"ZIC" (space) message & send to 7575

سُرخیاں‘ متن اور علی زریون کی نظم

ووٹ میری یا شہباز کی نہیں‘ نوازشریف
کی تصویر کو ملیں گے : شاہد خاقان عباسی
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''ووٹ میری یا شہباز کی نہیں‘ نوازشریف کی تصویر کو ملیں گے‘‘ کیونکہ خود تو موصوف دستیاب ہی نہیں ہوں گے اسی لیے تصویر پر ہی گزارہ کرنا پڑے گا اگرچہ ووٹر ایک سزا یافتہ قیدی کو ووٹ دینے سے پہلے سوچیں گے ضرور۔ انہوں نے کہا کہ ''این آر او چور کرتے ہیں‘‘ جبکہ بہادر لوگ کسی این آر او کے بغیر بھی لگے رہتے ہیں‘ بیشک بعد میں پکڑے ہی کیوں نہ جائیں کیونکہ پکڑے جانا بھی مردانگی کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''پی پی کو زرداری کی تصویر لگانے سے کیا ملے گا‘‘ اگرچہ ملے گا تو ہمیں بھی کچھ نہیں کیونکہ اُلٹا لینے کے دینے بھی پڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''سیاستدانوں کو عدالتوں میں گھسیٹا جاتا ہے‘‘ حالانکہ انہیں سمری ٹرائل کے ذریعے ہی منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے۔ آپ اگلے روز ایک انٹرویو میں گفتگو کر رہے تھے۔
نااہلی کے فیصلوں سے ہمارے جلسوں کی رونق بڑھ گئی : سعد رفیق
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ''نااہلی کے فیصلے سے ہمارے جلسوں کی رونق بڑھ گئی‘‘ اسی لیے عدالت کو چاہیے کہ ریفرنسز کا فیصلہ جلد از جلد کر دے تاکہ سزایابی کے بعد ہمارے جلسوں کی رونق مزید بڑھ سکے کیونکہ اس طرح سے ایک تو نوازشریف کے مظلوم ہونے کا تاثر قائم ہو گا اور دوسرے وہ اس وقت تک عدالت کے خلاف بھی کافی زہر اُگل چکے ہوں گے اور کہہ رہے ہوں گے کہ مجھے سزا دے کر سازش کا نشانہ بنایا گیا ہے کیونکہ ملک عزیز کے ہر کام کے پیچھے کوئی نہ کوئی سازش ضرور ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''گالیاں دینے والوں کو جواب دینا پڑے گا‘‘ حالانکہ براہ راست گالی دینے کی بجائے اشاروں کنایوں سے بھی یہ عظیم مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے اور جس کا جواب بھی نہیں دینا پڑتا کیونکہ جنہوں نے جواب دینا ہوتا ہے انہوں نے بھنگ پی رکھی ہوئی ہے جس کا یار لوگ مسلسل فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ آپ اگلے روز اوکاڑہ میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
شریفوں کا احتساب شروع ہی نہیں ہوا
صرف نوٹس پر چیخیں نکل گئیں : زرداری
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''شریفوں کا احتساب شروع ہی نہیں ہوا‘ صرف نوٹس پر چیخیں نکل گئیں‘‘ وہ ہمارا حوصلہ دیکھیں کہ اُف تک نہیں کی اور سب کچھ ہضم کیے بیٹھے ہیں‘ چنانچہ اگر ایسے کام کرنے ہوں تو سب سے پہلے ہاضمے پر توجہ دینی چاہیے جو کہ کم از کم لکڑ ہضم‘ پتھر ہضم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ''ابھی تو ان کا ناخن بھی نہیں کھینچا گیا‘ نہ ہتھکڑی لگی‘‘ جبکہ خاکسار کی نہ صرف زبان کھینچی گئی بلکہ دس سال تک نہایت استقامت کے ساتھ جیل بھی کاٹی اگرچہ اس میں گھر سے زیادہ آرام دہ آسائش میسر تھی جبکہ اپنے خاص پسندیدہ لوگوں سے ملاقات کا اہتمام بھی ہو جاتا تھا‘ اسی لیے جیل سے نکلتے ہوئے میں کافی اُداس تھا۔ انہوں نے کہا کہ ''ہم نے نوازشریف کے احتساب کا مقابلہ کیا اور برداشت کیا‘‘ البتہ اب جو کچھ ہونے والا ہے اس سے خاصی تشویش لاحق ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
الیکشن کے قریب نوازشریف کیخلاف
فیصلے دلوائے جائیں گے : احسن اقبال
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''الیکشن کے قریب نوازشریف کیخلاف فیصلے دلوائے جائیں گے‘‘ بلکہ الیکشن کا بھی انتظار نہیں کیا جائے گا اور اس سے بہت پہلے ہی یہ نیک کام شروع ہو جائے گا کیونکہ اب تو چند ہفتے ہی باقی رہ گئے ہیں اور فیصلے دلوانے والوں کی ٹائمنگ کبھی غلط نہیں ہوتی جبکہ فیصلے دلوانے والوں کو ہم خوب بے نقاب کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''قبل ازوقت انتخابات کا کوئی آپشن ہمارے پاس موجود نہیں ہے‘‘ بلکہ ہمارے پاس تو وقت پر یا بعدازوقت الیکشن کا بھی کوئی آپشن موجود نہیں ہے کیونکہ جو جھاڑو پھرنے والا ہے اس سے مکمل صفائی ہو کر رہے گی اور یار لوگ تتر بتر ہو چکے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ''عمران خان کا صادق و امین ہونا بہت بڑا مذاق ہے‘‘ اور مذاق مذاق میں ہماری شامت بھی آنے والی ہے حالانکہ ہم نے صرف گاجریں کھائی ہیں جو ایک معمولی سی سبزی ہے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دے رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں فیصل آباد سے علی زریون کی یہ نظم :
ایکتا
بصرہ میں گھنگھرو چھنکے
دلّی میں سرمد ناچا
رومی نے آتش پہنی
اک سجدہ اقبال ہوا
بُلھے شاہ نے تھیاّ باندھا
خُسرو نے چُنری رنگی
شاہ لطیف نے پریم جیا
سیفو نے اک آہ بھری
سارہ نے اک نظم جنی
اور خلیل نے گیت لکھا
دیوانوں مستانوں کی تاریخ
جہاں تک دیکھو گے
نفرت‘ آگ تعصب سے خالی
پائو گے 
اک عالم افروز
آج کا مقطع
شاعری جیسی بھی ہے‘ اُس کی عطا ہے‘ اے ظفرؔ
بیچنے لگ جائو گے تو یہ ہُنر رہنا نہیں

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں