"ZIC" (space) message & send to 7575

سُرخیاں‘ متن‘ ٹوٹا اور علی زریون

پانچ سال اقتدار کے مزے لوٹنے 
والے حساب دیں:نواز شریف
وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''پانچ سال اقتدار کے مزے لوٹنے والے اب حساب دیں‘‘ ہم نے بھی اقتدار کے مزے اس سے زیادہ لوٹے ہیں لیکن ہم تو سپریم کورٹ میں حساب دے رہے ہیں اور اگر برادر عزیز قطری کے خط نہ ملتے تو ہمارا حساب اب تک چکتا ہو چکا ہوتا کہ آخر ہمارے بزنس پارٹنر ہیں اور خوش قسمت بھی اتنے کہ بلوچستان میں 200ارب کا ٹھیکہ کسی ٹینڈر کے بغیر ہی مل گیا۔ انہوں نے کہا کہ ''خوف ختم ہو چکا‘ نیا پاکستان بن رہا ہے‘‘کیونکہ خوف بھی ہمارا ہی تھا جو چند دنوں تک ویسے ہی ختم ہونے والا ہے اور اس کے بعد قدرتی طور پر نیا پاکستان ہی بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''ہر طرف موٹر ویز بن رہی ہیں‘ لوگ فجر کی نماز حیدر آباد اور عشاء پشاور میں پڑھیں گے‘‘ اور سارے کام چھوڑ کر باقی عمر بھی دو نمازیں ہی حیدر آباد اور پشاور میں پڑھا کریں گے‘ اور اپنی عاقبت سنواریں گے‘ ہیں جی؟ آپ اگلے روز حیدر آبادمیں ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔
مفاہمت ختم‘ اب اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے:زرداری
سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''مفاہمت ختم‘ اب اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے‘‘ اور یہی وہ مفاہمت ہے جس کے طعنے سے بچنے کے لیے ہم اس سے انکار کرتے رہے ہیں اگرچہ سمجھنے والے سب کچھ سمجھتے تھے‘نیز‘ اینٹ کا جواب پتھر سے اس لیے دیں گے کہ اینٹ سے اینٹ بجاتے ہوئے اینٹوں کا سٹاک ہی ختم ہو گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ''بلاول کا جوش اور میرا تجربہ کام کرے گا‘‘ بلکہ میرا ہی نہیں‘ دیگر معززین یوسف رضا گیلانی اور لاتعداد فرنٹ مینوں کا تجربہ بھی کام کرے گا حتیٰ کہ ساری پارٹی ہی ماشاء اللہ بے حد تجربہ کار ہے کیونکہ ہمارا مقابلہ بھی اپنے جیسے تجربہ کاروں ہی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''الیکشن ہر حال میں جیتنا ہے‘‘ جو پچھلی دفعہ بھی جیت سکتے تھے لیکن جملہ زُعما ‘ جو دانہ دُنکا کمایا تھا اسے اکٹھا کرنے میں بے حد مصروف ہو گئے تھے۔ آپ اگلے روز لاہور میں عہدیداروں سے خطاب کر رہے تھے۔
پی پی پنجاب میں اپنی سیاست زندہ کرنا چاہتی 
ہے‘ ن لیگ کو فرق نہیں پڑے گا: رانا ثناء
وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ''پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنی سیاست زندہ کرنا چاہتی ہے ن لیگ کو کوئی فرق نہیں پڑے گا‘‘ کیونکہ ہم آرام کریں گے اور تھکاوٹ اتاریں گے جو تیز رفتار ترقی کی وجہ سے لاحق ہو چکی ہے‘ نیز فیصلے کے بعد ہمارا آرام ہی کرنے کا دور شروع ہو گا اور یہ توانائی آئندہ کسی الیکشن میں کام آئے گی جبکہ اس فیصلے سے ہماری سیاست ختم نہیں ہو گی بلکہ ہماری آئندہ نسلیں یہی کام کریں گی بشرطیکہ کچھ فراغت میسر آ گئی کیونکہ فراغت کا میسر ہونا بھی بہت مشکل ہی نظر آ رہا ہے کہ پاناما کے علاوہ بھی کچھ سنگین مسائل موجود ہیں جن کا نتیجہ بھی بالآخر نکل کر ہی رہے گا‘ ہم ایسے نتائج کب تک روکتے رہیں گے‘ ویسے بھی‘ سیانوں نے کہا ہے کہ مصیبت جب آتی ہے تو تنہا نہیں آتی بلکہ کئی اور مصیبتوں کو بھی ساتھ لے کر آتی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
الیکشن خریدنے کی کوشش ؟
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب کو زیادہ گیس کی فراہمی شریف خاندان کی الیکشن خریدنے کی کوشش ہے۔ اپنی طرف سے موصوف نے ایک بہت بڑا انکشاف کیا ہے حالانکہ انہیں بھی اچھی طرح سے معلوم ہے کہ الیکشن یہاں ہر بار خریدا ہی تو جاتا ہے کہ دونوں بڑی پارٹیوں کی نیک کمائی آخر کس دن کام آئے گی۔ نیز اس خریداری میں گیس کی فراہمی تو آٹے میں نمک کے برابر ہو گی۔ ہذٰا من فضل ربی کی کرامات ہر جگہ اور ہر طریقے سے سرخرو ہوں گی۔ ایک آپ ہیں کہ اتنا پیسہ اکٹھا کیا اور وہ بھی کینسر ہسپتالوں پر ''ضائع‘‘ کر دیا حالانکہ لوگ تو اب ہسپتالوں کا رخ ہی نہیں کرتے کیونکہ وہاں ڈاکٹر میسر آتا ہے نہ دوا دستیاب ہے‘ اور اگر ملے بھی تو جعلی ۔ آپ بھی عقلمندی سے کام لیتے تو پیسہ بچا کر رکھتے اور آج آپ کے کام آتا‘ کاش آپ بھی اتنے سمجھدار ہوتے‘ ان دونوں پارٹیوں سے ہی کچھ سبق حاصل کر لیں!
اور اب علی زریون کے تازہ اشعار:
نیا ذائقہ ہے‘ مزہ مختلف ہے
غزل چکھ کے دیکھ‘ اس دفعہ مختلف ہے
صدا کام کیسے کرے گی یہاں پر
گلی تو وہی ہے‘ گلا مختلف ہے
جو کمزور دل ہیں اُٹھیں جا کے سوئیں
اب آ گئے کہانی ذرا مختلف ہے
وہ روتے ہوئے ہنس پڑا اور بولا
خدا آدمی سے بڑا مختلف ہے
یہ نہیں کہہ رہا کہ ڈر مجھ سے
مست ہوں‘ اجتناب کر مجھ سے
میں کہ جو بے خبر سا آدمی ہوں
بن بھی سکتی ہے اک خبر مجھ سے
اصل میں جانتے نہیں مُجھ کو
یہ جو ملتے ہیں بے خطر مجھ سے
یار تیرا تو مسئلہ ہی نہیں
میں نہیں ہو رہا بسر مجھ سے
کس طرح کا خدا بنا ہُوا ہوں
ڈر گیا ہے مرا بشر مجھ سے
آج کا مطلع
اگرچہ مہربلب ہوں‘ سنائی دے رہا ہوں
کہ ہوں کہیں بھی نہیں اور دکھائی دے رہا ہوں

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں