"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اور تازہ غزل

آشیانہ کیس بے بنیاد، قوم کا وقت ضائع ہو رہا ہے: شہباز شریف
سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 'آشیانہ کیس بے بنیاد، قوم کا وقت ضائع ہو رہا ہے‘ کیونکہ قوم کے پاس ہمارے ہاتھوں ایک وقت ہی تو بچا ہوا تھا، اگر وہ بھی اس طرح ضائع ہو گیا تو اس سے بڑی ٹریجڈی اور کیا ہو سکتی ہے، تاہم ہم اس میں بھی سُرخرو ہو کر نکلیں گے جس طرح بھائی صاحب سرخرو ہو کر نکلے ہیں ، جبکہ آشیانہ کیس تو بالکل ہی بے بنیاد ہے البتہ اگر کوئی نمک حرام وعدہ معاف گواہ بن گیا تو میری سرخروئی بھی یقینی ہو جائے گی۔ حالانکہ اس احسان فراموش گواہ کو بھی ساتھ ہی سرخرو ہونا چاہئے کیونکہ میں خود اس کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن جائوں گا یعنی ع
ہم تو ڈوبے ہیں صنم، تم کو بھی لے ڈوبیں گے
آپ اگلے روز پیشی کے موقعہ پر احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
نواز ، زرداری کو کچھ ہوا تو حکومت ذمہ دار ہو گی: بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''نواز ، زرداری کو کچھ ہوا تو حکومت ذمہ دار ہو گی‘‘ اور متعلقہ ادارے کو حکومت کے ساتھ ذمہ دار ٹھہرانا اس لیے ضروری ہے کہ وہ جو ہمیں لاتعداد جعلی اکائونٹس کا ذمہ دار ٹھہرا رہا ہے‘ حالانکہ ہمیں بھی اچھی طرح سے معلوم نہیں کہ وہ کتنے ہیں جبکہ ویسے بھی یہ ادارہ ایک ذمہ دار ادارہ ہے ، تاہم میرے ساتھ کچھ ہونا بعد از قیاس ہے کیونکہ میری ابھی عمر ہی کیا ہے ، البتہ اگر نئے قانون کے مطابق جیل میں سی کلاس مل گئی تو خدانخواستہ کچھ بھی ہو سکتا ہے‘ جبکہ اس صورت میں صرف حکومت ذمہ دار ہوگی، البتہ سی کلاس کا ایک فائدہ ضرور ہے کہ یہ ہمیں جفاکش بنا سکتی ہے۔ آپ اگلے روز تھرپارکر ، مِٹھی میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
عمران خان کا ٹویٹ مگر مچھ کے آنسو ہیں: مریم اورنگزیب
سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور نواز لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''عمران خان کا ٹویٹ مگر مچھ کے آنسو ہیں‘‘حالانکہ اصولی طور پر ہر شخص کو اپنے آنسوئوں سے رونا چاہئے اور اس کے لیے دوسروں کو زحمت نہیں دینی چاہئے کیونکہ اگر مگر مچھ کے سارے آنسو عمران خان نے بہا دیئے تو مگر مچھ رونے کے لیے کس کے آنسو ڈھونڈتا پھرے گا، نیز ہر آدمی کو اپنا کام آپ ہی کرنا چاہئے جیسا کہ ہم اپنے دور میں اپنا ہر کام خود ہی کیا کرتے تھے، جبکہ وہ کسی اور کے کرنے کا تھا ہی نہیں کیونکہ اس کے لیے جتنی ہنر مندی درکار ہوتی ہے ہر کسی کو ودیعت نہیں کی گئی ہوتی، اگرچہ احتساب ادارہ ، اس کا بھی نہ صرف سراغ لگا لیتا ہے بلکہ اس کا ڈھول بھی پیٹتا ہے‘ حالانکہ اللہ ستار العیوب ہے تو اس کے بندوں کو بھی ایسا ہی ہونا چاہئے ۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری نبھائیں گے: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری نبھائیں گے‘‘ جبکہ ویسے تو عوام آئے دن بلکہ روزانہ سرعام لٹتے بھی ہیں اور قتل وغیرہ بھی ہوتے رہتے ہیں لیکن مارچ اور دھرنے وغیرہ کے موقعہ پر ساری کسر نکال دیں گے، اور ہم پر کچھ نہ کرنے کی قسمت کھانے والوں کا منہ بند کر دیں گے‘ اگرچہ منہ بند ہونے کی وجہ سے انہیں کھانے پینے میں مشکل ضرور پیش آئے گی‘ جبکہ باتیں تو اشاروں میں بھی کر سکیں گے ‘اگرچہ اس دوران میں اپنے اصل کام سے محروم رہوں گا کہ افسروں کا تبادلہ کرنا ہی میرا اصل کام ہے‘ بلکہ اکثر اوقات ان تبادلوں کو منسوخ بھی کرنا پڑتا ہے‘ کیونکہ معزز ارکانِ اسمبلی میں اگر کچھ تبادلے کروانے والے ہوتے ہیں تو کچھ منسوخ کروانے والے بھی ہوتے ہیں‘ کیونکہ ہر رکن اسمبلی، خاص طور پر جو ہماری پارٹی بلکہ اتحاد سے تعلق رکھتا ہو، اسے مطمئن رکھنا میرے فرائض منصبی میں شامل ہے، کیونکہ میں نے بطور وزیراعلیٰ قائم بھی رہنا ہے‘ جبکہ میرے حالات پہلے ہی خاصے مشکوک رہتے ہیں۔ آپ اگلے روز اپنے آفس میں ایک اعلیٰ درجے کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اور، اب آخر میں اس ہفتے کی تازہ غزل:
گم گشتہ موسموں کی فضا یادگار ہے
جو چل نہیں رہی وہ ہوا یادگار ہے
یوں ہے مسافرانِ محبت کی داستاں
جتنا سفر بھی جس نے کیا، یادگار ہے
جو ہو سکا ،نہ ہونے ہی جیسا تھا وہ تمام
اس عشق میں جو ہو نہ سکا، یادگار ہے
اپنائیت جو تھی، وہ الگ سے ہے یادگار
بیگانگی کسی کی جدا یادگار ہے
کچھ یاد تو نہیں رہا کوشش جو ہم نے کی
جو کر نہیں سکے وہ خطا یادگار ہے
یادوں کا رہ گیا ہے کوئی مقبرہ یہ دل
کیا بھُول چُوک ہے کوئی، کیا یادگار ہے
اُس کو پکارنا تھا ضروری بہت ، مگر
جو دے سکے نہ اس کو صدا یادگار ہے
خوفِ خدا تھا پہلے، سو وہ بھی نہیں رہا
اور، اب خدا کی جگہ خدا یادگار ہے
جس طرح جھوٹ سچ کو ملائے رکھا، ظفرؔ
اب میں نہیں تو میرا کہا یادگار ہے
آج کا مطلع:
ویراں تھی رات چاند کا پتھر سیاہ تھا
یا پردۂ نگاہ سراسر سیاہ تھا

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں