"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور تازہ غزل

کام نہ کرنے والے وزرا گھر جائیں گے: عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ''کام نہ کرنے والے وزرا گھر جائیں گے‘‘ کیونکہ کچھ وزرا کے گھر والوں نے شکایت کی ہے کہ وہ دفتری اوقات کے بعد گھر نہیں آتے اور اِدھر اُدھر سیر سپاٹے کرتے رہتے ہیں جبکہ میں خود دیر سے گھر پہنچوں تو میری سخت باز پُرس ہوتی ہے‘ اس لیے وزرا کو چاہئے کہ وقت پر گھر پہنچ جایا کریں۔کسی وزیر کے دیر سے گھر پہنچنے پر اگر اس کی سخت باز پرس ہو تو وہ دفتر میں آ کر خاک کام کرے گا۔ میں بھی خاصی احتیاط سے کام لیتا ہوں۔ آپ اگلے روز پشاور میں شیلٹر ہومز کا افتتاح کر رہے تھے۔
مجھے تو معلوم ہی نہیں یہ کس انڈر پاس کی بات کرتے ہیں: رانا ثناء اللہ
سابق وزیر قانون پنجاب اور ن لیگ کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ''مجھے تو معلوم ہی نہیں یہ کس انڈر پاس کی بات کرتے ہیں‘‘ کیونکہ فیصل آباد کے سارے انڈر پاس میری ہی ہدایات پر تعمیر ہوئے تھے‘ اس لیے نیب والوں کو چاہئے کہ مذکورہ انڈر پاس کی نشاندہی کریں کیونکہ مصروفیات ہی اتنی ہوتی تھیں کہ سارے انڈر پاسز کی تفصیلات کو یاد رکھنا تقریباً نا ممکن تھا جس طرح ہمارے قائد کو یاد نہیں کہ انہوں نے پاکپتن والی اراضی کا کوئی حکم دیا تھا یا نہیں۔ جبکہ کافی عرصہ جیل میں رہنے سے ان کی یادداشت مزید کمزور ہو گئی ہے اور کھانا کھانے کے بعد انہیں یاد ہی نہیں رہتا کہ وہ کھانا کھا چکے ہیں اور مزید کھانے بیٹھ جاتے ہیں‘ اس لیے بیٹھ کر کھانے کی بجائے انہیں یہ کام چلتے پھرتے کرنا چاہئے جس سے اُن کی یادداشت کو افاقہ ہو سکتا ہے اور اس طرح تھکاوٹ سے انہیں اندازہ ہو جایا کرے گا کہ وہ کھانا کھا چکے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے بات کر رہے تھے۔
سلیکٹڈ وزیراعظم اور کابینہ خیالی دنیا میں بھٹک رہی ہے: نفیسہ شاہ
پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ ''سلیکٹڈ وزیراعظم اور کابینہ خیالی دنیا میں بھٹک رہی ہے‘‘ جبکہ ہمارے لیے خیالی دنیا کا سیر سپاٹا ویسے ہی مشکل ہو گیا ہے کیونکہ نیب نے خیال چھوڑیں حقیقی دنیا بھی اتنی خوشگوار نہیں رہنے دی اور زرداری صاحب اور بلاول کے خلاف کارروائی پر تُلی کھڑی ہے جبکہ اُسے کسی کے ذاتی معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہئے جسے دخل در معقولات بھی کہتے ہیں کیونکہ انہوں نے جو کچھ بھی کیا ہے‘ معقولات کے دائرہ کے اندر رہ کر ہی کیا ہے اور دائرے سے کبھی پائوں باہر نہیں نکالتے کیونکہ یہ دائرہ ہے ہی اس قدر خوشگوار کہ ان کے ساتھ ان کے دیگر ساتھی بھی اس کے پابند رہے ہیں جبکہ ویسے تو ساری قوم ہی جیسے دائرے میں سفر کر رہی ہے اور بہت مزے میں ہے کیونکہ کام ہی اتنا مزیدار ہے کہ اور کچھ کرنے کو جی ہی نہیں چاہتا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
ایئر پورٹ پر روک کر دہشت گردوں جیسا سلوک کیا گیا: حمزہ شہباز
ن لیگ کے مرکزی رہنما اورپنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''ایئر پورٹ پر روک کر دہشت گردوں جیسا سلوک کیا گیا‘‘ حالانکہ میں کوئی دہشت گردی نہیں کر رہا تھا اور ایک نہایت ضروری کام سے ملک سے باہر جا رہا تھا اور یہ غلط ہے کہ میں بھاگ کر جا رہا تھا‘ کیونکہ میں آرام آرام سے چل رہا تھا کیونکہ ہم سارے کام آرام آرام ہی سے کرتے ہیں جبکہ والد صاحب تو اکثر کام لیٹے لیٹے ہی کر دیا کرتے تھے تا کہ کام بھی ہوتے رہیں اور آرام بھی‘ اور ڈار صاحب بھی لندن میں آرام ہی کر رہے ہیں جس کا مشورہ انہیں ڈاکٹر نے دیا تھا جبکہ میں نے ایسا مشورہ وہاں جا کر لینا تھا جس میں شاید مجھے وہاں طویل قیام کا کہا جاتا جبکہ ہم نے مشورہ پر ہمیشہ ہی عمل کیا ہے اور میرے خلاف جو کارروائی ہونے جا رہی ہے اس میں کسی کا مشورہ شامل نہیں ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور اب اس ہفتے کی تازہ غزل:
عشق ایسا نہیں کہ تم بھی کرو
یہ وہ جھگڑا نہیں کہ تم بھی کرو
خود محبت اگر نہیں کرتے
کوئی کہتا نہیں کہ تم بھی کرو
اصل میں کام تو ہمارا ہے
یہ تمہارا نہیں کہ تم بھی کرو
ایک ہی بار جو کیا سو کیا
اب دوبارہ نہیں کہ تم بھی کرو
یہ تو سارا ہی کرنا پڑتا ہے
تھوڑا تھوڑا نہیں کہ تم بھی کرو
دھیان کرنا ہمارے جیسوں کا
اتنا اچھا نہیں کہ تم بھی کرو
نہ سہی اس قدر سکوت‘ مگر
شور اتنا نہیں کہ تم بھی کرو
اور ہی طرح کا معاملہ ہے
یہ تماشا نہیں کہ تم بھی کرو
آتا جاتا ہے دل‘ ظفرؔ‘ خود ہی
کوئی دعویٰ نہیں کہ تم بھی کرو
آج کا مطلع
کوئی شکوہ نہ شکایت کی ہے
یہ جو بے کار محبت کی ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں