"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور شعر و شاعری

ایل این جی بارے وہ بات کرے‘ جس کا دامن صاف ہو: عباسی
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''ایل این جی بارے وہ بات کرے‘ جس کا دامن صاف ہو‘‘ کیونکہ اگر سبھی ایک ہی جیسے ہیں‘ تو مجھے سنگل آئوٹ کرنے کی کیا ضرورت ہے جبکہ اوپر سے لے کر نیچے تک سبھی ایک ہی رنگ میں رنگے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ''نواز شریف پر ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی‘‘ کیونکہ کرپشن کرنا کوئی بچوں کا کھیل نہیں ہے اور اس میں پوری پوری ہنر مندی بروئے کار لانا پڑتی ہے۔ اس لئے اگر نواز شریف کے خلاف کرپشن ثابت نہیں ہوئی تو دنیا کے کسی شخص کے خلاف ثابت نہیں ہو سکتی۔ اگرچہ یہ خود نواز شریف ہی کا کہنا ہے کہ کرپشن ثابت نہیں ہوئی، پتا تو اس وقت چلے گا جب فیصلہ آئے گا۔ حتیٰ کہ فیصلے کے بعد بھی وہ یہی کہتے رہیں گے کہ کرپشن تو ثابت ہی نہیں ہوئی۔ اور یہ بھی کہ مجھے کیوں سزا دی گئی؟ انہوں نے کہا کہ ''بھونکنے والوں کی پرواہ نہیں‘‘ اگرچہ یہ نہایت غیر پارلیمانی لفظ ہے‘ لیکن چونکہ پارلیمنٹ ختم ہورہی ہے۔ اس لئے کوئی ہرج نہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
کرپشن ختم کرنے کی کوشش کی‘ لیکن ختم نہیں کر سکے: شہباز شریف
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''کرپشن ختم کرنے کی کوشش کی ‘لیکن ختم نہیں کر سکے‘‘ بلکہ بھائی صاحب نے تو مجھ سے بھی زیادہ کوشش کی اور اتنا زور لگاتے تھے کہ ان کی سانس پھول جاتی تھی اور اس کے باوجود وہ ساری توجہ کرپشن ختم کرنے پر ہی مبذول کئے رکھتے تھے اور جتنی بھی ختم ہوتی تھی‘ اسحاق ڈار اسے ٹھکانے لگا دیتے تھے اور اب دراصل وہ کرپشن ختم کرنے ہی کے سلسلے میں مقدمات بھگت رہے ہیں۔ اگرچہ میں نے بھی مقدور بھر اسے ختم ختم کرنے کی سر توڑ کوشش کی حتیٰ کہ ٹوٹے ہوئے سر کی مرمت تک نہیں کرا سکا۔ انہوں نے کہا کہ ''کبھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ پنجاب کرپشن سے پاک ہے‘‘ لیکن ‘ اللہ معاف کرے‘ یہ ایسی لعنت ہے کہ اوپر سے شروع ہوتی ہے‘ لیکن اس کے باوجود میں نے اسے کبھی پسند نہیں کیا‘ تاہم کئی ناپسندیدہ چیزیں بھی کچھ اس طرح سے گلے پڑ جاتی ہیں کہ ان سے گلو خلاصی ہو ہی نہیں سکتی۔ آپ اگلے روز دنیا نیوز کو انٹرویو دے رہے تھے۔
ن لیگ نے ملک سے دہشت گردی ختم کر دی: رانا اقبال
سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان نے کہا ہے کہ ''ن لیگ نے ملک سے دہشت گردی ختم کر دی‘‘ اور اگر آپ نے اس بات کا یقین کر لیا ہے کہ ملک سے لوڈ شیڈنگ اور کرپشن کا خاتمہ کر دیا گیا ہے‘ ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی صورت حال بہتر ہو گئی ہے یا صاف پانی پینے کو دستیاب ہے ‘تو اس بات کا بھی یقین کر لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ''چاروں صوبوں میں بھاری اکثریت سے حکومتیں بنائیں گے‘‘ کیونکہ بہر حال یہ وہی بیوقوف عوام ہیں‘ جنہوں نے بار بار ہمیں حکومتیں دلوائی ہیں‘ البتہ جن عناصر نے ہمیشہ ہمیں حکومت دلوائی ہے ‘نہ صرف انہوں نے آنکھیں پھیر لی ہیں‘ ان پر کسی دھمکی کا بھی کوئی اثر نہیں ہو رہا اور سابق وزیراعظم بار بار یہ کارِخیر سر انجام دے رہے ہیں‘ لیکن ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی‘ جس کا مطلب یہ ہے کہ یا تو ان کے کان بے حس ہو گئے ہیں یا انہوں نے سر سے جوئیں ہی نکلوا رکھی ہیں۔ آپ اگلے روز پھول نگر میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
خدا کا شکر ہے‘ شوہر کی حکومت کا آج آخری دن ہے: تہمینہ درانی
خادم اعلیٰ پنجاب کی اہلیہ تہمینہ درانی نے کہا ہے کہ ''خدا کا شکر ہے‘ شوہر کی حکومت کا آج آخری دن ہے‘‘ کیونکہ یہ دونوں بھائی عرصۂ دراز سے جو کچھ کرتے چلے جا رہے تھے اور میرے احتیاط کرنے کے مشوروں کے باوجود کوئی کان نہیں دھر رہے تھے۔ کم از کم یہ تو ہوا ہے کہ وہ مذکورہ بالا سب کچھ کرنے کے قابل نہیں رہے ہیں اور مجھے بھی روز روز سر کھپانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ''یہ بہت جھنجھلا دینے والا اور پریشان کن وقت تھا‘‘ کیونکہ میں سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی تھی اور میرے سمجھانے بجھانے کا کوئی اثر بھی نہیں ہو رہا تھا بلکہ اوپر سے یہ دونوں ایک دوسرے کی ایمانداری کی قسمیں بھی کھا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ''میں کائونٹ ڈائون کر رہی تھی‘‘ اور خدا خدا کر کے یہ دن آیا ہے کہ میری فکر مندیاں بھی کافی حد تک ختم ہو گئی ہیں۔ باقی نیب وغیرہ جانیں اور ان کا کام۔ آپ اگلے روز ٹویٹ پر اپنا پیغام نشر کر رہی تھیں۔
اور اب آخر میں کچھ شعر و شاعری ہو جائے:
پر نکلتے گئے پرندوں کے 
اور پھر ہو گیا شجر خالی (خالد محبوب،بہاولپور)
رخ بظاہر ہے کہیں اور ضمیرؔ
میں مگر اور کہیں جا رہا ہوں
یہ زبردستی عجب ہے صاحب
اپنے ہی دل سے نکالا گیا ہوں
بتاتے ہیں ترے چہرے کے آثار
کہ میں تھکنے لگا ہوں چلتے چلتے
گر یہ میں ہوں تو تم کہاں ہو‘ دوست
گر یہ تم ہو تو میں کہاں گیا ہوں
بہت سے جھوٹ گھڑنے پڑتے ہیں ہر روز
یہ سچا عشق بھی آساں نہیں ہوتا
وہاں تک تو ہمارا فائدہ کر دیں
جہاں تک آپ کا نقصان نہیں ہوتا
محبت بھی اسی سے ہوئی ہوتی ہے
جسے پا لینے کا امکان نہیں ہوتا
اک حد میں ہی رہنا ہے‘ پرے جانا نہیں ہے
مقصود تجھے ڈھونڈنا ہے، پانا نہیں ہے (ضمیر طالب)
ہماری باقیات میں تھے صرف شعر ہی بچے
تمہارے نام ان کا حرف حرف کر دیا گیا (آزاد حسین آزاد)
آج کا مطلع
سکوت ہی وہاں اظہار کے برابر ہے
کہ راستہ جہاں دیوار کے برابر ہے

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں