"ZIC" (space) message & send to 7575

سُرخیاں اُن کی‘ متن ہمارے

دشمنوں کو امن تباہ کرنے کی اجازت
نہیں دی جائے گی: نواز شریف
وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''دشمنوں کو امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘‘ اگرچہ اجازت کے بغیر بھی ان کی کارروائیاں کافی تسلی بخش ہیں جو صرف اور صرف اپنے دفاع کے لیے ہیں کیونکہ جان بچانا تو بہرحال فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''آپریشن ردالفساد کو تیز تر کیا جائے‘‘ کیونکہ بعض مجبوریوں کی بناء پر اگر ایکشن پلان پر عمل نہیں کیا جا سکا تو کم از کم ردالفساد آپریشن کو تو تیز کیا جائے‘ اگرچہ اس میں بھی کچھ شرفاء زیر عتاب آئیں گے لیکن کافی حد تک ان کی حفاظت کا بندوبست کر دیا گیا ہے اور رانا ثناء اللہ صاحب اس سلسلے میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''ملکی سلامتی کے لیے انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کا خاتمہ ضروری ہے‘‘ اور عدلیہ کے فیصلے کے بعد جو لوگ اوپر آئیں گے یہ درد سر بھی انہی کا ہے ہم کیوں خواہ مخواہ سر کھپاتے رہیں۔ ہیں جی؟ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔
عوام کا مفاد ہمیشہ مقدّم رکھا‘ وعدے 
پورے کریں گے: شہباز شریف
خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''ہم نے عوام کا مفاد مقدم رکھا اور شروع سے ہی میٹرو بس‘ اورنج لائن وغیرہ کی تعمیر میں لگے ہوئے ہیں‘‘ جن کا سربسر تعلق عوام سے ہے اور چونکہ ہسپتالوں اور سکولوں کا تعلق امیر طبقے سے ہے‘ اس لیے ان کی طرف توجہ نہیں دی جا رہی بلکہ پینے کا صاف پانی بھی اسی طبقے کا مسئلہ ہے جبکہ عوام بوتلوں کے پانی ہی کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے‘‘ لیکن اس کے لیے کوئی تاریخ نہیں دی جا سکتی۔ کیونکہ مستقبل میں کیا ہونا ہے‘ اس کا علم صرف اللہ میاں کو ہے اور وعدوں کے بارے میں بھی وہی بہتر جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''ہر سازش ناکام اور ملک آگے بڑھتا رہا‘‘ جس کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ بیرونی قرضوں کی تعداد کھربوں تک پہنچ چکی ہے جسے ترقی کے علاوہ کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔ آپ اگلے روز لاہو میں ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نواز شریف 
اپیل نہیں کریں گے: مریم اورنگزیب
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نواز شریف اپیل نہیں کریں گے‘‘ البتہ کارکنوں کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ جمہوریت کا زمانہ ہے اور کسی کو اپنے جذبات کے اظہار سے روکا نہیں جا سکتا چاہے اس کی صورت کوئی بھی ہو جبکہ ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ بھی کارکنوں ہی نے کیا تھا اور میاں شہباز شریف لاہور سے صرف ان کے لیے دیگیں پکوا کر لے گئے تھے جن سے اب کی بار بھی یہی امید ہے کیوںکہ صرف بھوکا بٹیرا ہی لڑ سکتا ہے‘ کارکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''نواز شریف کسی بھی ادارے پر اثر انداز نہیں ہوئے‘‘ اول تو ادارے ہی ایسے بے دید ہو گئے ہیں کہ آنکھیں ماتھے پر رکھ لی ہیں۔ شاید اس لیے کہ انہیں اندازہ ہو چکا ہے کہ چندروز تک کیا ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''عمران خاں کو صرف فیتے کاٹنے کی تکلیف ہے‘‘ اگرچہ ایک ایک منصوبے کے کئی کئی بار فیتے کاٹے جا رہے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
لدھیانوی ہو یا کوئی اور‘ غیر قانونی 
سرگرمی پر گرفتار ہو گا: رانا ثنا ء اللہ
وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ''لدھیانوی ہو یا کوئی اور ‘ غیر قانونی سرگرمی پر گرفتار ہو گا‘‘ماسوائے ان شرفاء کے جو توبہ تائب ہو چکے ہیں اور چھوٹے موٹے دھماکوں پر ہی گزارا کر رہے ہیں جبکہ ہم نے شہر کے اہم مقامات پر گیس سلنڈرز بھی رکھوا دیے ہیں تاکہ دھماکے کی صورت میں اسے سلنڈر کا پھٹنا قرار دیا جا سکے‘ انہوں نے کہا کہ ''پاکستان کی ریاستی پالیسی واضح ہے‘‘ اور اسی لیے ایکشن پلان میں کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی تاکہ کسی غلط آدمی کے خلاف کارروائی نہ ہو جائے جو دراصل اندر سے صحیح ہوتا ہے اور ہم نے ان کی حفاظت کا بھی بیڑہ اٹھا رکھا ہے جو اب ہرگز خفیہ بات نہیں رہی کیونکہ ہماری مجبوریوں کو ہر کوئی سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نیا عزم پیدا کیا جائے‘‘ کیونکہ پرانا عزم بیکار ہو چکا ہے اور ملک کو ہر سال ایک نئے عزم کی ضرورت پیش آتی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
تحریک انصاف میں شمولیت کے وقت فوج 
کے ساتھ رابطوں کا علم نہیں تھا : جاوید ہاشمی
بابائے سیاست مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ''تحریک انصاف میں شمولیت کے وقت فوج کے ساتھ رابطوں کا علم نہیں تھا‘‘کیونکہ عمر کا تقاضا بھی ہے اور آخر میں نے بادام وغیرہ کھانے شروع کئے تو میرے دماغ میں کچھ توانائی آئی اور مجھے اس کا علم ہوا اور میں نے پارٹی چھوڑ دی تاکہ دوبارہ مسلم لیگ نواز میں شامل ہو سکوں لیکن اب تو گویا منہ میں دانت رہ گئے ہیں نہ پیٹ میں آنت‘ لیکن میاں صاحب کو پھر بھی کوئی خیال نہیں آ رہا اور ایسا لگتا ہے کہ میرے دنیا سے چلے جانے کے بعد ہی مجھے شامل کریں گے کیونکہ میں تو مرنے کے بعد بھی مسلم لیگی ہی رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ''پارلیمانی نظام ہی صحیح نظام ہے‘‘ جس کے فضائل کا میاں صاحب سے زیادہ اندازہ کس کو ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نظام نہ ہوتا تو میں یونین کونسل کا رکن بھی منتخب نہ ہو سکتا تھا‘ اگرچہ اب بھی یہی کیفیت ہے۔ آپ اگلے روز ملتان میں ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔
نواز شریف نے ملک سے 
دہشت گردی کا خاتمہ کیا: مجتبیٰ شجاع
صوبائی وزیر اطلاعات و ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ ''نواز شریف نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا‘‘ جس کا تیر بہدف طریقہ یہ تھا کہ وہ اس طبقے کے خلاف ایکشن نہ کر کے انہیں سہولیات فراہم کر کے شرمندہ ہی اس قدر کر رہے تھے کہ وہ خود ہی باز آ جائیں جس کا نتیجہ یہ ہے کہ روزانہ نہیں بلکہ دو چار روز کے ناغہ کے بعد ہی کوئی دھماکہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ''عمران خان جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں‘‘ جبکہ ہم اس سے بھی زیادہ جھوٹ بولتے ہیں لیکن لوگ پھر بھی گمراہ نہیں ہوتے کیونکہ یہ جھوٹ روزانہ کی بنیاد پر اور اس تسلسل سے بولا جاتا ہے کہ اسے سچ سمجھ لیا جاتا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
آج کا مطلع
کچھ اور ہی طرح کی روانی میں جا رہا تھا
چراغ تھا کوئی اور پانی میں جا رہا تھا

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں