نوازشریف اور چوہدری نثار میں عاشق
اور معشوق کا رشتہ ہے : سعد رفیق
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ''نوازشریف اور چوہدری نثار میں عاشق و معشوق کا رشتہ ہے‘‘ البتہ یہ کسی کو معلوم نہیں کہ ان دونوں میں سے عاشق کون ہے اور معشوق کون‘ تاہم ایسا لگتا ہے کہ یہ دونوں حضرات اپنی اپنی حیثیت تبدیل بھی کرتے رہتے ہیں اور باری باری سے عاشق اور معشوق بنا کرتے ہیں تاکہ حساب برابر رہے۔ انہوں نے کہا کہ ''نواز‘ نثار ملاقات اچھی رہی‘ گلہ شکوہ نہیں کیا‘‘ کیونکہ نواز برادران کا چل چلائو ہے اور شکوہ شکایت کی بجائے ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ''مقدمے کے دوران جو روّیہ اپنایا گیا اس سے عدلیہ کے بارے میں ہمارے تحفظات بڑھ گئے ہیں‘‘ یعنی ہمارے تحفظات میں ترقی ہوئی ہے جس سے ملک کی تیزرفتار ترقی کے بارے میں بھی اندازہ لگایا جاسکتا ہے اور اسے بہرصورت تسلیم کرنا پڑے گا۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔
قانون سے ہٹ کر فیصلے ریاست کے
لیے مناسب نہیں ہونگے : جاوید لطیف
مسلم لیگ نون کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ''قانون سے ہٹ کر فیصلے ریاست کے لیے مناسب نہیں ہوں گے‘‘ کیونکہ ہماری نظر میں نوازشریف اور ان کی فیملی کے خلاف کوئی بھی فیصلہ قانون سے ہٹ کر ہو گا جبکہ آج تک کسی عدالت نے کبھی ایسا مایوس کن مظاہرہ نہیں کیا ہے اور میاں صاحب ملک کے وزیراعظم تھے‘ کوئی نتھو پھتو نہیں تھے‘ اس لیے فیصلہ ان کی حیثیت کے مطابق ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ''ستر برس میں جو بھی رہنما مقبول ہوا اُسے برداشت نہیں کیا گیا‘‘ جبکہ کمیشن اور کک بیکس وغیرہ حکومتی مجبوریاں ہوتی ہیں اور ان کے بغیر ملک نہیں چل سکتا‘ اور ایک بھوکا ننگا وزیراعظم ملک کیسے چلا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''جی ٹی روڈ پر دنیا نے دیکھ لیا کہ لوگ کیا چاہتے ہیں‘‘ اگرچہ کسی نے اُنہیں یہ نہیں بتایا کہ انہیں کیوں نکالا جس کے لیے وہ نیب عدالت میں آ گئے ہیں اور یہاں بھی پوچھیں گے کہ مجھے کیوں نکالا جبکہ ان مقدمات کے فیصلے کے بعد یہ سوال تبدیل ہو کر ''مجھے کیوں بھیجا‘‘ ہو جائے گا۔ آپ اگلے روز ایک ٹی وی ٹاک شو میں شریک تھے۔
عمران خان کا قبل ازوقت انتخابات کا
مطالبہ احمقانہ ہے : آفتاب شیرپائو
قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خاں شیرپائو نے کہا ہے کہ ''عمران خان کا قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ احمقانہ ہے‘‘ کیونکہ ساری دنیا جانتی ہے کہ حالیہ احتساب کے نتیجے میں ساری صورتحال ہی تبدیل ہو جائے گی اور اکثر انتخاب لڑنے والوں کا ویسے ہی صفایا ہو جائے گا کیونکہ اس حمام میں کم و بیش سبھی ننگے ہیں اور اپنی اپنی جگہ کسی نے بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی تو ایسے میں انتخابات جو وقت پر بھی ہوتے نظر نہیں آ رہے‘ عمران خان قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ آپ اگلے روز پشاور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
کہا تھا کہ شیر آئے گا اور سارا پاکستان دیکھے گا : مریم اورنگزیب
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''میں نے کہا تھا کہ شیر آئے گا اور سارا پاکستان دیکھے گا‘‘ چنانچہ شیر آیا اور سب ڈر کے مارے اپنے گھروں میں جا چھپے۔ حالانکہ انہیں معلوم ہونا چاہیے تھا کہ یہ شیر اب بوڑھا ہو چکا ہے اور دھاڑنے کے علاوہ اور کچھ کرنے کے قابل نہیں ہے بلکہ تھوڑے ہی عرصے بعد چڑیا گھر کی نذر ہو جائے گا اور بچے وہاں جا کر اسے دیکھا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ''سابق وزیراعظم نے قانون کی پاسداری کی ہے‘‘ جو پہلے جی ٹی روڈ اور اس کے بعد اس کارخیر میں اب تک مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''نوازشریف نے آئینی اور قانونی راستہ اختیار کیا ہے‘‘ کیونکہ جی ٹی روڈ سمیت باقی سب راستے بند ہو چکے ہیں اور وہ ساتھ ساتھ انہیں کھولنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے معمول کا بیان جاری کر رہی تھیں۔
بل گیٹس سے زیادہ امیر آدمی
کسی نے بل گیٹس سے پوچھا‘ کوئی آپ سے بھی زیادہ امیر آدمی ہے؟ تو اُنہوں نے کہا کہ ہے‘ ایک اور صرف ایک۔ انہوں نے بتایا کہ کافی سال پہلے جب میں نوکری سے برخاست ہو چکا تھا۔ میں نے نیویارک ایئرپورٹ پر اخبارات پڑے دیکھے اور ایک خریدنا بھی چاہا لیکن میرے پاس کھلے پیسے نہیں تھے‘ چنانچہ میں نے ارادہ ترک کر کے اخبار وہیں رکھ دیا۔ لیکن ایک حبشی لڑکا میرے پاس آیا اور مجھے اخبار دیتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کے لیے ہے۔ میں نے کہا میرے پاس کھُلے پیسے نہیں ہیں۔ اس نے کہا‘ کوئی بات نہیں یہ میری طرف سے مُفت ہے۔ کوئی تین ماہ بعد میں پھر وہاں گیا۔ پھر وہی کچھ ہوا اور وہ لڑکا اخبار پکڑے میری طرف بڑھا اور وہی اخبار پھر مجھے مُفت پیش کیا۔ میں نے کہا میں نہیں لوں گا جس پر وہ بولا کہ یہ میں آپ کو اپنے منافع میں سے دے رہا ہوں۔ 19 سال بعد میں امیر ہو گیا اور میں نے اس لڑکے کو ڈھونڈنے کی کوشش کی۔ آخر ڈیڑھ ماہ کی تلاش میں ،میں نے اُسے ڈھونڈ نکالا۔ میں نے اس سے پوچھا کیا تُم مجھے جانتے ہو؟ اس نے کہا کہ ہاں آپ مشہور و معروف بل گیٹس ہیں۔ میں نے کہا تُم نے مجھے دو بار مُفت اخبار دیا۔ میں تمہیں ہر چیز دے سکتا ہوں جو تُم چاہو۔ اس نے کہا کہ آپ مجھے بدلہ نہیں دے سکتے۔ میں نے کہا کیوں‘ تو وہ بولا کہ میں نے آپ کو اس وقت دیا جب میں غریب تھا اور اب آپ مجھے اس کا بدلہ دینا چاہتے ہیں جبکہ آپ امیر ہیں۔ چنانچہ آپ مجھے اس کا بدلہ کیسے دے سکتے ہیں۔ بل گیٹس نے کہا وہ حبشی لڑکا مجھ سے زیادہ امیر ہے۔ کچھ دینے کے لیے آپ کو امیر ہونے یا اس کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں۔ (انٹرنیٹ سے ماخوذ)
آج کا مطلع
بند ہی رہنا تھا اِس بھیدوں بھرے دل نے‘ ظفرؔ
یہ گرہ جو آج تک ہم سے نہیں کھولی گئی