"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ‘متن اور تازہ غزل

نواز شریف کو قید کر سکتے ہو‘ اس کے نظریے کو نہیں: مریم نواز
مستقل نا اہل اور سزا یافتہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی سزا یافتہ صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ''نواز شریف کو قید کر سکتے ہو‘ اس کے نظریے کو نہیں‘‘ جبکہ ان کا پہلا نظریہ لگاتار خدمت اکٹھی کرنا تھا‘ دوسرا نظریہ یہ تھا کہ میں انقلابی ہوں‘ تیسرا مجھے کیوں نکالا اور چوتھا ووٹر کی بجائے ووٹ کو عزت دو‘جبکہ ''ہیں جی؟‘‘ ان سب نظریوں کے ساتھ ساتھ چلتا تھا اور یہ ساری چیزیں ایسی ہیں کہ انہیں قید کیا ہی نہیں جا سکتا‘ نہ ہی یہ سارے وہ کام کرتے ہیں نہ کر سکتے ہیں ‘جو نواز شریف کیا کرتے تھے اور انہیں قید کرنا؛ چونکہ نا ممکن تھا اس لیے ظالموں نے نواز شریف کو قید کر لیا اور اگر انہیں بی کلاس نہ دی گئی ہوتی‘ تو وہ 'خاکم بدہن‘ وہاں پہنچ چکے ہوتے‘ جہاں سے اگر آدمی کوشش بھی کرے‘ واپس نہیں آ سکتا‘ اس لیے فی الحال ہم اُن کے نظریات ہی پر گزارہ کر رہے ہیں‘ جبکہ خود انہوں نے بھی ان نظریات کو جپھا ڈال رکھا ہے۔ آپ اگلے روز ٹویٹ کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
جمہوریت کی خوشبو نہیں‘ آمریت کی بُو آ رہی ہے: اختر مینگل
بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ ''جمہوریت کی خوشبو نہیں‘ آمریت کی بُو آ رہی ہے‘‘ جس میں شاید میرے زکام کا بھی کردار ہو‘ جس کا علاج بھی ساتھ ساتھ کروا رہا ہوں‘ لیکن ٹھیک ہونے ہی میں نہیں آ رہا؛ حالانکہ یہ مینڈکی کا زکام بھی نہیں ہے‘ جبکہ زکام کی حالت میں خوشبو بھی بدبو میں تبدیل ہو جاتی ہے؛ حالانکہ میں بار بار ناک صاف بھی کرتا ہوں اور یہ ایک عجیب بات ہے کہ جونہی مجھے وفاقی حکومت سے کوئی شکایت پیدا ہوتی ہے‘ زکام مجھ پر حملہ آور ہو جاتا ہے اور جمہوریت کی خوشبو‘ آمریت کی بُو میں تبدیل ہو جاتی ہے اور اس وقت تک باقی رہتی ہے جب تک اس شکایت کا ازالہ نہیں ہو جاتا اور زکام شدت اختیار کر لیتا ہے‘ اب بھی کچھ مطالبات ایسے پیدا ہو گئے ہیں کہ اس بُو نے شدت اختیار کر لی ہے ۔ آپ اگلے روز میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
رویت ہلال کمیٹی مانے نہ مانے عید 5 جون کو منائیں گے: فواد چوہدری
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ''رویت ہلال کمیٹی مانے نہ مانے عید 5 جون کو منائیں گے‘‘ اور اگر اور کوئی نہ مانا تو میں اپنے گھر میں عید منا کر سب کو لا جواب کر کے رکھ دوں گا اور اگر مجھے وفاقی وزارت سے ہٹایا نہ جاتا تو قوم میری اس ایجاد سے محروم رہ جاتی اور ملک سے ساری ترقی رک جاتی‘ جبکہ رویت ہلال کمیٹی میں اس قدر بزرگ لوگ شامل ہیں اور بوجہ پیرانہ سالی اُن کی بینائی بھی کافی مشکوک نظر آتی ہے اور اُن کی دُور بین بھی بہت پُرانے ماڈل کی ہے ‘جبکہ عید تو صرف حلوہ کھانے کا دن ہے‘ حلوہ پکا کر جس دن بھی منا لی جائے‘ نیز رویت ہلال کمیٹی کے ارکان کا معاوضہ بھی ملکی خزانے پر ایک بوجھ ہے اور جب حکومت اس قدر بچت کر رہی ہے کہ اپنے ترجمان بھی صرف تیس پینتیس تک محدود کر لئے ہیں‘ تو اُسے اس طرف بھی توجہ دینی چاہیے ۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
عمران خان 2020ء میں وزیراعظم نہیں ہوں گے: منظور وسان
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ملک منظور وسان نے کہا ہے کہ ''عمران خان 2020ء میں وزیراعظم نہیں ہوں گے‘‘ جس کا میں نے خواب دیکھا ہے اور میرا یہ خواب ضرور سچا نکلے گا‘ جبکہ میرے حالیہ سارے خواب اتفاق سے غلط ثابت ہوئے ہیں ‘جس کی وجہ رات کو زیادہ کھانا کھا کر سونا تھا‘ کیونکہ تھوڑا یا واجبی کھانا کھا کر سونے کی کوشش کروں تو نیند ہی نہیں آتی اور جاگتے میں ہی خواب دیکھنا پڑتے ہیں؛چنانچہ اب میں نے سوچا ہے کہ تھوڑا ‘یعنی واجبی سا کھانا کھا کر سوئوں اور خواب میں پیٹ بھر کر ساری کسر نکال لوں‘ جبکہ وافر کھانا میں اپنے بستر کے قریب رکھ کر ہی سویا کروں گا‘ تا کہ خواب میں کھانا بغیر کسی تگ و دو کے کھا سکوں۔ آپ اگلے روز کراچی میں ججوں کے خلاف ریفرنس پر اپنا رد عمل ظاہر کر رہے تھے۔
اور ‘ اب آخر میں اس ہفتے کی تازہ غزل:
لکھ دیا دل کا خزینہ دل لگی کے نام پر
کچھ کسی کے نام پر اور کچھ کسی کے نام پر
دل کے گرد اُڑتی رہی ہیں اور بھی کچھ تتلیاں
اور‘ ہم اٹکے رہے اب تک اُسی کے نام پر
عشق تو خالص ہمارا بھی نہیں تھا سر بسر
دشمنی کی آپ نے بھی دوستی کے نام پر
مجلسِ اغیار کا احوال تو جیسا بھی تھا
تھوڑی حیرانی ہوئی تھی آپ ہی کے نام پر
یہ بھی تھا شاید توجہ کے طریقوں میں سے ایک
آپ نے جو کچھ کیا ہے بے رُخی کے نام پر
صورتِ احوال کی جب اصلیت ہم پر کھلی
آٹھ آٹھ آنسو ہنسے تھے سر خوشی کے نام پر
دو حسینائوں میں جھگڑا بڑھ گیا تو ہم نے بھی
اپنی گنجائش نکالی ثالثی کے نام پر
دیکھ سکتے ہو تو آ کر دیکھ لو‘ ہم نے یہاں
جو اندھیرا کر رکھا ہے روشنی کے نام پر
اس سے بڑھ کر واسطہ دیتے ظفرؔ کیا اور اسے
ہو دوبارہ اک نظر مولا علیؓ کے نام پر
آج کا مطلع
سر میں سودا نہیں وحشت بھی کسی اور کی ہے
کر رہا ہوں جو محبت بھی کسی اور کی ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں