"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ان کی ‘ متن ہمارے

آج کا پاکستان ماضی سے بہتر تصویر پیش کررہا ہے : صدر ممنون 
صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ '' آج کا پاکستان ماضی سے بہتر تصویر پیش کررہا ہے ‘‘ اور یہ وہ تصویر ہے جو حکمرانوں نے بڑی کوشش اور بھاری رقوم خرچ کرکے بنوائی ہے اور جس میں اخباری اشتہارات کا حصہ نمایاں ہے جبکہ الیکٹرانک میڈیا نے بھی اشتہارات کے ذریعے اس تصویر کی دلکشی میں بھر پور کردار ادا کیا ہے جبکہ حکومت ریکارڈ قرضے حاصل کرکے بھی اس تصویر کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ '' گزشتہ ادوار میں قومی وسائل کا ضیاع ہوا ‘‘ جبکہ حالیہ حکمرانوں نے قومی وسائل کو سمیٹ کر محفوظ کرلیا اور ان کا ضیاع نہیں ہونے دیا اور اس طرح قومی وسائل کی ایک ایک پائی ضائع نہیں ہونے دی۔ انہوں نے کہا کہ '' اس سے معیشت پر منفی اثرات پڑے ‘‘ جنہیں زائل کرنے کی وزیر خزانہ اسحقٰ ڈار نے بھر پور کوشش کی اور قرضے لے لے کر مخالفوں کی بولتی بند کر دی اور ان کی اپنی بھی بولتی بند ہونے والی ہے۔ آپ اگلے روز ٹیکسٹائل یونیورسٹی کانووکیشن سے خطاب کررہے تھے ۔
اپوزیشن بتائے ‘ اپوزیشن لیڈر بدلنے کی وجہ کیا ہے : خورشید شاہ 
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ''اپوزیشن بتائے ‘ اپوزیشن لیڈر بدلنے کی وجہ کیا ہے ۔ جبکہ حکومت پر تنقید کے ساتھ ساتھ حکومت کے ساتھ تعاون بھی کرنا پڑتا ہے ا ور اپوزیشن کے خلاف چونکہ مقدمات اور ریفرنسز وغیرہ نہیں ہیں اس لیے وہ اپوزیشن میں ہونے کے فوائد سے پوری طرح آگاہ نہیں ہے جبکہ دونوں طرف کے مقدمات انتقامی کارروائی کا شاخسانہ ہوتے ہیں۔ اس لیے انہیں ختم کرنا اپوزیشن کی ترجیح اوّل چلی آرہی ہے۔ جسے مخالفین نے خواہ مخواہ مک مکا کا نام دے رکھا ہے ، اور اگر اپوزیشن فرینڈلی نہ ہوتی تو آج ساری پارلیمنٹ یا تو جیل میں ہوتی یا مقدمے بھگتتی اور عدالتوں میں خوار ہوتی نظر آتی۔ انہوں نے کہا کہ '' چیئرمین نیب کے حوالے سے میڈیا والے ناموں میں کوئی صداقت نہیں ‘‘ جس کے لئے خاکسار حکومت کے ساتھ مل کر ایک ایک اپنی مرضی کا بندہ بتائیں گے جن میں سے ایک پر اتفاق رائے ہو جائے گا اور دونوں کے راستے آسان ہو جائیں گے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔
اپوزیشن بکھرنے لگی ‘ آئندہ الیکشن بھی جیتیں گے : عابد شیر علی
وفاقی وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ '' اپوزیشن بکھرنے لگی ‘ آئندہ الیکشن بھی جیتیں گے ‘‘ اگرچہ ریفرنسوں کے فیصلے کے بعد ہم خود خزاں زدہ پتوں کی طرح بکھر کر رہ جائیں گے اور اول تو سارا صفایا ہونے سے پہلے الیکشن ہونے کا سوال پیدا ہی نہیں ہوتا کیونکہ چاروں طرف اور اندر باہر گند ہی اتنا پڑا ہوا ہے کہ اس کی صفائی کے لئے بھی ایک اچھی خاصی مدت درکار ہوگی اور خدشہ ہے کہ خاکسار سمیت جملہ لیڈران کرام سرکاری آرام گاہوں کوآباد کررہے ہوں گے اور افراتفری کے اس عالم میں جب سب کو اپنی اپنی پڑی ہوگی کسی الیکشن بارے سوچنا سوائے ذہنی عیاشی کے اور کچھ نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ '' نوازشریف نے ملک کو شاہراہ ترقی پر گامزن کیا ‘‘ جو جاتی امرا سے شروع ہو کر لندن کے فلیٹس تک پھیلی ہوئی سب کو نظر آ رہی ہے جبکہ زیادہ تر تو صیغہ راز میں ہے اور خود ماموں جان کو بھی اس کا صحیح اندازہ نہیں ہے۔ آپ اگلے روز فیصل آباد میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔
ہمارا احتساب ہو رہا ہے تو پی ٹی آئی کا بھی ہونا چاہئے : رانا تنویر
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ '' ہمارا احتساب ہو رہا ہے تو پی ٹی آئی کا بھی ہونا چاہئے‘‘ اگرچہ وہ حکومت میں نہیں رہی ‘ ماسوائے خیبرپختونخوا کے ‘ لیکن آخر انہوں نے اقتدار میں آنا ہی ہے اور ہمارے جیسے لچھن انہوں نے بھی اختیار کرنے ہیں تو ان کا پیشگی اور احتیاطاً احتساب کیوں نہیں ہوسکتا کیونکہ ہمارے قائد کی طرح اگر عمران خان کا بھی بستہ گول ہو جائے تو ہمارا گھر پورا ہو جائے گا۔ اس لیے مساوات کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کی بھی چھٹی کرا دی جائے تو ہمارا کلیجہ ٹھنڈا ہو جائے گا کیونکہ سیاست کلیجہ ٹھنڈا اور جیب گرم کرنے کا ہی نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ '' نوازشریف کے خلاف فیصلوں کی جلدی کی گئی ‘‘ حالانکہ سہج پکے سو میٹھا ہو ‘ کے مصداق یہ کام آرام سے بھی ہوسکتا تھا، آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کررہے تھے ۔
عمران کو نااہل کروا کے عوام کے سامنے
بے نقاب کرینگے : طلال چوہدری
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران کو نااہل کروا کے عوام کے سامنے بے نقاب کریں گے ‘‘ اگرچہ ہمارے قائد تو نااہل ہونے سے پہلے ہی عوام کے سامنے بے نقاب تھے ‘ تاہم اب وہ کچھ زیادہ ہی بے نقاب ہو گئے ہیں ‘ لیکن کوئی بات نہیں ‘ ہم انہیں ایک اور نقاب خرید دیں گے بلکہ چونکہ دیگر زعماء نے بھی ابھی مزید بے نقاب ہونا ہے اس لیے تھوک کے حساب سے ہی نقاب مہیا کرنے پڑیں گے ‘ جو کوئی مشکل کام نہیں ہے کیونکہ اتنا پیسہ کمایا کس لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ '' نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئی درجن جماعتوں کو کالعدم قرار دیا گیا ہے ‘‘ ۔ حالانکہ ان میں سے اکثر نام بدل بدل کر اپنے اپنے کارِ خیرمیں مصروف ہیں۔ الیکشن کے دنوں ہمارے بھی دست و بازو بننے کی سعادت حاصل کرتی ہیں اور ہمارا بھی کام نہایت خوش اسلوبی سے چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''ان جماعتوں کو نام تبدیل کرکے کام کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ‘‘ اور جو جماعتیں نام تبدیل کے کام کررہی ہیں ان کے خلاف آخر کیا کیا جاسکتا ہے کیونکہ وہ اپنے کام کے ساتھ ہمارا کام بھی نمٹاتی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ '' پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے ‘‘ اسلئے جہاں جہاں بھی دنیا میں دہشت گردی کے واقعات ہوتے ہیں تو انہیں پاکستان کے ذمے لگا دیا جاتا ہے۔ آپ اگلے رو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرہے تھے ۔
آج کا مقطع 
ذاکرہ تھی کوئی اور خوب رلاتی تھی ‘ ظفر 
مجلسیں پڑھتی ہوئی دل کے عزا خانے میں

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں