احتساب عدالت کا حکم ماننا پڑے گا
لیکن صحت کا بھی معاملہ ہے: شہباز شریف
سابق خادمِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''احتساب عدالت کا حکم ماننا پڑے گا لیکن صحت کا معاملہ بھی ہے‘‘ اور یہ ایک عجیب بات ہے کہ پی اے سی کے اجلاس میں جانے لگوں تو میری صحت بالکل ٹھیک ٹھاک ہوتی ہے بلکہ جی چاہتا کچھ دوڑ لگاتا ہوا وہاں پہنچ جاؤں لیکن عدالت میں حاضر ہونے کا وقت آتا ہے تو صحت ساری کی ساری خراب ہو جاتی ہے، اس لیے میرا خیال ہے کہ پہلے اس عجیب و غریب صورتحال کا علاج کروا کر اس سے چھٹکارا حاصل کروں تاکہ عدالت میں حاضر ہونے کے قابل ہو سکوں اور اس وقت عدالت فردِ جرم کو مزید پکا کر سکے کیونکہ کام ہمیشہ پکا ہی کرنا چاہیے اور ہم دونوں بھائیوں کا یہ مشترک اور مستقل نظریہ ہے اور ہم نے آج تک سارے کام پکے طریقے سے ہی کیے ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ پختگی کچھ ضرورت سے زیادہ ہی ہو گئی جس کی وجہ سے نیب اور احتساب عدالت کو یہ ساری مصیبت پڑی ہوئی ہے جس سے اُنہیں جلد از جلد چھٹکارا حاصل کرنا چاہئے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا کے سوالوں کا جواب دے رہے تھے۔
ڈیل کا وہی بتا سکتے ہیں جن کے ساتھ ہو رہی ہے: پرویز الٰہی
سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ''ڈیل کا وہی بتا سکتے ہیں جن کے ساتھ ہو رہی ہے‘‘ کیونکہ ہم تو اُس وقت بتا سکیں گے جب ہمارے ساتھ ہوگی اور ڈیل کا مقصد صرف پلی بار گیننگ ہے جس کی قانون بھی اجازت دیتا ہے کیونکہ کچھ دینے دلانے کے بعد بھی کافی سارا بچابھی رہتا ہے اور سارا کمال اسی میں ہے کہ آپ پلی بارگین کس مہارت سے سرانجام دیتے ہیں کیونکہ اس سے پہلے زمین ذرا ہموار کرنا پڑتی ہے اور کوئی کام بھی آج کل مُفت میں نہیں ہو جاتا، چنانچہ ہم نے دونوں مدات کے لیے پیسے نکال کر الگ رکھ لیے ہیں تاکہ برخوردار مونس الٰہی سمیت پلی بارگین کا مقدس کام احسن طریقے سے سرانجام پا سکے، اگرچہ فی الحال تو اطلاع یہی ہے کہ زرداری اور نواز شریف اتنے پیسے دینے سے لیت و لعل کر رہے ہیں جو ان سے مطالبہ کیا گیا ہے حالانکہ روپیہ پیسہ ہاتھ کا میل ہے بلکہ ان حضرات کے تو ہاتھ کے ساتھ ساتھ پاؤں بھی کافی میلے ہو گئے تھے جن کی صفائی پہلی فرصت میں کر لینی چاہیے کیونکہ صفائی تو نصف ایمان ہوتی ہے۔ آپ اگلے روز ریاض میں میڈیا کے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔
شادی کے بعد طالبات کا ٹیلنٹ ضائع ہو جاتا ہے: گورنر سندھ
گورنر سندھ عمران اسمعیل نے کہا ہے کہ ''شادی کے بعد طالبات کا ٹیلنٹ ضائع ہو جاتا ہے‘‘ اس لیے طالبات کو شادی سے زیادہ سے زیادہ پرہیز کی ضرورت ہے تاکہ اتنی محنت سے حاصل کیا ہوئے ٹیلنٹ کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے اور جس کا ایک متوقع خوشگوار نتیجہ بھی نکلے گا کہ ملک کی بے تحاشا بڑھتی ہوئی آبادی میں کچھ کمی واقع ہو سکے جبکہ حکومت اپنے طور پر بھی اس کوشش میں ہے کہ مہنگائی وغیرہ کے ہاتھوں آبادی کا ایک معقول حصہ اللہ کو پیارا ہوتا رہے تاکہ آبادی کے اس بم کو پھٹنے سے روکا جا سکے جس سے ٹِک ٹِک کی آواز آرہی ہے اور یہ بم کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے اور اسی لیے حکومت سارے کام چھوڑ کر آبادی کو کم کرنے کے اس نیک کام میں سرنہوڑائے لگی ہوئی ہے جس کے بہتر نتائج بھی برآمد ہو رہے ہیں۔ آپ اگلے روز کراچی میں کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔
ہماری پانچ برس کی محنت کو حکومت نے برباد کر دیا: احسن اقبال
سابق وفاقی وزیر داخلہ اور ن لیگ کے مرکزی رہنما چوہدری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''ہماری پانچ برس کی محنت کو پی ٹی آئی حکومت نے برباد کر دیا‘‘ اور انہیں عدالتوں اور نیب کے چکر لگوا رہی ہے حالانکہ ہمارے قائدین نے جو کچھ کیا اپنا خون پسینہ بہا کر کیا، حتیٰ کہ خون سارا بہہ گیا اور اسے صرف پسینے پر گزارا کرنا پڑا جس میں عرقِ ندامت ہرگز شامل نہیں تھا اور اب میں خواب میں بھی عرق گلاب اور مُشک کافور کی خوشبو آنے لگی ہے جبکہ اب حکومت ڈیل میں بھی خواہ مخواہ تاخیری حربے استعمال کر کے اسے طول دینے کی ناپاک کوشش کر رہی ہے حالانکہ نیک کام میں دیر نہ کرنے کا حکم ہے ۔ ہمیں اپنے سے زیادہ حکمرانوں کی فکر پڑی ہوئی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شریک تھے۔
اور اب آخر میں ضمیر طالب کا تازہ کلام:
ڈھونڈنا اُن کو بھی پڑ سکتا ہے
جو نہیں کھوئے ہوئے ہوتے ہیں
ہمیں پڑتا ہے جگانا اُن کو
جو نہیں سوئے ہوئے ہوتے ہیں
اُنہیں دُکھ بھی تو ضروری نہیں ہے
جو بہت روئے ہوئے ہوتے ہیں
لگا رہتا ہے آنا جانا مگر
کسی دل میں مکیں نہیں ہوں میں
مجھ سے پہلی بار کچھ بھی ٹھیک ہوتا ہی نہیں
اس لیے ہر کام دوبارہ کیا کرتا ہوں میں
آدھی دُنیا سے توڑ کر ہم نے
پوری دنیا سے ناتا جوڑ لیا
کبھی مکیں نہیں ہوتا کبھی مکاں نہیں ہوتا
جہاں بھی رکھتا ہوں دل کو وہاں نہیں ہوتا
بات منوائی ہے تو نے جو بڑی مشکل سے
مان سکتا تھا وہی میں بڑی آسانی سے
وہ آنکھ جھپکے تو آرام کر لوں تھوڑا سا
کہ تھک چکا ہوں اُسے میں دکھائی دیتے ہوئے
میں نے درد کو دیکھا ہوا ہے
ساتھ مرے ہی بڑا ہوا ہے
آج کا مطلع:
اپنے ہونے کا بہانہ سا بنایا ہوا ہے
ہم کہیں بھی نہیں، اندازہ لگایا ہوا ہے