ہسپتالوں کی بہتری سزا کے بغیر ممکن نہیں ہے: عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ''ہسپتالوں کی بہتری سزا کے بغیر ممکن نہیں ہے‘‘ جس طرح اپوزیشن صرف سزا ہی سے بہتر ہو سکتی ہے‘ جس کیلئے حکومت اپنی خدمات نہایت خوش اسلوبی سے انجام دے رہی ہے اور ہم نے آغاز بھی اس کارِخیر سے کیا ہے ‘کیونکہ؛ اگر اپوزیشن ٹھیک ہو جائے‘ تو باقی سب کچھ اپنے آپ ہی ٹھیک ہو جائے گا؛ حتیٰ کہ ہسپتال بھی خود ہی بہتر ہو جائیں گے‘ ورنہ سزا تو اُنہیں بھگتنا پڑے گی ہی۔ اوّل تو اپوزیشن والوں کا عبرتناک انجام دیکھ کر وہ اپنے آپ ہی بہتر ہو جائیں گے‘ نیز پوری قوم ہم سے جو عبرت حاصل کر رہی ہے‘ ہمیں اُسی پر گزارہ کرنا پڑے گا‘ جیسے کہ پہلے ہم آئی ایم ایف پر گزارہ کر رہے ہیں‘ بلکہ اب تو ایسا لگتا ہے کہ آئی ایم ایف خود بھی اپنا گزارہ ہم پر ہی کر رہی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں فنڈ ریزنگ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
لندن فلیٹس جن کے ہیں‘ اُنہیں سزا دے دیں: شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم اور نواز لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''لندن فلیٹس جن کے ہیں‘ اُنہیں سزا دے دیں‘‘ اور جنہوں نے خریدے ہیں‘ اُنہیں کچھ نہ کہیں‘ کیونکہ اُن بیچاروں کے بھی کام نہیں آئے اور برطانوی باشندے اُن سے مستفید ہو رہے ہیں‘ جو کبھی بڑے میاں صاحب کے فرزندانِ ارجمند ہوا کرتے تھے‘ لیکن اب وہ صرف برطانیہ کے شہری ہیں اور میاں صاحب کا خیال بھی یہی ہے‘ جبکہ اس صورت میں یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ چوروں کو مور پڑ گئے‘ جو برطانیہ کے جنگل میں ناچ رہے ہیں اور ایک دنیا اُنہیں دیکھ رہی ہے‘ اس لیے میاں صاحب کے ساتھ تو اُلٹا اظہارِ ہمدردی ہونا چاہیے‘ بلکہ ان کی کچھ مالی امداد بھی ہونی چاہیے‘ جس کیلئے انہوں نے سارا بیانیہ ہی تبدیل کر کے رکھ دیا‘ پیشتر اس کے کہ وہ اسے دوبارہ شروع کر دیں اور جو اُن کیلئے مجبوری بن کر رہ جائے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک ٹی وی پروگرام میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
فواد چودھری کو جھوٹ بولنے کا موقعہ نہیں مل رہا: مریم اورنگزیب
سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور نواز لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''فواد چودھری کو کچھ دن سے جھوٹ بولنے کا موقعہ نہیں مل رہا‘‘ اور یہ سارا کام ہمیں ہی کرنا پڑ رہا ہے‘ جو کہ جھوٹ بول بول کر پہلے ہی ہماری مت ماری ہوئی تھی کہ اوپر سے ہمیں فواد چودھری کے حصے کا جھوٹ بھی بولنا پڑ رہا ہے اور یہ باقاعدہ عادت کی حیثیت اختیار کر رہا ہے اور اب تو یہ باقاعدہ سفید جھوٹ کی شکل میں اپنی دُھوم مچا رہا ہے‘ جس کا تجربہ پہلے ہی ہمیں کافی حاصل تھا کہ کالے دھن کو سفید کرنا ہمارے لیے ایک روٹین کی بات ہوا کرتی تھی‘ کیونکہ کالا رنگ ہمیں ویسے ہی پسند نہیں ہے ۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
تیرا پاکستان نہ میرا ‘ صرف آئی ایم ایف کا پاکستان ہے: فاروق ستار
فاروق ستار نے پی ٹی آئی کی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ''تیرا پاکستان نہ میرا پاکستان‘ صرف آئی ایم ایف کا پاکستان ہے‘‘ اور آئی ایم ایف ہمارے ملک کے ساتھ وہی سلوک کرے گا‘ جو ایم کیو ایم نے میرے ساتھ کیا ہے اور اسی پر بس نہیں‘ ریفرنسز کی شکل میں میرے ساتھ مزید ہونے جا رہا ہے‘اب آپ خود ہی بتائیں کہ میری یہ مختصر سی جان یہ سارے صدمے کیسے برداشت کرے گی ‘جو کہ پہلے تو میں ایم کیو ایم کا سربراہ بننے جا رہا تھا اور اب کسی شمار و قطار ہی میں نہیں ہوں؛ حالانکہ اس کی خاطر جو قربانیاں میں نے دی ہیں‘ وہ دوسرے حضرات سے کسی طور کم نہیں ہیں‘ جن سے اب حکومت بھی پوری طرح آگاہ ہو چکی ہے؛ حتیٰ کہ ان قربانیوں کا احساس اب الطاف بھائی کو بھی نہیں ہے‘ جو لندن میں بیٹھے خود تو عیش کر رہے ہیں اور اُن کے جانثار یہاں خوار ہو رہے ہیں۔ آپ اگلے روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور‘ اب کچھ شعر و شاعری ہو جائے:
لگی تھی عمر پرندوں کو گھر بناتے ہوئے
کسی نے کیوں نہیں سوچا شجر گراتے ہوئے
یہ زندگی تھی کہ دُھتکارتی رہی مجھ کو
میں بات کرتا رہا اس سے مسکراتے ہوئے
عجیب نیند میں تھا خواب گاہِ ہستی کی
میں اِس جہاں سے ترے اُس جہاں میں جاتے ہوئے
میں جل اُٹھا تھا ترے ہی خیال کی لَو سے
تجھے خیال نہ آیا مجھے بجھاتے ہوئے
خاک سے کیوں مری دستار ملائی ہوئی ہے
میں نے عزت بڑی مشکل سے کمائی ہوئی ہے
ہوا کے دوش پہ یہ جو سوار پانی ہے
مرا یقین کرو‘ بے شمار پانی ہے (احمد عرفان)
ابھی تو اور تماشا بھی ہونا باقی ہے
ابھی تو خود سے وہ تازہ سند نکالیں گے (اسد علی باقی)
ہوا بدلی نہیں ہے اس چمن کی
فقط رنگِ ہوا بدلا ہوا ہے
تُو کاروبارِ عشق میں شامل تھا میرے ساتھ
سو ہو گیا ہے تیرا بھی نقصان‘ معذرت (قیصر مسعود‘ دوحہ )
آج کا مقطع
ہم اپنے آپ سے بیعت کیے ہوئے ہیں‘ ظفرؔ
یہ سجدہ گاہ کسی نقشِ پا سے ہٹ کر ہے