندیدہ شاعر حسن عباسی کی ''سائیں‘‘ کی ردیف کے ساتھ ایک طویل حمدیہ نظم ہے جو غزل کے پیرائے میں لکھی گئی ہے۔ بحر ایک ہی ہے‘ صرف قوافی تبدیل کئے گئے ہیں۔ کتاب نستعلیق پبلی کیشنز لاہور نے چھاپی اور قیمت 200 روپے رکھی ہے۔ فلیپ کی تحریریں عطا الحق قاسمی اور ڈاکٹر خورشید رضوی کے قلم سے ہیں۔ آغاز میں ''ابتدا می کنم بہ بسم اللہ‘‘ کو آپ انتساب بھی کہہ سکتے ہیں ۔فلیپ لکھنے والوں میں ڈاکٹر پیرزادہ قاسم‘ محمد اظہار الحق اور غلام حسین ساجد بھی شامل ہیں۔ ٹائٹل خوبصورت‘ صفحات 128
تُم بھی حد کرتے ہو
فرہاد جبریل کا مجموعۂ غزل جسے علی زبیر پبلی کیشنز کراچی نے چھاپا اور قیمت 400 روپے رکھی ہے۔ اظہار رائے کرنے والوں میں ظہور الاسلام جاوید‘ علی زبیر‘ ڈاکٹر صباحت عالم واسطی اور نیّر نیناں شامل ہیں۔ انتساب محترم والد صاحب اور بھائی جان محمد امین قریشی کے نام ہے۔ فلیپس کے اندر اور باہر شاعر کے منتخب اشعار درج کئے گئے ہیں۔ خوبصورت گٹ اپ کے ساتھ ضخامت 164 صفحات ہیں۔
ورنہ
سمیع نوید کا مجموعہ نظم و غزل ہے جسے 'ماورا‘لاہور نے چھاپا اور قیمت 500 روپے رکھی ہے۔ انتساب والد محترم حمید اللہ خاں نیازی کے نام ہے۔ اندرون سرورق ناشر اور شاعر خالد شریف اور خالد ندیم شانی کی رائے درج ہے۔ پس سرورق شاعر کی تصویر اور اس کے پسندیدہ چار شعر‘ متن میں نظموں اور غزلوں کے عنوانات دیئے گئے ہیں اور دو رنگ کی روشنائی استعمال کی گئی ہے۔ گٹ اپ خوبصورت اور ٹائٹل دیدہ زیب۔
دو تحریریں۔ میں اور احمد بشیر‘ خون کی لکیر
یہ کتاب نامور ادیب احمد بشیر کی اہلیہ محمودہ احمد بشیر نے ان کی وفات کے بعد لکھی ہے جو انتہائی دلچسپ ہے جس میں مرحوم کی زندگی میں ان کے ملنے والے ادیبوں سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ فکرانگیز واقعات بھی درج ہیں۔ انتساب ان کی ممتاز و معروف صاحبزادی نیلم احمد بشیر کی طرف سے ہے جو احمد بشیر اور محمودہ احمد بشیر کے نام ہے۔ اسے سنگ میل پبلشرز نے چھاپا اور قیمت 400 روپے رکھی ہے۔ پس سرورق مرحوم کی تصاویر مختلف مشاہیر کے ساتھ ہیں جس میں ان کے لڑکپن کی تصویریں بھی شامل ہیں۔
قندیل ثناء
حمد‘ نعت‘ منقبت اور سلام پر مشتمل یہ حسین سحر کا مجموعہ کلام ہے جسے سحر سنٹر ملتان نے چھاپا اور قیمت 300 روپے رکھی ہے۔ انہی موضوعات پر مشتمل مصنف کی 9 کتابیں اس سے پہلے شائع ہو چکی ہیں۔ انتساب انہوں نے اپنی شریک حیات مرحومہ بیگم ثمینہ بتول کے نام کیا ہے۔ بہت عمدہ گٹ اپ میں سمارٹ کتاب ہے۔
آئینے کے زندانی
آصف رضا کی نظموں کا مجموعہ ہے جسے پرنٹاس پبلشرز کراچی نے چھاپا اور قیمت 300 روپے رکھی ہے۔ انتساب ''اس کے نام جو ہر کہیں ہے لیکن کہیں نہیں‘‘۔ دو شعری مجموعے پہلے شائع ہو چکے ہیں۔ سابقہ تعلق بھارت سے ہے اور اب ٹیکساس میں مقیم ہیں۔ دیباچہ نامور بھارتی نقاد شمس الرحمن فاروقی کا تحریر کردہ ہے۔ خوبصورت گٹ اپ کے ساتھ آزاد نظمیں شائع کی گئی ہیں۔
زرّافہ اور لمبی لڑکی
انتساب اُن قارئین کے نام ہے جو کتاب اور اس کے مصنف کو زندہ رکھتے ہیں۔ قیمت 300 روپے رکھی ہے۔ پس سرورق محمد حمید شاہد کی تحریر ہے جبکہ اندرونی فلیپ ڈاکٹر حسن منظر اور نصیر احمد ناصر نے لکھے ہیں۔ شجر سایہ دار کے عنوان سے پیش لفظ مصنف کے قلم سے ہے۔ کتاب میں کل 20 افسانے شامل ہیں۔ دلچسپ اور خوبصورت ٹائٹل‘ عمدہ گٹ اپ۔
سونے کی چڑیا‘ کانچ کا مقدر
ڈاکٹر شاہدہ دلاور شاہ کے افسانوں کا مجموعہ ہے جسے ملاقات پبلی کیشنز گلبہار پشاور نے چھاپا اور قیمت 200 روپے رکھی ہے۔ سرورق پر ناصر علی سید اور اندر‘ حسّام حُر کی تحریر ہے۔ اس میں کل 16 افسانے شامل ہیں جو دلچسپ اور پڑھنے کے قابل ہیں۔
سہ ماہی کہکشاں انٹرنیشنل
یہ کتابی سلسلہ فرزانہ جاناں کی ادارت میں راولپنڈی سے شائع ہوتا ہے۔ موجودہ شمارہ اس کا سالنامہ ہے۔ جس میں معروف ادیبوں کی نگارشات شامل کی گئی ہیں اور شعر و سخن سے لے کر افسانے‘ مضامین‘ حمد و نعت‘ کشت زعفران‘ ادبی تنظیم ضیائے ادب کی روداد‘ تبصرہ کتب اور احباب کے خطوط شامل ہیں۔ ضخامت 208 صفحات اور قیمت 250 روپے ہے۔
اعصار
ہمارے شاعر دوست شاہد ماکلی کی ادارت میں شائع ہونے والے کتابی سلسلے کا یہ دوسرا شمارہ ہے جو تونسہ شریف سے شائع ہوتا ہے۔ قیمت فی شمارہ 100 روپے ہے۔ ملک کے ممتاز اہل قلم کی نگارشات شامل ہیں۔ حصہ شعر میں خاکسار کے سوا زیادہ تر جدید شعرا کا کلام شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر بارہ مسالے بھی ہر طرح سے موجود ہیں یعنی افسانے‘ مضامین‘ تراجم اور گوشۂ خالد احمد‘ دیدہ زیب ٹائٹل اور ضخامت 112 صفحات۔
ماہنامہ کتاب
نیشنل بُک فائونڈیشن کا پرچہ ہے جسے اسلام آباد سے ڈاکٹر انعام الحق جاوید نکالتے ہیں‘ یہ ایک طرح کا ادبی خبرنامہ بھی ہے اور وہ بھی باتصویر‘ جمیل الدین عالی اور کئی دیگر ادیبوں پر مضامین ہیں اور فائونڈیشن کی کارگزاری پر مشتمل مضامین اور رپورٹیں‘ ابتدا میں وزیراعظم کے معاون جناب عرفان صدیقی کے دورے پر مشتمل تصاویر ہیں اور دیگر دلچسپ معلومات افزا مواد‘ قیمت فی شمارہ 50 روپے۔
آج کا مطلع
کیوں زمیں آسمان ہے یہ بتا
تُو اگر مہربان ہے یہ بتا

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں