"ZIC" (space) message & send to 7575

مُفت کے اشتہار

تلاشِ گُمشدہ
ہر گاہ بذریعہ اشتہار ہٰذا گم شدہ کارکنوں سے گزارش ہے کہ اگر اشتہار ہٰذا پڑھیں تو واپس آ جائیں، انھیں کچھ نہیں کہا جائے گا بلکہ ان سے التماس ہے کہ براہ کرم وہ ہمیں کچھ نہ کہیں۔ اب تک جو ان کا مالی نقصان ہوا ہے پارٹی اس کی تلافی تو نہیں کر سکتی کیونکہ آجکل وہ خود فقری ہو گئی ہے اور بڑی مشکل سے گزر اوقات کر رہی ہے کیونکہ اقتدار سے محرومی کے بعد خدمت کا سلسلہ بھی مکمل طور پر بند ہے حتیٰ کہ فرنٹ مین حضرات بھی ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیکار بیٹھے ہیں ، ماسوائے سندھ کے جہاں کسی قدر دال دلیا ہو رہا ہے جس سے روزانہ کا خرچہ بھی مشکل ہی سے چل رہا ہے، اس لیے کارکن حضرات تعاون کا مظاہرہ کر کے جہاں ہیں، واپس آ جائیں، صرف کرایہ واپسی پیش کیا جائے گا اور فی الحال اسی کو غنیمت سمجھیں۔
المشتہر : پاکستان پیپلز پارٹی
تعاون مطلوب ہے
ہرگاہ حکومت نے ایک محکمہ بددُعا قائم کیا ہے تا کہ جے آئی ٹی کے لئے بددُعائیں مانگی جائیں کہ اس کی توپوں میں کیڑے پڑ جائیں جس کے لیے حکومت نے کیڑے مار دوائوں کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے تاکہ یہ کیڑے پھولتے پھلتے رہیں اور ان توپوں کو تہس نہس کر دیں۔ صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کو شعبہ ہٰذا کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے کیونکہ سنا ہے کہ کالی زبان والوں کی بددُعا فوراً اثر کرتی ہے۔ عوام اور خاص طور پر پارٹی کارکنوں سے پرزور اپیل ہے کہ وہ جوق درجوق تعاون فرمائیں اور گھروں میں بیٹھ کر پانچ وقت بددعائیں مانگیں اور عنداللہ ماجور ہوں اور اس کار ثواب میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں پیشتر اس کے کہ وہ اپنی زہر آلود رپورٹ عدالت میں پیش کردے اور سارا کیا کرایا خاک میں مل جائے۔
المشتہر : مسلم لیگ نواز گروپ
اطلاعِ عام
ہر گاہ بذریعہ اشتہار ہٰذا ہر خاص و عام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ حکومت نے جی آئی ٹی کو برا بھلا کہنے کے لیے مرکزی وصوبائی وزراء اور عہدیداران کے درمیان جو مقابلے کا اہتمام کر رکھا ہے ان کے ساتھ بھرپور تعاون کے علاوہ اس صحتمند مقابلے کو اپنے زیر مشاہدہ رکھیں اور ان کے بار ے میں اپنی رپورٹ مع سفارشات حکومت کو بھجواتے رہیں تاکہ اول آنے والے کو انعام وکرام سے نوازا جا سکے۔مفصل ڈ ترین رپورٹ پیش کرنے والے کو بھی انعام سے نوازا جائے گا بلکہ اگر ہو سکے تو ان کرم فرمائوں کے لیے مناسب نعرے اور سلوگن بھی تجویز کر کے بھیجیں جو وہ اپنی تقریروں میں استعمال کر سکیں کیونکہ اگر زور و شور سے اس مہم میں حصہ لیا گیا تو جے آئی ٹی والے سارا کام چھوڑ کر ویسے ہی بھاگ جائیں گے۔ سید نہال ہاشمی صاحب کو اس شعبے کا سربراہ منتخب کیا گیا ہے ان کے ساتھ بھی تعاون کیا جائے۔
المشتہر : حکومت پاکستان
تلاشِ گُم شُدہ 
ہر گاہ بذریعہ اشتہار ہٰذا یہ افسوسناک اطلاع دی جاتی ہے کہ جے آئی ٹی میں پیش کیے جانے والے اصل ثبوتوں کا تھیلا کہیں گم ہو گیا ہے یا چوری ہو گیا ہے اور یہ سب کچھ ایک سازش کے تحت کیا گیا ہے ، اس لیے حکومت کو زبانی کلامی منی ٹریل پر ہی گزارہ کرنا پڑ رہا ہے اور اب ساری امیدیں قطری شہزادے پر ہی لگی ہوئی ہیں جویہاں تو تشریف نہیں لا سکے، تاہم، جے آئی ٹی والے چونکہ قطر جانے پر بھی تیار ہو گئے ہیں اس لیے شہزادہ صاحب سے بھی گزارش ہے کہ سوال جواب اور جرح سے گھبرانے کی بجائے ان کا ڈٹ کر مقابلہ فرمائیں بلکہ اس سے پیشتر کسی قابل وکیل سے بھی مشورہ کرلیں تا کہ سوالوں کا جواب دینے میں زیادہ دقت پیش نہ آئے۔ اندریںاثناء گم شدہ تھیلا واپس کرنے والے کو قطر کا مفت دورہ کرایا جائیگا، اور اگر چور صاحب انسانی ہمدردی کے تحت تھیلا واپس کردیں تو ان کے لیے کارثواب ہے۔
المشتہر : حکومت پاکستان عفی عنہ
تعاون مطلوب ہے
ہر گاہ بذریعہ اشتہار ہٰذا مطلع کیا جاتا ہے کہ پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کی طرف سے تحریک انصاف میں شامل ہونے والے زعما چونکہ ٹکٹ کی شرط پر ہی پارٹی میں شامل ہوئے تھے اس لیے تقریباً ساری کی ساری ٹکٹیں ان خواتین وحضرات ہی کو دینی پڑ گئی ہیں، اس لیے پارٹی عہدیداران مایوس نہ ہوں اور پارٹی کے ساتھ اپنا تعاون اور گرمجوشی برقرار رکھیں جنہیں اگلی باراکا مو ڈیٹ کرلیا جائے گا۔ اول تو یہ سبز قدم خواتین وحضرات اپنے ساتھ پارٹی کو بھی لے ڈوبیں گے اور پارٹی کا بولو رام ہو جائے گا اور یہ لوگ شرمسار ہو کر اپنی پارٹی میں واپس چلے جائیں گے جس کے بعد پارٹی نئے سرے سے اپنے آپ کو منظم کرے گی اورایک نئے دور کا آغاز کرے گی، تاہم یہ بھی ان تبدیلیوں میں سے ایک تبدیلی شمار ہو گی، تحریک انصاف جس کا اعلان اور وعدہ کرتی رہی ہے۔
المشتہر: پاکستان تحریک انصاف
اشتہارات مفت چھپوائیں!
اشتہارات مفت چھپوانے کے لیے جوق در جوق تشریف لائیں تاہم مفت اشتہار کا مطلب بالکل ہی مفت نہیں ہے اس لیے کالم نویس کی امداد کے طور پر درمے درمے، سخنے تعاون فرمائیں اور سخنے سے پرہیز کریں۔نقد معاوضے کے علاوہ ہر طرح کی جنس، گندم، آٹا،گھی اور چینی وغیرہ بھی قبول کی جاتی ہے، اس لیے جو حسب توفیق ہو، کنجوسی کا مظاہرہ نہ کریں، جو دے اس کا بھلا ، جو نہ دے اس کا ہر گز بھلا نہ ہوگا۔
المشتہر : کالم نویس ہفت روزہ ''پٹاخہ‘‘ لاہور
آج کا مقطع
زندگی کے وہ مُرقعے ہیں، ظفرؔ، آنکھوں میں
جن پہ خود موت بھی سوجان سے واری جائے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں