"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ان کی، متن ہمارے

بارِ ثبوت شریف فیملی پر ہے: سابق چیف
جسٹس پاکستان سجاد علی شاہ
سابق چیف جسٹس آف پاکستان سید سجاد علی شاہ نے کہا ہے کہ ''بارِ ثبوت شریف فیملی پر ہے، تاہم جج صاحبان کو سب سے پہلے چاہیے کہ زرہ بکتر پہن کر آیا کریں، کیونکہ جان بہت قیمتی چیز ہے اور اسے ہر صورت بچانا چاہیے کہ یہ اللہ میاں کی سب سے بڑی نعمت ہے۔ بے شک ہمارے وقت میں تو کرسیاں الٹائی گئی تھیں، تالے اور شیشے وغیرہ بھی توڑے گئے تھے لیکن اب چونکہ معاملہ نہایت سنگین ہے، اس لیے خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔ اگرچہ شہباز شریف صاحب کااقدام تو خاصا معصومانہ تھا یعنی وہ تو صرف جانباز حملہ آوروں کے لیے لاہور سے دیگیں ہی پکوا کر لائے تھے۔ ویسے بھی بھوکے کو کھانا کھلانا ثواب کا کام ہے۔ علاوہ ازیں جج حضرات کو کوئٹہ کا دورہ بھی نہ کرنے دیں جہاں بیٹھ کر اور میرے ساتھیوں کو ورغلا کر میرا مُکو ٹھپا گیا تھا۔ آپ اگلے روز کراچی کے ایک نجی چینل پر گفتگو کر رہے تھے۔
بجلی بحران پر قابو پانے کے لیے
پرعزم ہیں: نوازشریف
وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''ہم بجلی بحران پر قابو پانے کے لیے پرعزم ہیں۔ اگرچہ خوب سوچ سمجھ کر پرعزم ہونے والی بات ہم نے ترک کردی تھی، کیونکہ سب نے دیکھا کہ ہم نے جس معاملے میں بھی پُرعزم ہونے کا دعویٰ کیا وہ کبھی توڑ نہیں چڑھا اور میں اپنے تقریر نویس سے پوچھوں گا بلکہ اس پر جواب طلب کروں گا کہ اس سے لوگ خواہ مخواہ شک و شبہ میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''لوڈشیڈنگ ماضی کا قصہ بن جائے گا‘‘ تاہم وہ بنے نہ بنے، ہم ضرور قصۂ ماضی بن جائیں گے کیونکہ جج حضرات نے اب ہم سے بھی سوالات پوچھنا شروع کر دیے ہیں؛ حالانکہ ہمارے وکیل خود بھی ہر بات کا تسلی بخش جواب دے سکتے ہیں، کم از کم ہمارا یہی خیال ہے، ہیں جی؟ آپ اگلے روز کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
ڈاکٹر غائب، مریض خوار
ایسے نہیں چلے گا: شہباز شریف
خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ ''ڈاکٹر غائب، مریض خوار، ایسے نہیں چلے گا‘‘ اگرچہ اب تک ایسا ہی چلا آیا ہے اور آئندہ بھی چلتا رہے گا جس کی وجہ صرف مریضوں کی بدقسمتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''میں ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور انتظامیہ کی حاضری کو یقینی بنانے کا حکم دیتا ہوں‘‘ اگرچہ میں پہلے بھی ایسا کر رہا ہوں لیکن کیا کیا جائے، ان پر کوئی اثر ہی نہیں ہوتا کہ زیادہ تر ہمارے وزراء اور ارکان اسمبلی کے رشتے دار ہیں اور ڈاکٹر اس بات کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں جو کہ نہایت بری بات ہے جبکہ ان لوگوں کو بری باتوں سے احتراز کرنا اور ہم سے ہی کوئی سبق سیکھنا چاہیے کہ ہم نے کیسے بری باتوں سے پرہیز کر رکھا ہے۔ البتہ برے کاموں کی بات الگ ہے، تاہم ہم اس سلسلے میں بھی پوری طرح پرعزم ہیں اور آپ جانتے ہیں کہ ہم جس معاملے میں پرعزم ہونے کا اعلان کرتے ہیں، اس کا حشر کیا ہوتا ہے۔ آپ اگلے روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ساہیوال کا دورہ کر رہے تھے۔
ن لیگ پیپلزپارٹی سے خوفزدہ
دکھائی دیتی ہے: قمر زمان کائرہ
پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر اور پیپلزپارٹی کے لیڈر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ''ن لیگ پیپلزپارٹی سے خوفزدہ دکھائی دیتی ہے‘‘ حالانکہ پیپلزپارٹی کو ن لیگ سے خوفزدہ دکھائی دینا چاہیے لیکن ہم بہت جلد آصف علی زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں پارٹی کو نئے سرے سے ایک بڑی پارٹی بنانے والے ہیں جبکہ ڈاکٹر عاصم حسین کو ضلع کراچی کا صدر نامزد کرکے ہم نے اس کی بنیاد رکھ دی ہے جس سے موصوف کی اربوں روپے کی کرپشن بھی غائب ہو جائے گی، حالانکہ میری تجویز یہ تھی کہ شرجیل میمن کو ان کی جگہ صدر بنایا جائے کیونکہ وہ ان سے زیادہ نیک نام ہیں اور اس طرح سے ان کی واپسی میں بھی سہولت پیدا ہو جائے گی لیکن میری کسی نے نہ مانی، تاہم ڈاکٹر عاصم حسین سے بھی ہمیں بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ آپ اگلے روز ندیم افضل چن اور دیگران سے لاہور میں ملاقات کر رہے تھے۔
ملک کی طرف اٹھنے والی میلی آنکھ 
بے نور کردیں گے: گورنر رجوانہ
گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ''ملک کی طرف اٹھنے والی میلی آنکھ بے نور کر دیں گے‘‘ اگرچہ میلی آنکھ پہلے ہی کافی بے نور ہوتی ہے، تاہم اس کے بے نور ہونے میں جو کسر باقی ہوگی ہم وہ بھی نکال دیں گے کیونکہ ہمیں اپنی افواج پر پورا پورا بھروسہ ہے۔ البتہ حکومت کے متعلق کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ حکومتوں کا آنا جانا تو لگا ہی رہتا ہے۔ اول تو ہم سپریم کورٹ سے پوری امید رکھتے ہیں کہ بیانات میں کھلے تضادات کے باوجود وہ ایک منتخب حکومت کا پورا پورا لحاظ کرے ورنہ وہ اپنے منتخب کرنے والوں کو کیا منہ دکھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ''دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کا خون ضائع نہیں جائے گا‘‘ کیونکہ یہ ماڈل ٹائون میں شہید ہونے والوں کے خون سے ذرا مختلف ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
آج کا مطلع
کرتا ہوں جمع خود کو بکھرنے کے نام پر
جیتا ہوں اس نواح میں مرنے کے نام پر

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں