دعائوں کا شکریہ : اسی طرح
خدمت کرتا رہوں گا : نوازشریف
وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ''دعائوں کے لیے قوم کا شکریہ اسی طرح خدمت کرتا رہوں گا‘‘۔ اگرچہ پہلے ہی کچھ ضرورت سے زیادہ خدمت کر چکا ہوں اور انشاء اللہ اس خدمت کے انبار اندرون و بیرون ملک لگے ہوئے سب کو نظر بھی آ رہے ہیں لیکن ایسے لگتا ہے کہ خدمت میری گھُٹی میں پڑی ہوئی ہے اور اس سے جی ہی نہیں بھرتا؛ حتیٰ کہ اکثر اوقات یاد ہی نہیں رہتا کہ کتنی خدمت کر چکا ہوں‘ جیسے یہ یاد نہیں رہتا کہ کھانا کتنا کھا چکا ہوں‘ چنانچہ اب واپس آ کر سلسلہ خدمت پھر شروع کر دوں گا کیونکہ اس کے علاوہ کوئی کام اچھا ہی نہیں لگتا جبکہ بیرون ملک رہ کر خدمت سے محروم رہنے کا بے حد افسوس بھی ہے جبکہ کچھ دوستوں نے تو یہی مشورہ دیا تھا کہ جب تک نئے آرمی چیف کی تقرری اور اعلان کا وقت نہیں آتا‘ میں ملک سے باہر ہی رہوں تاکہ اگر خدانخواستہ کچھ ہونا بھی ہے تو حسب سابق آسانی سے دستیاب نہ ہو سکوں‘ ہیں جی؟ آپ اگلے روز واپسی پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
شریف برادران کو لندن میں پراپرٹی
کا جواب دینا ہو گا : لطیف کھوسہ
سابق گورنر پنجاب اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ ''شریف برادران کو لندن میں پراپرٹی کا حساب دینا ہو گا‘‘ اگرچہ ہم بھی سرے محل وغیرہ کا جواب دینے کو تیار ہیں لیکن وہ بات اب اتنی پرانی ہو چکی ہے کہ گڑے مُردے
اُکھاڑنے کے مترادف ہے جبکہ مُردوں کا احترام کرنا ہماری روایات کا لازمی حصہ ہے‘ ویسے بھی ہم نے تو اس کی ملکیت ہی سے انکار کر دیا تھا کہ اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ جس کا جی چاہے جا کر اس پر قبضہ کر لے‘ ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہو گا لیکن کوئی مائی کا لعل سامنے ہی نہ آیا‘ اس لیے مجبوراً ہمیں اس کا مالک ہونا پڑا‘ حالانکہ ہمیں یہ بھی معلوم ہوا تھا کہ اس میں بُھوت وغیرہ بھی رہائش پذیر ہیں لیکن ہم نے یہ شعر پڑھتے ہوئے کہ ؎
بُھوتوں سے ڈرنے والے اے آسماں نہیں ہم
سو بار کر چکا ہے تُو امتحاں ہمارا
طوعاً طوعاً یہ کانٹوں بھری مالا اپنے گلے میں ڈال لی حتیٰ کہ اب تو رفتہ رفتہ خود ہمارا بھی شمار بھوتوں ہی میں ہونے لگا ہے۔ آپ اگلے روز ڈیرہ غازی خاں میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
ترقی میں حکومتی کرپشن رکاوٹ ہے : شاہ محمود
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ''ترقی میں دھرنے نہیں‘ حکومتی کرپشن رکاوٹ ہے‘‘ جبکہ دھرنے سے تو ترقی کی رفتار تیز ہوتی ہے‘ اگرچہ پچھلی بار تو ایسا کچھ نہیں ہوا تھا لیکن اس بار یہ ترقی ہر طرف نظر بھی آئے گی بلکہ ہمیں تو اس سے پہلے ہی نظر آنے لگی ہے‘ بس ذرا اپوزیشن کے متحد ہونے کی دیر ہے جس کے بعد ترقی کا یہ عمل تیزی سے شروع ہو جائے گا جس کا یقین شیخ رشید صاحب نے بھی دلا دیا ہے جو کہ فی الحال پاکستان عوامی تحریک کی ترقی کی رفتار تیز کرنے میں بُری طرح مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''ٹی او آرز کا مسئلہ حل نہیں ہو گا‘‘ اور لگتا تو یہی ہے کہ کسی کا بھی کوئی مسئلہ حل نہیں ہو گا‘ ماسوائے اس کے کہ ہماری پارٹی کے اندر جو دھڑے بازی جاری ہے‘ اس پر کسی حد تک قابو پایا جا سکے‘ اگرچہ یہ بھی جمہوریت کا حسن ہے اور اس سے ہماری پارٹی روز بروز حسین سے حسین تر ہوتی جا رہی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
عام آدمی کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے آخری حد تک جائوں گا : شہباز شریف
خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''عام آدمی کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے آخری حد تک جائوں گا‘‘ اور چونکہ عام آدمی کو دیگر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے میں پہلے ہی کافی بار آخری حد تک جا چکا ہوں اس لیے مجھے اس کی عادت بھی پڑ گئی ہے۔ اورنج ٹرین منصوبے کی مثال سب کے سامنے ہے کہ عدالتی حکم امتناعی کے باوجود اس پر جگہ جگہ کام بھی جاری ہے اور بندے بھی مرے رہے ہیں۔اس سے زیادہ آخری حد تک کیسے جایا جا سکتا ہے اور اسی پر اکتفا بھی کرنا پڑے گا کیونکہ بھائی صاحب کسی طرح بھی حکومت چھوڑنے پر تیار نہیں ہیں اور مجھے خادم اعلی ہی رہنا پڑے گا؛ چنانچہ اس منزل تک پہنچنے کے لیے برخوردار حمزہ شہباز کو مزید انتظار کرنا پڑے گا بلکہ بھائی صاحب تو پہلے سے بھی زیادہ تندرست ہو کر واپس آ گئے ہیں ۔ آپ اگلے روز ڈی سی او ساہیوال کو معطل کرنے کے بعد بحال کر رہے تھے۔
سیاسی مخالفین ملکی ترقی کے حق میں نہیں ہیں : خرم دستگیر
وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ''سیاسی مخالفین ملکی ترقی کے حق میں نہیں‘‘ اگرچہ اس کے حق میں تو ہم بھی نہیں ہیں جو ہر طرف پھیلی ہوئی ابتلا اور پسماندگی سے پوری طرح ظاہر ہے لیکن کم از کم اپوزیشن کو تو ایسا نہیں کرنا چاہیے جس نے مستقبل میں ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے کیونکہ ہم کم و بیش سارے کے سارے پاناما لیکس اور کرپشن وغیرہ ہی کے گھاٹ اُتر جائیں گے‘ بس کوئی دن ہی جار ہا ہے اور جھاڑو پھرنے ہی والا ہے جو کہ ہم خود بھی صفائی کے حق میں ہیں اور اسے نصف ایمان سمجھتے ہیں اور اس نصف ایمان پر ہی اب تک گزارا کرتے چلے آئے ہیں کیونکہ مکمل ایمان تو خاص خاص نصیب والوں ہی کو ودیعت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''عوام ترقی و خوشحالی کے خلاف کی جانے والی ہر سازش کو ناکام بنا دیں‘‘ کیونکہ ہم ذرا دیگر کاموں میں مصروف ہونے کی وجہ سے اس طرف توجہ دینے سے معذور ہیں اور اس کے نتائج بھی بھگتنے والے ہیں‘ آپ اگلے روز اسلام آباد میں اظہار تشکر کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
ٹی او آرز پر نون لیگ کی من مانی
قبول نہیں کرینگے : اعتزاز احسن
پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزازاحسن نے کہا ہے کہ ''ٹی او آرز پر نون لیگ کی من مانی قبول نہیں کریں گے‘‘ لیکن مصیبت یہ ہے کہ ہم کچھ اور کرنے لگتے ہیں اور اوپر سے کوئی اور حکم آ جاتا ہے جس کے آگے چیئرمین بلاول بھی چُوں نہیں کر سکتے‘ اور میرے جیسا اگر چُوں کرے بھی تو اس کی چُوں کسی کو سنائی ہی نہیں دیتی اور چُوں چُوں کا مربہ بن کر رہ جاتی ہے جسے صرف کھایا جا سکتا ہے یا چونکہ چنانچہ وغیرہ کے کام آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''حکمران اپوزیشن کا سڑکوں پر سامنا کرنا کو تیار رہیں‘‘ اگرچہ آخر میں اپوزیشن صرف عمران خاں ہی کی صورت میں رہ جائے گی اور ہم جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچانے کے لیے اپنے اپنے گھروں میں بیٹھ کر حکومت کو بددعائیں دیتے رہیں گے کیونکہ ہماری دعا بیشک قبول نہ ہوتی ہو‘ بددعا ضرور قبول ہوتی ہے۔ کیونکہ پارٹی میں تقریباً سارے کے سارے ہی پہنچے ہوئے بزرگ ہیں اور کالی زبان والے بھی‘ اس لیے حکومت خاطر جمع رکھے۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
آج کا مقطع
اک یاد کا چِھلکا سا‘ ظفرؔ‘ دل میں پڑا ہے
لگتا ہے ابھی اُس کو بُھلایا نہیں میں نے