نوازشریف کو مفروضہ رپورٹ پر نوٹس‘
نیب کی ساکھ متاثر ہوئی: شہبازشریف
خادم اعلیٰ پنجاب میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ''نواز کو مفروضہ رپورٹ پر نوٹس سے نیب کی ساکھ متاثر ہوئی‘‘ جبکہ ہماری ساکھ پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ انہوں نے کہاکہ ''چوہدری نثار میری تعریف کے معاملے میں ہمیشہ کنجوسی سے کام لیتے ہیں‘‘ جبکہ میں جی کڑا کرکے ان کی بے حد تعریف کیا کرتا ہوں حالانکہ جو کچھ انہوں نے پارٹی کے ساتھ اب تک کر دیا ہے یا جو کچھ پارٹی نے ان کے ساتھ کیا ہے‘ وہ سب کے سامنے ہے‘ تاہم میں اگر غلط تعریف کر دیتا ہوں تو وہ کیوں نہیں کر سکتے۔ کیونکہ سیاست تو ہے ہی اسی چیز کا نام۔ انہوں نے کہا کہ ''چوہدری نثار جذبات میں نہ آیا کریں‘‘ تاہم میری تعریف و جذبات کی رو میں ہی آ کر کردیا کریں۔ آپ اگلے روزٹھوکر نیاز بیگ پر پنجاب ایگریکلچر و فوڈ اتھارٹی کا سنگ بنیاد رکھ رہے تھے۔
نوازشریف کی سیاست ذاتی‘ ہماری پارٹی
ایشوز کی بات کرتی ہے: بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ ''نوازشریف کی سیاست ذاتی‘ ہماری پارٹی ایشوز کی بات کرتی ہے‘‘ اور نہ صرف بات کرتی ہے بلکہ ان پر عمل بھی کرتی ہے کیونکہ پارٹی کا ایک ہی ایشو ہے جس پر والد صاحب اور انکل گیلانی سمیت جبکہ انکلوں نے دل کھول کر عمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ''پی ٹی آئی کو اب یاد آیا جنوبی پنجاب صوبہ ہم بنائیں گے‘‘ اگرچہ ہم اس پوزیشن میں کبھی نہیں آ سکتے‘ تاہم اگر کسی نیک کام کا ارادہ کرلیا جائے اور وہ کام نہ ہو سکے تو اس کا ثواب ضرور مل جاتا ہے‘ اگرچہ ہم پہلے ہی کافی ثواب کما چکے ہیں بلکہ اسے آگے تقسیم کرنے کی بھی پوزیشن میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''ن لیگ کے پاس اداروں کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائے‘‘ اگرچہ ان اداروں سے ہم خود بہت تنگ ہیں لیکن شاید اس دفعہ وہ ہاتھ کچھ ہولا رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ''امید ہے کہ عوام ہمیں منتخب کریں گے‘‘ کیونکہ ان کا حافظہ کمزور ہوتا ہے اور انہیں یاد نہ ہوگا کہ ہم مذکورہ بالا ایشو پر ہی عمل کرتے رہے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
حکومت اپنے آخری دنوں میں بھی ون ویلنگ کر رہی ہے: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ''حکومت اپنے آخری دنوں میں بھی ون ویلنگ کر رہی ہے‘‘ اور ہماری نقل مارنے کی کوشش کی ہے کیونکہ ہم بھی کچھ دن پہلے ون ویلنگ کرتے ہوئے کے پی میں پی ٹی آئی حکومت سے الگ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''بجٹ اشرافیہ کے لیے بنایا گیا‘‘ حالانکہ اشرافیہ ماشاء اللہ اپنا بجٹ خود بنا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''الٹراسائونڈ بھی کریں‘ کچھ نہیں نکلے گا‘‘ ویسے الٹراسائونڈ مشینیں بھی عموماً خراب ہی رہتی ہیں‘ اس لیے شاید کچھ نکل ہی آئے‘ ویسے بھی اس ملک کا کچھ پتا نہیں چلتا‘ کسی وقت کچھ بھی نکل سکتا ہے جیسے کہ اصغر خان کیس میں کچھ ہمارے لوگ بھی ہاتھ رنگتے بتائے گئے ہیں جس کی میں پرزور تردید کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ''جب تک حکومت پر عوام کا اعتماد بحال نہیں ہوتا‘ لوگ ٹیکس نہیں دیں گے‘‘ جبکہ عوام کا اعتماد صرف ہماری حکومت پر ہی بحال ہو سکتا ہے‘ آزمائش شرط ہے۔ آپ اگلے روز سینیٹ میں بجٹ تقریر کے بعد پارلیمنٹ سے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اسٹیبلشمنٹ نے نوازشریف کو ضرورت
سے زیادہ برداشت کیا: خرم گنڈا پور
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم گنڈا پور نے کہا ہے کہ ''اسٹیبلشمنٹ نے نوازشریف کو ضرورت سے زیادہ برداشت کیا‘‘ حالانکہ اسے جملہ حکمرانوں کے لیے ایک حدمقرر کردینی چاہیے کہ انہیں کس حد تک اور کتنی دیر تک برداشت کرنا ہے‘ خاص طور پر ہمارے بارے میں یہ وضاحت ضرور کر دے کہ ہماری حکومت کو کب تک برداشت کیا جائے گا اور یہ بھی کہ قیامت سے پہلے پہلے کبھی ہماری حکومت آئے گی بھی یا نہیں‘ ویسے تو قادری صاحب کینیڈا میں بیٹھ کر بھی حکومت کر سکتے ہیں جیسے کہ نوازشریف لندن میں بیٹھ کر کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''بھارت رقم بھجوانے کے نیب نوٹس کی تحقیقات کا انتظار کیا جائے‘‘ کیونکہ ہم کتنی کتنی دیر تک قادری صاحب کے کینیڈا سے آنے کا انتظار کرتے رہتے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور اب کچھ شعروشاعری ہو جائے:
آنکھوں کے چراغوں میں اُجالے نہ رہیں گے
آ جائو کہ پھر دیکھنے والے نہ رہیں گے (خُمار بارہ بنکوی)
جس طرح میں بچھڑنا چاہتا ہوں
وہ ابھی اس طرح ملا ہی نہیں (ادریس بابر)
رات بہت ہوا چلی اور بہت شجر ڈرے
میں بھی ذرا ذرا ڈرا‘ پھر مجھے نیند آگئی (رئیس فروغ)
خوش دلی شرط نہیں ملنے ملانے کے لیے
دل نہ چاہے بھی تو کچھ وقت نکالا کیجئے (کبیر اطہر)
ختم ہوتا نہیں کہیں‘ لیکن
ہے کہاں سے یہ آسمان شروع (رستم نامی)
جو خود غلط ہے یہی کہے گا فلاں غلط ہے
سو‘ میں غلط ہوں تو کہہ رہا ہوں جہاں غلط ہے (محمد حنان حانی)
چشمِ غربت بھی ہے آمادئہ سیلاب یہاں
اب کے دریا سے کہو اپنے کناروں میں رہے
اپنا فن ظرفِ خریدار میں رکھ آیا ہوں
جنسِ بازار تھی‘ بازار میں رکھ آیا ہوں (نعیم ضرار)
کچھ بھی ہونے کا مجھ کو ڈر کم ہے
شکر ہے دور کی نظر کم ہے (محمد عامر)
آج کامطلع
اندر کہیں رہ جاتا ہے طوفان ہمارا
اب تک جو سلامت ہے گریبان ہمارا ہے