"ZIC" (space) message & send to 7575

سُرخیاں ‘ متن اور ممتاز اطہر کا تازہ کلام

الیکشن اسی سال‘ آئندہ وزیر اعظم 
پتا نہیں کون ہو گا: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ''الیکشن اسی سال‘ آئندہ وزیر اعظم پتا نہیں کون ہو گا‘‘ اگرچہ میں ہمیشہ یہی کہا کرتا ہوں کہ آئندہ وزیر اعظم میں ہوں گا لیکن اس بار میں نے خاصی رعایت کر دی ہے‘ اس لیے عوام کے لیے فکر مندی کی کوئی بات نہیں ہے‘ ویسے بھی میری تیسری شادی کی افواہیں گرم ہیں‘ اس لیے بھی میرا وزیر اعظم بننے والا معاملہ کھٹائی میں پڑ جائے گا جیسا کہ پچھلی بار ہُوا تھا یعنی اگر میں وہ شادی نہ کرتا تو میری وزارت عظمیٰ پکّی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ''بڑی تبدیلی کی اُمید ہے‘‘ اور یہ بھی ہماری پیشین گوئی کے مطابق ہی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ''پاناما کیس کے فیصلے کا انتظار ہے‘‘ لیکن اگر اس میں کامیابی نہ ملی تو شادی کے لیے تو راستہ صاف ہو جائے گا جو کہ بجائے خود بہت بڑی تبدیلی ہو گی۔ آپ اگلے روز لاہور میں اپنے بھانجے کے ولیمے میں شریک تھے۔
اقتدار ہمارے پاس ہو گا تو کرپشن 
کی بات نہیں ہو گی: فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''اقتدار ہمارے پاس ہو گا تو کرپشن کی بات نہیں ہو گی‘‘ کیونکہ کرپشن کی نسبت کرپشن کی بات زیادہ خطرناک ہوتی ہے اور حکومت بھی کرپشن سے کم اور کرپشن کی آئے روز کی باتوں سے زیادہ بدنام ہو گئی ہے‘ اس لیے ہماری پوری کوشش ہو گی کہ کرپشن کی بات نہ ہو ورنہ کرپشن تو اب روٹین کا معاملہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''عالمی قوتیں مسئلہ کشمیر حل کرائیں‘‘ اور جہاں تک میرا تعلق ہے تو خاکسار نے یہ بیان دے ہی دیا ہے اس لیے اب یہ طعنہ نہیں دیا جا سکتا کہ کشمیر کمیٹی کا چیئرمین ہونے کے باوجود میں نے کشمیر کے لیے کچھ نہیں کیا جبکہ یہ مسئلہ حل کرنے کے لیے اقتدار حاصل کرنا ضروری ہے‘ اور اگر اتنا بڑا اجتماع منعقد کرنے کے بعد بھی مجھے وزیر اعظم نہیں بنایا جاتا تو اس سے بڑی ناانصافی اور کیا ہو گی۔ آپ اگلے روز نوشہرہ میں اجتماع کے آخری روز خطاب کر رہے تھے۔
جنوبی پنجاب سے تختِ رائیونڈ 
کا صفایا کر دیں گے:بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''جنوبی پنجاب سے تختِ رائیونڈ کا صفایا کر دیں گے‘‘ کیونکہ اگر تخت لاڑکانہ کا صفایا ہو سکتا ہے تو تخت رائیونڈ کس کھیت کی مولی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''مفادِ عامہ پہلی ترجیح ہے‘‘ جبکہ حالیہ دور میں بھی ہماری پالیسی یہی رہی ہے اور حکومت چلانے کے ساتھ ساتھ ہم نے لوگوں کے علاج معالجے کا بھی انتظام کر دیا تھا جس سلسلے میں ہمارے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور چونکہ لوگوں کی اکثریت پھربیمار پڑتی جا رہی ہے اس لیے بھی صاحبِ موصوف کو خدمت کا دوبارہ موقع دیا جانا بے حد ضروری ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ''پیپلز پارٹی کے پاس غریب کے لیے بہترین منصوبے ہیں‘‘ جبکہ غریبوں کا پیٹ صرف منصوبوں ہی سے بھرا جا سکتا ہے جبکہ ان منصوبوں کا مکمل ہونا صرف اللہ کے حکم سے مشروط ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
بائیس جماعتی اتحاد تشکیل دے
دیا ہے: پرویز مشرف
سابق صدر (ر) جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ''بائیس جماعتی اتحاد تشکیل دے دیا ہے‘‘ جس میں زیادہ تر وہی جماعتیں شامل ہوں گی پچھلے دنوں الیکشن کمیشن نے جن کی رکنیت منسوخ کر دی تھی کیونکہ اس اتحاد نے کون سا الیکشن لڑنا ہے‘ بس ذرا دل پشوری ہوتی رہے گی جبکہ میری واپسی تو بوجہ علالت ممکن نہیں ہے اسی وجہ سے پچھلے دنوں صحیح طور پر ڈانس بھی نہیں کر سکا ہوں چنانچہ میں سیاست کاری ملک سے باہر رہ کر ہی کروں گا کیونکہ اگر الطاف بھائی ملک سے باہر رہ کر ایک پوری پارٹی چلا سکتے ہیں اور حکومت کے علم میں ہونے کے باوجود کہ بھارت سے اُنہیں فنڈنگ وغیرہ بھی ہوتی رہتی ہے‘ حکومت نے اُن کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا تھا تو میرے خلاف مقدمات بھی ایک مذاق ہی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ آپ اگلے روز وڈیو لنک سے خطاب کر رہے تھے۔
ممتاز اطہر
اور‘ اب خوبصورت شاعر ممتاز اطہر کا تازہ کلام!
نظر ہے شرط‘ ابدزار بھی تماشا ہے
تماشا گاہ کے اُس پار بھی تماشا ہے
زمیں کے شور و شکستِ انا کے موسم میں
ہماری ذات کی دیوار بھی تماشا ہے
ہمارے عہد میں تقدیسِ حرف جاتی رہی
کُھلا یہ ہم پہ کہ اِظہار بھی تماشا ہے
عجب نہیں ہے کہ سب راکھ ہوکے اُڑ جائیں
مدارِ ثابت و سیّار بھی تماشا ہے
تماشا گر کو بھلا اس کی کیا خبر اظہرؔ
ہمارا دیدۂ بیدار بھی تماشا ہے
آج کا مقطع
یہیں کسی کے لئے خاک ہو گیا تھا ظفر
جو بیٹھتا ہی نہیں یہ غبار اُسی کا ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں