"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور شعر و شاعری

مجھے چودھری نثار سے کوئی توقع نہیں ہے: میاں نواز شریف
سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ '' مجھے چودھری نثار سے کوئی توقع نہیں ہے‘‘بیشک انہوں نے کرپشن وغیرہ کے حوالے سے میری صفائی میں بیان دیا ہے لیکن اس میں بھی چالاکی دکھا گئے ہیں کہ میں نے نواز شریف کو کرپشن ، کک بیکس اور منی لانڈرنگ کرتے نہیں دیکھا حالانکہ پاکستان بھر میں مجھے کسی نے بھی یہ سب کچھ کرتے نہیں دیکھا چنانچہ انہوں نے یہ نہیں کہا کہ نواز شریف کرپٹ نہیں ہے اور اگر کہہ بھی دیتے تو کیا فائدہ کیوں کہ یہی بات انہیں چھ مہینے پہلے کہنی چاہئے تھی لیکن منہ میں گھنگھنیاں ڈال کر بیٹھے رہے حالانکہ گھنگھنیاں چبانے کیلئے ہوتی ہیں منہ میں رکھنے کیلئے نہیں بلکہ اگر کوئی ضروری بات کرنی ہو تو منہ سے گھنگھنیاں نکال کر بھی کی جا سکتی ہے اور جس کے بعد گھنگھنیاں دوبارہ منہ میں رکھی جا سکتی ہیں۔ اول تو یہ بات بھی میری سمجھ سے باہر ہے کہ کوئی کھانے والی چیز منہ میں ہو اور اسے کھایا نہ جائے ، ہیں جی ؟ آپ اگلے روز پیشی کے موقع پر عدالت سے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
عمران خان جعلی دستاویزات بھی جمع کرائیں تو سب ٹھیک: مریم نواز
سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ'' عمران خان جعلی دستاویزات بھی جمع کرائیں تو سب ٹھیک ہے‘‘ جبکہ ہماری ذرا سی دستاویز پر اتنا ہنگامہ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ''پچھلے چھ ماہ میں کونسی چیز ثابت ہو گئی جو ڈیڑھ ماہ میں ثابت ہو جائے گی‘‘ کیونکہ اگر ثابت ہو بھی گئی تو ہم نے اسے کونسا تسلیم کرنا ہے اور اگر ہم نہیں کریں گے تو عوام بھی نہیں کریں گے جبکہ ہمیں بھی 22 کروڑ عوام ہی سمجھا جائے جبکہ یہی بات والد صاحب کئی بار کہہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ '' کیس میں کوئی جان نہیں ہے‘‘ اور یہ بات ہمیں اپنے وکیلوں نے بتائی ہے لیکن ہم ان کا اعتبار نہیں کر سکتے کیونکہ یہی وکیل تھے جنہوں نے نااہل بھی کروا دیا تھا اور سرکاری خزانے سے ادا کی گئی کروڑوں کی فیسیں بھی حرام کر دی۔ آپ اگلے روز صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کر رہی تھیں۔
حکومت میں آ کر روٹی ، کپڑا اور مکان کا وعدہ پورا کریں گے: بلاول 
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''حکومت میں آ کر روٹی ، کپڑا اور مکان کا وعدہ پورا کریں گے‘‘ اور یہ ہم پچھلی دور میں ہی پورا کر دیتے لیکن دیگر ضروری کاموں میں والد صاحب انکل یوسف رضا گیلانی اور دیگر حضرات کی بے پناہ مصروفیات کی وجہ سے پورا نہیں کر سکے تاہم اس وعدے کا بھی اتنا فائدہ ضرور ہوا ہے کہ عوام میں سے کوئی بھی نہ تو کپڑوں کے بغیر ہے اور نہ ہی کسی کے بھوک سے مرنے کی اطلاع ملی ہے اور نہ ہی کوئی فٹ پاتھوں پر سوتا ہے ، اس لئے ایک طرح سے ہمارا وعدہ پورا ہو چکا ہے اور اگر حکومت مل بھی گئی تو انہی کاموں پر ہی توجہ دینی پڑی گی جبکہ چند معززین کا بھی خیال یہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ''پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کی محافظ ہے‘‘ جس کا تازہ ثبوت ہم حالیہ سینیٹ الیکشن میں بھی دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ'' ہمارے پاس غربت خاتمہ کا مکمل پروگرام ہے‘‘ لیکن سوال یہ ہے کہ اگر غربت ختم ہو گئی تو ہمیں ووٹ کون دے گا؟ آپ اگلے روز نارووال میں ایک جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔
می ٹو میری بھی کہانی، مجھے آج تک
کسی نے ہراساں نہیں کیا: ماہرہ خان
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ ''می ٹو میری بھی کہانی ہے لیکن مجھے آج تک کسی نے ہراساں نہیں کیا‘‘ جس پر سخت مایوسی کی شکار ہوں اور ان اداکارائوں پر رشک آتا ہے جنہیں ہراساں کیا گیا ہو حالانکہ اگر کوئی کرتا بھی تو میں نے کونسا ہراساں ہونا تھا کیونکہ میری طبیعت ہی ایسی ہے اگر کوئی ہراساں کرے بھی تو میں ہراساں ہوتی ہی نہیں۔ اس لئے کسی کو مجھے ہراساں کرنے کی ضرورت ہی پیش نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ ''خاندانی عزت ہمیں ہراسگی کیخلاف خاموش رکھتی ہے‘‘ اس لئے میں نے ہمیشہ خاندانی عزت کو پیش نظر رکھا ہے اور اس پر حرف نہیں آنے دیا کیونکہ ویسے بھی چغل خوری ہی کی ذیل میں آتا ہے اور جو خواتین ہراسگی کیخلاف شکایت کرتی ہیں انہیں اپنی خاندانی عزت کا ذرا بھی پاس نہیں ہوتا کہ ایک چھوٹی سی بات پر خواہ مخواہ واویلا مچا دیا جائے کہ آخر تحمل اور برداشت بھی کوئی چیز ہے۔ آپ اگلے روز ایک برطانوی جریدے کو انٹرویو دے رہی تھیں۔
اور اب کچھ شعر واعری ہو جائے:
بدن کی کارگزاری سمجھ سے باہر ہے
یہ کائنات ہماری سمجھ سے باہر ہے
یہی تو لوگ ہیں گھر کو اجاڑنے والے
اب ان کی گریہ وزاری سمجھ سے باہر ہے
گلہ نہیں جو تجھے بھی سمجھ نہ آئے اسد
ہماری بات ہماری سمجھ سے باہر ہے
(طارق اسد)
میں خود کو تجھ سے مٹائوں گا احتیاط کے ساتھ
تو بس نشان بتا دے کہاں کہاں ہوں میں 
(عمیر نجمی)
اس کا دینا پڑے گا ابھی حساب کتاب
وہ زندگی جو کسی اور نے گزاری ہے 
(مسعود احمد)
جلدی پہنچنا ہوگا تو پہنچوں گی دیر سے
کرنی ہو جب بھی دیر تو جلدی کروں گی میں 
(حناعنبرین)
سب سے عمدہ پھول ہو تم
دنیا کے گلدستے میں 
(نعیم رضا بھٹی)
آتی ہیں اپنے جیسی آوازیں 
کوئی پتھر ہٹائے غاروں سے
(تنویر قاضی)
اب کے وحشت ہوئی تو راہ نکالوں گا میں خود
دشت وہ ہے جہاں دیوار بنالوں گا میں خود 
(احمد فرید)
لگے نشان سے آگے نکل نہیں سکتا
وہ خاندان سے آگے نکل نہیں سکتا
مرا وجود تری ذات کی ریاضت ہے
میں اس تھکان سے آگے نکل نہیں سکتا
فقیر آگ کا دریا تو چیر سکتا ہے
ترے مکان سے آگے نکل نہیں سکتا 
(لطیف ساجد)
آج کا مقطع
لمبی مسافرت پہ نکلنے کو ہیں‘ ظفر
دیوار راستے سے ہٹائے بغیر ہم

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں