"ZIC" (space) message & send to 7575

شاعری کی یہ کتابیں چھپ گئی ہیں.... (1 )

غزل نے کہا:یہ صابر ظفر کی طویل غزل پر مشتمل ہے جو مختلف زبانوں کے سوتے جاگتے الفاظ کی صورت میں ہے، اسے رنگِ ادب پبلی کیشنز کراچی نے چھاپا اور قیمت 150 روپے رکھی ہے۔ انتساب ارشد لطیف کے نام ہے۔ دیباچہ ڈاکٹر طارق ہاشمی اور پس سر ورق پروفیسر سحر انصاری کے قلم سے ہے۔
عین سر پہ ستارہ:اقتدار جاوید کی نئی نظموں کا مجموعہ جسے کلاسیک لاہور نے چھاپا اور قیمت 500 روپے رکھی ہے۔ انتساب ڈاکٹر وزیرآغا کے نام ہے‘ پس سرورق سید افسر ساجد کی تحریر بہ زبان انگریزی ہے جبکہ اندرونی سر ورق ارشد نعیم کے قلم سے، شاعر کی تصویر اور دیگر مجموعوں کے نام:
تکمیل:اقبال ساجد کا کلیات جسے میاں آفتاب نے ترتیب دیا ہے، اسے بدلتی دنیا پبلی کیشنز لاہور نے چھاپا اور قیمت 800 روپے رکھی ہے۔ ابتدائیہ مرتب کے قلم سے ہے جبکہ پس سرورق رائے دینے والوں میں احمد ندیم قاسمی، منیر نیازی اور شہزاد احمد شامل ہیں۔ضخامت 250 صفحات۔
باوجود:رستم نامی کا دوسرا مجموعہ غزل ہے جسے رنگ ادب پبلی کیشنز نے چھاپا اور قیمت 500 روپے رکھی ہے۔ انتساب شاعر کے نواسوں ابوبکر، طلحہ، سیفی اور حمیرا کے نام ہے۔ ابتدائیہ ناشر شاعر علی شاعر کے قلم سے ہے جبکہ پس سرورق انور شعور کی تحریر اور شاعر کی تصویر ہے۔
مسافت:نوید صادق کا مجموعہ غزل ہے جسے نظمینیہ پبلی کیشنز لاہور نے چھاپا اور قیمت 400 روپے رکھی ہے۔ انتساب سید آل احمد کے نام ہے۔ دیباچہ شاہد ما کلی کے قلم سے ہے جبکہ پس سرورق تحریر ڈاکٹر خورشید رضوی کے قلم سے ہے۔
پاکستانی ادب 2012ء (شاعری):اسے ماجد صدیقی اور ڈاکٹر نثار ترابی نے ترتیب دیا ، اکادمی ادیبات پاکستان نے چھاپا اور قیمت 300 روپے ہے۔ حرف آغاز چیئر مین ڈاکٹر محمد قاسم بگھیوجبکہ پیش لفظ مرتب ڈاکٹر نثار ترابی کے قلم سے ہے۔ صفحات 264۔
ترا کیا بنا:تیمور حسن تیمور کا مجموعہ غزل جسے التحریر لاہور نے چھاپا اور قیمت 400 روپے رکھی ہے۔ انتساب اپنے محسن عطاء الحق قاسمی کے نام ہے۔ ابتدائیہ خود شاعر کے قلم سے ہے جبکہ دیباچہ نگاروں میں ڈاکٹر خورشید رضوی، ڈاکٹر تحسین فراتی اور امجد اسلام امجد ہیں۔ پس سرورق بھی انہی کی رائے درج ہے۔
میں نے اسم محمد ﷺکو لکھا بہت:سلیم کوثر کا نعتیہ مجموعہ ہے۔ پبلشر کا نام نہیں لکھا البتہ رابطے کیلئے بزم احباب، 19ویں کمرشل سٹریٹ فیز 1 ، ڈی ایچ اے کراچی درج ہے۔ پس سرورق اور اندرون سر ورق شاعر کے مجموعے ''مرے ہجر و صال ہوئے‘‘ سے اقتباسات اور شاعر کی تصویر۔
عشق بدوش:حسن عباس رضا کا مجموعہ کلام ہے جسے دوست پبلی کیشنز اسلام آباد نے چھاپا اور قیمت 300 روپے رکھی ہے۔ انتساب انعم اور ہادیہ کے نام ہے۔ پیش لفظ مسعود منورکے قلم سے ہے جبکہ کچھ اپنے بارے میں شاعر کی تحریر ہے۔ پس سرورق شمیم حنفی‘دہلی، بھارت کے قلم سے ہے۔
نظم کے ساحل پر:اکمل شاکر کا مجموعہ کلام ہے جسے بک کارنر جہلم نے چھاپا اور قیمت 500 روپے رکھی ہے۔ کتاب کا انتساب والدین کے نام ہے۔ اپنی بات کے عنوان سے شاعر کی تحریر ہے جبکہ دیباچہ نگاروں میں نسیم سحر، شہزاد نیئر، ریاض ندیم، بقا بلوچ، محمد اختر خان اور دیگران شامل ہیں۔
دل کا نخلستان:رفیع الدین راز کے ہائیکوز کا مجموعہ ہے جسے رنگ ادب پبلی کیشنز نے چھاپا اور قیمت 400 روپے رکھی ہے۔ مقدمہ ڈاکٹر معین الدین عقیل کے قلم سے ہے۔ پس سرورق شاعر کی تصویر اور دو عدد ہائیکوز درج کئے گئے ہیں۔
مکاں سے لامکاں تک:عظمیٰ محمود کا مجموعہ غزلیات ہے جسے بک ہوم لاہور نے چھاپا قیمت 400 روپے ہے۔ حرف آغاز شاعرہ نے خود قلمبند کیا ہے رائے دینے والوں میں شاہدہ حسن، نسیم سید اور تسنیم عابدی ہیں۔ پس سرورق شاعرہ کی اپنی تحریر ہے۔
لاوجود:گل جہاں کا مجموعہ کلام ہے جسے طلوع اشک نے چھاپا اور قیمت 300 روپے رکھی ہے۔ انتساب قرۃ العین، جون ایلیا ،زنجیل فاطمہ،اون ایلیا، یوشع علی اور حلقہ دیدار حرف پاکستان کے نام ہے۔ دیباچہ نگاروں میں شہزاد نیئر، ڈاکٹر بدر منیر اور منیر جعفری شامل ہیں۔
مرے لہجے میں عیسیٰ بولتا ہے:مجبتیٰ حید شیرازی کا مجموعہ کلام ہے جسے عکاس پبلی کیشنز اسلام آباد نے چھاپا اور قیمت 500 روپے رکھی ہے۔ انتساب ان کے پیڑ پر چہچہانے والی چڑیا ولا زینب کے نام ہے‘ دیباچہ زیبا چودھری کے قلم سے ہے۔ پس سرورق اور اندرون سرورق رائے دینے والوں میں افتخار عارف اور طارق نعیم شامل ہیں۔
تمثال گر:یہ دلاور علی آذر کی غزلوں کا انتخاب ہے جسے محمد اورنگزیب اور اسامہ امیر نے مرتب کیا ہے۔ رائے دینے والوں میں خاکسار،شمیم حنفی (انڈیا)، نذیر قیصر اور فیصل عجمی( بینکاک) شامل ہیں۔ انتساب بھی خاکسارہی کے نام ہے۔ دیباچے محمد اورنگزیب اور قاضی دانش صدیقی نے لکھے ہیں۔
توفیق:خاکسار کا مجموعہ غزل ہے جسے اورنگزیب پبلی کیشنز نے چھاپا اور اس کی قیمت 300 روپے رکھی ہے۔ انتساب محمد اظہار الحق کے نام ہے پس سرورق شمس الرحمن فاروقی کی رائے درج ہے۔
تاخیر:خاکسار ہی کی غزلوں کا مجموعہ جسے بھی رنگ ادب پبلی کیشنز نے چھاپا اور قیمت 300 روپے رکھی ہے۔ انتساب اصغر ندیم سید کے نام اور پس سرورق آصف فرخی کی تحریر ہے۔
کیسے بیتے یہ دن رات:
عبدالرشید کی شعری ڈائری ہے جسے سانجھ لاہور نے چھاپا اور قیمت 300 روپے رکھی ہے۔ انتساب وحید احمد کے نام ہے۔ آزاد نظمیں ہیں جو کسی دیباچے یا فلیپ کی تحریر کے بغیر ہیں۔آغاز میں نیتشے کا ایک قول بزبان انگریزی درج ہے جس کا ترجمہ ہے ‘ اے خدا مجھے اس گفتگو کے گناہ کیلئے معاف کرنا۔
آج کا مقطع
دل کے اندر جنہیں محفوظ سمجھتا رہا میں
چل دیئے وہ بھی ظفر ؔ توڑ کے گھیرے میرے

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں