"ZIC" (space) message & send to 7575

سُرخیاں‘ متن اور احمد مشتاق

ووٹ کے تقدس کا پیغام ہر فرد تک پہنچائوں گا : نوازشریف
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ''ووٹ کے تقدس کا پیغام ہر فرد تک پہنچائوں گا‘‘ اور اس پیغام کا تقدس صرف یہ ہے کہ منتخب وزیراعظم کے کام میں کسی طرح کی مداخلت نہ کی جائے اور یہ بات میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ اگر میرے اثاثے میرے وسائل سے زیادہ ہیں تو کسی کو کیا تکلیف ہے؟ ہیں جی؟ تاہم‘ اگر یہ پیغام کسی فرد تک نہ پہنچ سکے تو وہ خط لکھ کر مجھ سے پوچھ بھی سکتا ہے جبکہ محکمۂ ڈاک واحد ادارہ ہے جو سازشوں سے بچا ہوا ہے ورنہ ہر ادارہ میرے خلاف اسی نیک کام میں لگا ہوا ہے اور امید ہے کہ ان کا جلد ہی خاتمہ ہو جائے گا کیونکہ عزیزی شہبازشریف سعودیہ شریف جا چکے ہیں اور کوئی نہ کوئی این آر او لے کر ہی آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ''اب میں گھر نہیں بیٹھوں گا‘‘ جبکہ جاتی امرا والا گھر پہلے ہی پرایا ہو چکا ہے اور ایک طرح سے اس میں کرایہ دار کے طور پر ہی رہ رہا ہوں اور جو ادارہ گھر بھیجنے پر بھی مجبور کر دے اس کے خلاف تحریک چلانا تو عین ثواب ہے۔ آپ اگلے روز ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو بھیک نہ مانگیں : شہبازشریف
خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ''پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو بھیک نہ مانگیں‘‘ کیونکہ اب تک ٹوٹے ہوئے کشکول کے ساتھ جتنی بھیک مانگی جا چکی ہے وہ بھی سنبھالے نہیں سنبھل رہی اور جو دشمنوں کو ایک آنکھ نہیں بھا رہی اور ایک نیا ریفرنس تیار کیا جا رہا ہے جبکہ ابھی حدیبیہ سے خلاصی پر جی بھر کے مٹھائی بھی نہیں کھائی تھی اور اسی بات کا رونا رونے کے لیے سعودیہ جا رہا ہوں کہ دیکھیں‘ ہمارے ساتھ ہو کیا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''آئیں‘ پاکستان کو مزید بکھرنے نہ دیں‘‘ جبکہ سیالوی صاحب اور دیگر مولوی صاحبان نے ہمارے ووٹ پہلے ہی کافی حد تک بکھیر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''شہیدوں کی خاطر ایک ہو جائیں‘‘ کیونکہ پیپلز پارٹی اگر شہیدوں کے نام پر دو الیکشن جیت سکتی ہے تو آخر ان پر ہمارا بھی تو حق ہے۔ آپ اگلے روز پولیس کالج سہالہ میں گفتگو کر رہے تھے۔
تعلیم پر توجہ نہ دینے سے ہم پیچھے رہ گئے : احسن اقبال
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''تعلیم پر توجہ نہ دینے سے ہم پیچھے رہ گئے‘‘ تاہم جن معاملات میں ہم نے آگے نکلنا تھا ان میں ہم کسی سے پیچھے نہیں ہیں اور اب تک اس کا حساب دے رہے ہیں اور نہ جانے کب تک دیتے رہیں گے اور جس کے لیے سابق وزیراعظم کو خواہ مخواہ قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے البتہ خادم اعلیٰ پنجاب تعلیم کے حوالہ سے جو بیان دیتے رہتے ہیں‘ اگر ان کے دیگر بیانات کے ساتھ رکھ کر انہیں دیکھا جائے تو بات آسانی سے سمجھ میں آ جاتی ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ لوگ آسان باتوں کو سمجھنے میں بھی کافی دیر لگا دیتے ہیں حالانکہ وقت بہت قیمتی چیز ہے‘ اسے بچا کر رکھنا چاہیے اور اسے مفید کاموں پر صرف کرنا چاہیے جبکہ ہماری درخشاں مثالیں سب کے سامنے ہیں اور جس کا اندازہ ان انکوائریوں ہی سے لگایا جا سکتا ہے جو نیب شروع کرنے والا ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں انڈئومنٹ سکالر شپ کا افتتاح کر رہے تھے۔
حکومت کے خلاف اس وقت اتحاد کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا : فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''حکومت کے خلاف اس وقت اتحاد بنانے کا کوئی فائدہ نہ ہو گا‘‘ کیونکہ ہر کام ماشاء اللہ فائدے کے لیے ہی کیا جاتا ہے اور جب تک یہ حکومت قائم ہے اس کے خلاف اتحاد بنا کر اپنا قیمتی وقت ضائع کرنے کی بجائے اس سے فائدہ اُٹھانا زیادہ افضل ہے اور ہم لوگوں نے گھاٹے کا سودا نہ کبھی پہلے کیا ہے نہ اب کریں گے‘ انشاء اللہ العزیز۔ انہوں نے کہا کہ ''اسلام آباد میں دھرنا ہو یا کہیں اور‘ ہمارا کوئی لینا دینا نہیں‘‘ کیونکہ ان میں جو پیسے ملتے ہیں وہ دھرنا لگانے والے معززین آپس میں ہی بانٹ لیتے ہیں اس لیے اس گناہ بے لذت کا کوئی فائدہ نہیں ہے جبکہ ہمارا کام ماشاء اللہ پہلے ہی تسلی بخش طور پر چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''متحدہ مجلس عمل کو فعال کر رہے ہیں‘‘ اگرچہ اس کا بھی کوئی خاص نتیجہ نہیں نکلے گا تاہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھ رہنے سے کچھ نہ کچھ کرتے رہنا بہتر ہے‘ کیا پتا‘ کہاں سے گوہر مراد کسی حد تک حاصل ہو جائے۔ آپ اگلے روز ملتان میں گفتگو کر رہے تھے۔
بینظیر بھٹو کا اہم ملزم اکرام اللہ قندھار میں ہے : رحمن ملک
پیپلزپارٹی کے سینئر رحمن ملک نے کہا ہے کہ ''بینظیر بھٹو کا اہم ملزم اکرام اللہ قندھار میں ہے‘‘ جبکہ خاکسار پر خواہ مخواہ شک کیا جا رہا ہے حالانکہ سانحہ کے فوری بعد میں تو اس لیے موقعہ سے چلا آیا تھا کہ مجھے ایک بہت ضروری کام یاد آ گیا تھا‘ اور اگر میں وہاں رُک بھی جاتا تو بی بی نے کون سا زندہ ہو جانا تھا‘ نیز میں نے زرداری صاحب کو بھی فون کرنا تھا کہ پہلی فرصت میں پاکستان آ جائیں اور سارے معاملات مثلاً تحقیقات وغیرہ کا چارج سنبھال لیں‘ ایسا نہ ہو کہ لینے کے دینے پڑ جائیں۔ کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ ؎
خدُا شرّے برانگیزد کہ خیرِ مادرآں باشد
انہوں نے کہا کہ ''افغان صدر ملزم اکرام اللہ کو گرفتار کر کے ہمارے حوالے کریں‘‘ پیشتر اس کے کہ اصل تحقیقات شروع ہوں اور کئی اور گرفتاریاں بھی ہونے لگیں۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹیلی ویژن پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں احمد مشتاق کے دو شعر :
جانے کس دَم نکل آئے ترے رُخسار کی دُھوپ
دھیان ہر لحظہ ترے سایۂ در پر رکھا
چلتے چلتے جو تھکے پائوں تو ہم بیٹھ گئے
نیند گٹھڑی پہ دھری‘ خواب شجر پر رکھا
آج کا مطلع
سُخن رُک گیا ہے‘ صدا بند ہے
محبت کا ہر راستا بند ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں