"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں اُن کی، متن ہمارے

حکومت کا رویہ یہی رہا تو جلد کنٹینر پر ہوں گے: مریم اورنگزیب
نواز لیگ کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ ''حکومت کا رویہ یہی رہا تو جلد کنٹینر پر ہوں گے‘‘ کیونکہ کافی عرصے سے کنٹینر پر چڑھنے کا شوق تھا‘ اب حکومتی رویے سے کچھ امکان پیدا ہوا ہے‘ جبکہ ایک تو کنٹینر پر چڑھ کر آدمی سطح سمندر سے کافی بلند ہو جاتا ہے اور نیچے کھڑے ہوئے لوگ بالکل چھوٹے چھوٹے اور بونے سے لگتے ہیں‘ جس سے احساسِ برتری میں اضافہ ہوتا ہے‘ نیز حکومت کی طرف سے کافی کھانا بھی مہیا کیا جاتا ہے اور اگر یہ واقعی صحیح ہے تو ہمارے قائد بھی کنٹینر پر سوار ہونا پسند کریں گے‘ جبکہ ہمیں کنٹینر سے اتارنے کے لیے علامہ طاہر القادری والا نسخہ بھی کارگر ہو سکتاہے‘ کیونکہ مقدمات کی وجہ سے ہم ویسے بھی کافی ضرورتمند ہو چکے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ ''آج حکومت کا خوف سب نے دیکھ لیا ہے‘‘ اور یہ تو کچھ بھی نہیں‘ اصل خوف تو ہماری حکومت کو ہوا کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ''وہ شخص جس نے دن رات قوم کی خدمت کی‘ اس کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے‘‘ اور حکومت کی زیادتی کی تعریف نیب بھی کر رہی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
اگر مریم جیل جا سکتی ہیں تو علیم خاں کا بھی حساب دیں: حمزہ شہباز
نواز لیگ کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ''اگر مریم جیل جا سکتی ہیں تو علیم خاں کا بھی حساب دیں‘‘ بلکہ یہ منحوس جیل شاید میرا بھی انتظار کر رہی ہے‘ کیونکہ والد صاحب اور تایا جان کی طرح خدمت میں‘ میں بھی کسی سے پیچھے نہیں تھا اور نیب میرے خلاف بھی انتقامی کارروائی کرنے والی ہے‘ جبکہ یہ عجیب و غریب ملک ہے کہ اسے خدمت راس ہی نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ ''ہمیں اقتدار میں آنے کی جلدی نہیں‘‘ جبکہ عوام کو بھی ہمیں اقتدار میں لانے کی کوئی خاص جلدی نہیں ہے‘ بلکہ نیب کی کارروائیوں سے تو ایسا لگتا ہے کہ اقتدار ایک خواب ہی ہو کر رہ جائے گا‘ کیونکہ سزایابی کے ساتھ ہی آدمی ہمیشہ کے لیے نااہل بھی ہو جاتا ہے ‘اس لیے اقتدار کا تو ورقہ ہی پھاڑ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا چہرہ جلد بے نقاب ہو جائے گا‘‘ لیکن ہماری ہمت دیکھیے کہ آخر تک خود کو بے نقاب نہیں ہونے دیا۔آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
100روزہ ایجنڈے میں ٹرینوں کا جال بچھا دوں گا: شیخ رشید
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ''100روزہ ایجنڈے میں ٹرینوں کا جال بچھا دوں گا‘‘ اور اس جال سے مچھلیاں بھی پکڑیں جا سکیں گی اور بازار میں مچھلی کا ریٹ بہت کم ہو جائے گا اور لوگوں کو روزگار بھی فراہم ہوگا ‘جبکہ اس پر کوئی خرچہ بھی نہیں آئے گا اور ملک میں ہر طرف مچھیرے ہی مچھیرے نظر آئیں گے اور مچھلی کی برآمد سے ایکسپورٹ میں بھی کافی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ''ریلوے میں سی پیک کا اہم کردار ہوگا‘‘ جبکہ ریلوے کا تو بس نام ہی ہوگا۔ اصل کردار تو میرا ہوگا ‘جبکہ آبادی میں تیز رفتار اضافے کے تدارک کیلئے شادیوں پر پابندی لگانے پر بھی سوچ بچار کر رہے ہیں‘ کیونکہ اگر میرا گزارہ شادی کے بغیر ہو سکتا ہے تو دوسروں کا کیوں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''پاکستان ریلوے کے پاس ایک لاکھ اٹھانوے ہزار ایکڑ زمین ہے‘‘ اس لیے اس کا شمار بڑے زمینداروں میں ہونا چاہیے‘ جبکہ آہستہ آہستہ اس میں قبضہ گروپ بھی پیدا ہو جائیں گے۔ آپ اگلے روز ٹرینوں کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
مشکل وقت گزر جائے گا‘ ملک تیزی سے اُوپر اٹھے گا: عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ''مشکل وقت گزر جائے گا‘‘ اور اس کے بعد مزید مشکل وقت بھی آ سکتا ہے ‘اس لیے قوم اس کے لیے تیار رہے۔ انہوں نے کہا کہ ''ملک تیزی سے اوپر اٹھے گا‘‘ اور اس تک پہنچنے کے لیے سیڑھی کی ضرورت کی ضرورت پڑے گی ؛چنانچہ پبلک کی سہولت کی خاطر 20کروڑ سیڑھیوں کا بھی آرڈر دے دیا ہے‘ تاکہ کوئی ملک تک پہنچنے سے محروم نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ ''عوام الناس کو آگاہی فراہم کرنے میں میڈیا کا اہم کردار ہے‘ کیونکہ ہمارا تو ابھی نیا نیا کام ہے اور ابھی حکومت کرنا سیکھ رہے ہیں‘ اس لیے کوئی وزیر کبھی کوئی کھچ مار بیٹھتا ہے تو کبھی کوئی‘ اس لیے ہم انشاء اللہ اگلی بار آپ کو حکومت کر کے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ''حکومت میڈیا کو مکمل سپورٹ فراہم کرے گی‘‘ اور میڈیا سے بھی امید ہے کہ وہ ہماری بھی مکمل سپورٹ کرے گا‘ ورنہ نتائج کا خود ذمہ دار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ''ضمنی الیکشن میں مداخلت نہیں کی‘‘ جس سے ہمیں کافی سبق حاصل ہوا ہے کہ حکومت میں رہ کر ایسی غلطیاں نہیں کرتے۔ آپ پی این ایس کے وفد سے ملاقات کر رہے تھے۔
بہت جلد پاکستان واپس آ رہی ہوں: ایان علی
کرنسی سمگلنگ میں ملوث ڈالر گرل ایان علی نے کہا ہے کہ ''جلد پاکستان واپس آ رہی ہوں‘‘ اور مجھے حیرت ہے کہ زرداری صاحب کے ہوتے ہوئے بھی میرے وارنٹ گرفتاری جاری ہو گئے ہیں‘ جس سے پتا چلتا ہے کہ حکومت اور خاص طور پر نیب کے ساتھ ان کے تعلقات کوئی خاص اچھے نہیں رہے اور میں تو میڈیا کے چند دوستوں کے اصرار پر جلدی واپس آ رہی ہوں‘ جو میری تصویریں لے لے کر نہیں تھکتے اور اب ان کی اُداسی حد سے تجاوز کر چکی ہے‘ تاہم وہ کوشش کریں کہ زرداری صاحب کو اس کا پتا چلے‘ کیونکہ وہ صرف انسانی ہمدردی کے طور پر مجھے لوگوں کی بُری نظروں سے بچا کر رکھنا چاہتے ہیں ‘جو کہ محض ثواب حاصل کرنے کی خاطر ہے‘ اس لیے دُعا ہے کہ اُن کی طرح دیگر پاکستانیوں کو بھی خدا نیک ہدایت دے۔ انہوں نے کہا کہ ''بیرون ملک علاج مکمل ہونے کے بعد فوراً واپس آ جاؤں گی‘‘ اگرچہ وہاں کے ڈاکٹر میرا علاج بہت سست رفتاری کے ساتھ کر رہے ہیں۔ آپ اگلے روز سوشل میڈیا پر اپنی تصویر جاری کر رہی تھیں۔
آج کا مقطع
ہوئے تھے فتح یاب تم جس میں آخر
ظفرؔ اس لڑائی میں کام آ گیا ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں