"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں‘متن اور اس ہفتے کی تازہ غزل

نیب ناکام ہو چکا‘ منجمد کر دینا چاہتے ہیں: فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''نیب ناکام ہو چکا ‘ منجمد کر دینا چاہتے ہیں‘‘ جیسے کہ آئس کریم ہوتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی افطاری میں‘ جس کی ریل پیل اب تک یاد ہے اور جو بھولنے کا نام ہی نہیں لیتی اور جو چیز ناکام ہو جائے اسے منجمد ہی کر دینا مناسب ہے ‘جیسا کہ حکومت مجھے کوئی بھی ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اس قطع رحمی پر اللہ میاں اسے کبھی معاف نہیں کریں گے؛ حالانکہ رمضان کا مقدص مہینہ ہے اور اس میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں کمانے کا حکم ہے‘ لیکن ایسا لگتا ہے کہ حکومت کو اپنی عاقبت کی کوئی فکر نہیں‘ جس پر حکومت کی جگہ میں خود پریشان ہوں‘ جبکہ میں پہلے ہی پریشانیوں میں گھرا ہوا ہوں‘ اوپر سے تحریک کا معاملہ بھی کافی مشکوک نظر آ رہا ہے ۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک ویڈیو بیان جاری کر رہے تھے۔
چیئر مین نیب کی تعیناتی غلط ثابت ہوئی 
تو معافی مانگ لوں گا: شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم اور نواز لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''چیئر مین نیب کی تعیناتی غلط ثابت ہوئی تو معافی مانگ لوں گا‘‘ جبکہ اس کے علاوہ کئی اور معافیوں کا سلسلہ بھی شروع ہونے کو ہے؛ اگرچہ شہباز شریف نے تو کہا ہے کہ میں پیسے واپس کر دوں گا‘ لیکن معافی نہیں مانگوں گا‘ جبکہ ہمارا‘ یعنی میاں نواز شریف سمیت سب کا مؤقف یہ ہے کہ اگر نیب پیسوں سے در گزر کر لے تو ہم ہاتھ جوڑ کر معافی مانگنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں‘ جبکہ ملک کا تین بار وزیراعظم رہنے والے شخص کی طرف سے معافی مانگنا ایک تاریخی اقدام ہوگا۔ اس لیے حکومت کو چاہیے کہ جلد از جلد یہ تاریخ رقم کر لے اور یہ سنہری موقع ہاتھ سے نہ گنوائے اور موقعہ پرستی کا ثبوت دے‘ جسے ہمیشہ کلیدی کامیابی سمجھا گیا ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
عید کے بعد اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہوں گی: شہباز شریف
سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''عید کے بعد اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہوں گی‘‘ اور یہ روح پرور نظارہ میں لندن میں بیٹھ کر ہی کروں گا‘ کیونکہ یہاں مقامی ن لیگی تنظیم سخت بد نظمی کی شکار ہے اور جس کا مظاہرہ اگلے روز دیکھنے کو ملا‘ جب یہ لوگ آپس میں ہی گتھم گتھا تھے‘ جبکہ مجھے اور مُحبی اسحاق ڈار کو ہوٹل کے عقبی دروازے سے اندر داخل ہونا پڑا تو ایک آدھ گھونسا کہیں ہمیں ہی نہ پڑ جائے‘ ان حالات میں میری اور اسحاق ڈار کی ملک واپسی کیسے ہو سکتی ہے کہ آخر تنظیم کا معاملہ ہے‘ جبکہ پاکستان میں ہم دونوں کو تنظیم سے فارغ کر دیا گیا ہے اور اب ہمارا سارا دارومدار مقامی تنظیم پر ہی ہے‘ جبکہ میرے ابھی کئی ٹیسٹ بھی باقی ہیں‘ جن میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔ آپ اگلے روز لندن میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
مشکل دن ختم ہونے والے ہیں: عبدالحفیظ شیخ
وفاقی مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ''مشکل دن ختم ہونے والے ہیں‘‘ کیونکہ مشکل ترین دن آنے والے ہیں‘ جس دوران عوام موجودہ دنوں کو یاد کیا کریں گے کہ کیسا اچھا زمانہ تھا اور ناقابلِ برداشت سہی‘ یہ بھی ایک طرح کی تبدیلی ہوگی‘ جو کہ وزیراعظم کا سب سے بلند انقلابی نعرہ ہے‘ جبکہ تبدیلی کا اچھا یا برا ہونا خود تبدیلی پر منحصر ہے‘ کیونکہ عمران خان نے قوم سے تبدیلی کا وعدہ کیا تھا‘ اس کے اچھا یا برا ہونے کی شرط نہیں لگائی تھی؛ چنانچہ میں عوام کو خبر دار کر رہا ہوں کہ وہ ہر طرح کی تبدیلی کے تیار رہیں‘ جبکہ اس تبدیلی کا انحصار عوام کی نیت پر بھی ہے‘ جس کے نیک ہونے کے بارے یقین کے ساتھ کچھ بھی کہا نہیں جا سکتا‘ کیونکہ تجربے سے تو یہی ثابت ہوتا ہے کہ عوام اپنی نیت ہی کے نتیجے بھگت رہے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں عمر ایوب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں اس ہفتے کی تازہ غزل
کرتا ہوں توڑ پھوڑ‘ کراتا ہوں توڑ پھوڑ
پھر اس میں تھوڑی اور ملاتا ہوں توڑ پھوڑ
جیسے یہ کر گیا ہو کوئی اور ہی یہاں
حیران ہو کے سب کو دکھاتا ہوں توڑ پھوڑ
تخریب کو سمجھتا ہوں تعمیر ہی کہ میں
خوش ہو کے دیکھتا چلا جاتا ہوں توڑ پھوڑ
کر رکھا ہے کچھ آپ نے جو میرے دل کے ساتھ
اپنی ہی کہہ کے سب کو بتاتا ہوں توڑ پھوڑ
کوئی بھی چیز ثابت و سالم نہ رہ سکے
ایسی بروئے کار میں لاتا ہوں توڑ پھوڑ
کرتا تو ہوں میں جتنی بھی توفیق مجھ میں ہے
کچھ آپ کے لیے بھی بچاتا ہوں توڑ پھوڑ
کرتا ہوں کام اپنی سہولت کو دیکھ کر
حسبِ طلب گھٹاتا بڑھاتا ہوں توڑ پھوڑ
یہ میرے روز و شب کا وظیفہ ہی جانیے
روتا ہوں توڑ پھوڑ تو گاتا ہوں توڑ پھوڑ
یہ بن چکی ہے میری ضرورت کہ اب ظفرؔ
میں اوڑھتا ہوں اور بچھاتا ہوں توڑ پھوڑ
آج کا مطلع
آگ ہونے کی جگہ صرف دھواں ہونا تھا
ہم جہاں پر نہیں موجود‘ وہاں ہونا تھا

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں