"ZIC" (space) message & send to 7575

سُرخیاں‘ متن اور شاعر علی شاعرؔ

دل پر لگے زخم بھولنا چاہتا ہوں‘ زخم پر
زخم مت لگائیں : نوازشریف
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ''دل پر لگے زخم بھولنا چاہتا ہوں‘ زخموں پر زخم نہ لگائیں‘‘ اور یہ زخم بھلانے کے لیے عدلیہ کو روزانہ دعائیں دے رہا ہوں اس لیے ضروری ہے کہ نئے زخم لگانے سے دو چار مہینے رُک جائیں اور زخموں کو مندمل ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ ''نااہلی فیصلے کے بعد ملک میں انتشار پھیلا‘‘ حالانکہ خاکسار یہ نیک کام خود ہی نہایت عمدہ طریقے سے سرانجام دے رہا تھا‘ عدلیہ کو اس تکلف میں پڑنے کی ضرورت نہیں تھی‘ ہیں جی؟ انہوں نے کہا کہ ''دس روپے کی بھی کرپشن کی ہے تو عوام کو بتا دو‘‘ اگرچہ عوام تو خوب اچھی طرح سے جانتے ہیں تاہم‘ ان کی تسلی کے لیے یہ ضروری ہے کیونکہ نون لیگ کے مخلص کارکن نہ ہی جانتے ہیں اور نہ ہی اس پر یقین کرنے کو تیار ہیں‘ اس لیے اگر انہیں بھی بتا دیا جائے تو اُنہیں بھی ٹھنڈ پڑ جائے گی۔ ادھر بیچارے زہری صاحب کے سیکرٹری کو گرفتار کر لیا ہے جن پر صرف کروڑوں کی کرپشن کا الزام ہے جو اُن کے عہدے کے سراسر خلاف اور شرمناک ہے۔ آپ اگلے روز چکوال میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
ہمارے خلاف ایک کے بعد ایک سازش ہو رہی ہے : مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی اور نون لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کی رکن مریم نواز نے کہا ہے کہ ''ہمارے خلاف ایک کے بعد ایک سازش ہو رہی ہے‘‘ جبکہ والد صاحب نے جو کام شروع کیا تھا اُسی ایک کے سرانجام دینے میں آخر تک منہمک رہے اور کسی دوسرے کو ہاتھ تک نہیں لگایا لیکن اس کی بجائے اقامہ کا سہارا لیا گیا جبکہ اقامہ بھی اسی کام میں مدد کے لیے حاصل کیا گیا تھا اور شہزادگان نے بھی یہی رویہ اپنائے رکھا اور ملاقات کا سارا وقت ایک کے بعد ایک چیک سائن کروانے پر لگا دیا گیا حالانکہ یہ کام بھی ایک چیک کے ذریعے پورا کیا جا سکتا تھا جس سے لگتا ہے کہ ان لوگوں میں ہمارے برعکس وقت کی کوئی قدر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''مخالفین بھی کہہ رہے ہیں کہ آئندہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نون لیگ کے ہوں گے‘‘ جبکہ ہم بھی اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ وہ یہ بات مذاق کے طور پر کہہ رہے ہیں۔ آپ اگلے روز ایک انٹرویو دے رہی تھیں۔
بہت جلد شادی کی خوشخبری سنائوں گی : کترینہ کیف
بالی وڈ کی ممتاز اداکارہ کترینہ کیف نے کہا ہے کہ ''میں بہت جلد شادی کی خوشخبری سنائوں گی‘‘۔ اگرچہ یہ خوشخبری اُسی خوش نصیب کے لیے ہو گی جس کے ساتھ میں شادی کرنے جا رہی ہوں گی جبکہ ان تمام حضرات کے لیے مایوسی کا پیغام ہو گا جو ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں کی تعداد میں گھر بیٹھے ہی میرے اُمیدوار بنے بیٹھے ہیں اور سلمان خاں جیسوں کے لیے بھی ایک چیلنج ہو گا جو ایک عرصے تک لارے لگاتے رہے لیکن اس کے بعد طوطا چشمی کر گئے اور میری دُعا بلکہ بددُعا ہے کہ ایسے طوطوں کو کہیں سے بھی چُوری کھانے کو نہ ملے‘ اور وہ کنوارے ہی اللہ کو پیارے ہو جائیں جبکہ یہی بددعا رنویر کپور کے لیے بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ''جب میرے بچے ہو جائیں گے تو میری پہلی ترجیح میری فیملی ہو گی‘‘ کیونکہ اگر ماشاء اللہ یہ لگاتار ہوتے رہے تو سر کھجانے کی بھی فرصت نہیں ملے گی کہ کسی اور کام پر توجہ دے سکوں بلکہ مت مارنے کے لیے تو ایک دو بچے ہی کافی ہوتے ہیں۔ آپ اگلے روز ممبئی میں ایک انٹرویو دے رہی تھیں۔
عمران میرا کو پیغام بھجوائیں‘ نکاح
شیخ رشید سے پڑھوائیں: عائشہ گلالئی
تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ ''عمران میرا کو پیغام بھجوائیں اور نکاح شیخ رشید سے پڑھوائیں‘‘ اور میرا ہی واحد خاتون ہیں جو عمران خاں کو شریف زادیوں کو لارے لگانے اور پھر دھوکہ دینے کا مزہ چکھا سکتی ہیں‘ تاہم شادی کے بعد بھی میرا عمران کے بلیک بیری پر کڑی نگاہ رکھیںکہ وہ نیک بیبیوں کو اسی کے ذریعے گمراہ کیا کرتے ہیں‘ اول تو میرا بجائے خود ہی عمران خان کے لیے ایک مجسم سزا کے مترادف ہوں گی‘ اور عمران خاں کو وعدہ خلافیوں کی کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیے کہ آخر وہ خواتین کو سمجھتے کیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''میرا اور عمران خان کی عادتیں ایک دوسرے سے کافی ملتی ہیں‘‘ کیونکہ میرا نے بھی عمران خان کی طرح کئی لوگوں کو شادی کا چکر دے رکھا ہے اور ان بیچاروں کو مقدمہ بازی میں بھی ڈال رکھا ہے۔ آخر ایک روز میرا اور عمران خان‘ دونوں کو خدا کو بھی جواب دینا ہے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل میں گفتگو کر رہی تھیں۔
اور اب آخر میں ادارہ رنگ ادب کراچی سے شاعر علی شاعر کی شاعری کا نمونہ :
اپنا سورج الگ نکالوں گا
مجھ کو جھڑکی نہ دے مرے بیٹے
اپنی روزی میں خود کما لوں گا
چھوڑ دوں گا امیر کی صُحبت
دلِ نادار کی دُعا لوں گا
جس کا بیمار ہو گیا ہوں میں
اُس کے ہاتھوں ہی سے دوا لوں گا
تم نہ آئے تو خالی کمرے میں
اپنی تنہائیاں سجا لوں گا
آج کا مقطع
جُھوٹ سارا بھر دیا عرضِ حقیقت میں‘ ظفرؔ
اور‘ سچّی بات جتنی بھی تھی افسانے میں ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں