میں کچھ ہفتے بعد پاکستان
آئوں گا: آصف علی زرداری
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''میں کچھ ہفتے بعد پاکستان آئوں گا‘‘ کیونکہ اس وقت تک ریٹائرمنٹ بھی ہو چکی ہو گی اور راستہ صاف ہو چکا ہو گا، جیسا کہ مجھے بھائی صاحب نے بتایا ہے کہ توسیع وغیرہ نہیں دے رہے اور جو نئے صاحب آئیں گے امید ہے کہ انہیں میرا اینٹ سے اینٹ بجا دینے والا بیان بھول گیا ہو گا کیونکہ یہ حضرات ویسے بھی ذرا موٹی عقل کے مالک ہوتے ہیں؛ تاہم اگر وہ پہلے والے سے بھی بڑھ کر ہوئے تو البتہ اور بات ہے جبکہ یہ بات تو یقینی ہے کہ اس صورت میں میری طبیعت پھر خراب ہو جائے گی اور چیک اپ وغیرہ کے لیے فوراً واپس بھی جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ''میں جلا وطن نہیں ہوں‘‘ جبکہ بھائی صاحب تو معاہدہ کر کے خود ہی جلا وطن ہو گئے تھے اور بعد میں اس تحریر سے مکر بھی گئے تھے۔ آپ اگلے روز اپنی رہائش گاہ پر ایک انٹرویو دے رہے تھے۔
پی ٹی آئی عدالت میں خاص شواہد
پیش نہیں کر سکی: احسن اقبال
وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''پی ٹی آئی عدالت میں خاص شواہد پیش نہیں کر سکی‘‘ کیونکہ خاص شواہد تک ان کی رسائی ہی نہیں ہے اور نہ ہم کچّی گولیاں کھیلے ہوئے ہیں کہ خاص شواہد ہر ایرے غیرے نتھو خیرے کے لیے کھلے چھوڑ دیں‘ البتہ جیسا کہ چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے عدالت نے اگر بارِ ثبوت ہم پر ڈال دیا کہ ثابت کریں کہ یہ فلیٹس جائز رقم اور جائز طریقے سے خریدے گئے تھے تو پھر ذرا پریشانی کی بات ہو سکتی ہے، اس لیے ہم پیش بندی کے طور پر ایک اور شہزادہ بھی ہاتھ میں رکھے ہوئے ہیں بلکہ اس سے ایک خط بھی حاصل کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''تمام پارٹیاں ملک میں جمہوریت کو پھلتے پھولتے دیکھنا چاہتی ہیں‘‘ کیونکہ جملہ رہنما خود بھی اس حد تک پھل پھول چکے ہیں کہ وہ اس نظام سے الگ نہیں ہونا چاہتے اور اسی کو ہر قیمت پر گلے لگائے ہوئے ہیں۔ آپ اگلے روز لندن سکول آف اکنامکس میں فیوچر آف پاکستان کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
شو باز شریف کی کرپشن اور بد حکومتی کو
بے نقاب کروں گا: قمر زمان کائرہ
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر اور مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ''میں شو باز شریف کی کرپشن اور بد حکومتی کو بے نقاب کردوں گا‘‘ لیکن صرف اسی حد تک جس حد تک زرداری صاحب نے اس کی اجازت دی کیونکہ بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر ان کی ترجیحات بھی بدلتی رہتی ہیں اور ہمارے اختیارات صرف بیان دینے کی حد تک ہیں ورنہ عمران خاں کے ساتھ مل کر ہم اس کرپٹ حکومت کا چھابہ کب کا الٹا چکے ہوتے؛ چنانچہ اب بھی اگر زرداری صاحب کو واپسی کا گرین سگنل نہیں ملتا تو ہمارے بیانات میں مزید گرما گرمی پیدا ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ''اگر 27 دسمبر تک ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ہم دکھائیں گے کہ احتجاج اور اپوزیشن کیسی ہوتی ہے‘‘ کیونکہ فی الحال تو وہی فرینڈلی اپوزیشن ہی چل رہی ہے جو میثاقِ جمہوریت سے لے کر اب تک جاری و ساری ہے اور جس کے اپنے فیوض و برکات ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔
22 قتلوں کا الزام غلط ہے‘ ثبوت
پیش کیے جائیں: رانا ثناء اللہ
وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ''22 قتلوں کا الزام غلط ہے‘ ثبوت پیش کئے جائیں‘‘ کیونکہ پانچ سات قتلوں تک تو بات مانی بھی جا سکتی ہے، یہ اکٹھے 22 قتلوں کا الزام تو سراسر زیادتی ہے اور اگر ماڈل ٹائون والے 14 قتلوں سے میں اب تک بچا ہوا ہوں تو انشاء اللہ ان قتلوں سے بھی صاف بچ جائوں گا جبکہ اس ضمن میں بھی احتیاطاً قطری شہزادے کا خط حاصل کر لیا گیا ہے جو مجھے بے گناہ ثابت کرنے کے لیے کافی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ''پی پی کے مرکزی قائدین کو بلاول بھٹو کی تربیت کرنے کی ضرورت ہے‘‘ جس طرح میں اپنے مرکزی قائدین کی تربیت حاصل کرنے کے بعد ہر مصیبت سے بچ نکلتا ہوں اور مخالفین دیکھتے کے دیکھتے ہی رہ جاتے ہیں؛ اگرچہ جس مصیبت میں آج کل وہ خود پھنسے ہوئے ہیں وہاں سے نکلنے کی امید ذرا کم ہی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ ان کی اپنی تربیت بھی صحیح طریقے سے نہیں ہوئی ہے جس پر جتنا بھی افسوس کیا جائے کم ہے۔ آپ اگلے روز فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
ایم کیو ایم کا نام اسٹیبلشمنٹ کو
پسند نہیں ہے: پرویز مشرف
سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ''ایم کیو کا نام اسٹیبلشمنٹ کو پسند نہیں ہے‘‘ جیسے میرا نام نواز شریف کو پسند نہیں ہے؛ حالانکہ نا م میں کیا رکھا ہے‘ گوبھی کے پھول کو جس نام سے بھی پکارا جائے وہ گوبھی کا پھول ہی رہے گا‘ زیادہ سے زیادہ وہ بند گوبھی کا پھول ہو سکتا ہے جیسا کہ مجھے پردیس میں بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''پاناما لیکس کے معاملے‘‘ پر اگر عدالت میں کوئی نتیجہ نہ نکلا تو عمران خان کی سیاست کو نقصان ہو گا‘‘ جس طرح میرے خلاف مقدمات کا کوئی نتیجہ نہ نکلنے پر میری سیاست کو نقصان پہنچ رہا ہے اور عوام کی خاموش اکثریت اب تک میری راہ دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''ایم کیو ایم تین ٹکڑوں میں تقسیم ہو چکی ہے‘‘ اور میرے لیے صرف ایک ٹکڑے کی قیادت کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں لیکن دشمنوں کو یہ بھی پسند نہیں تھا، اب آپ خود ہی بتائیں کہ یہ ملک کیسے ترقی کر سکتا ہے۔ آپ اگلے روز اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔
ایم کیو ایم میں قائد کی اسامی
خالی نہیں ہے: فاروق ستار
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ''ایم کیو ایم میں قائد کی اسامی خالی نہیں ہے‘‘ بلکہ الطاف بھائی ماشاء اللہ موجود ہیں اور ان کی صحت بھی تیزی سے بہتر ہو رہی ہے اور امید ہے کہ اب وہ پاکستان مخالف بیانات بھی نہیں دیں گے اگرچہ ان بیانات پر پہلے بھی حکومت نے کوئی ایکشن نہیں لیا تھا اور وزیر اعظم بلکہ پاک بھارت دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے ساتھ ان کے گہرے تعلقات تھے جواب تک چلے آ رہے ہیں جبکہ ہمارے وزیر اعظم نے تو ثابت ہوجانے کے باوجود کہ ''را‘‘ سے ہم فنڈنگ لے رہے ہیں‘ کوئی ایکشن نہیں لیا تھا جس پر ہم ان کے بے حد شکر گزار ہیں؛ چنانچہ وہ دن دور نہیں جب یہ ڈرامہ ختم ہو جائے گا اور الطاف بھائی تندرست و توانا ہو کر ہمارے درمیان پہلے کی طرح موجود ہوں گے؛ اگرچہ وہ اب بھی ہم سے کوئی خاص دور نہیں ہیں اور یہ سب کچھ ان کی ہدایات کے عین مطابق ہی ہو رہا ہے‘ اس لیے مخالفین کو بغلیں بجانے کی کوئی خاص ضرورت نہیں ہے۔ آپ اگلے روز کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
آج کا مطلع
مت سمجھو وہ چہرہ بھول گیا ہوں
آدھا یاد ہے آدھا بھول گیا ہوں