"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں‘ متن اور شکیلہ جبیں کا کلام \0

جلدوقت آئیگاکہ عمران کو چھپنے کو جگہ نہیں ملے گی: شہباز شریف
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''جلدوقت آئیگا کہ عمران کو چھپنے کو جگہ نہیں ملے گی‘‘ کیونکہ چھپنے کی ساری جگہیں تو ہم نے روک رکھی تھیں‘ لیکن یہ حکومت ہمیں وہاں سے بھی ڈھونڈ ڈھونڈ کر نکال رہی ہے‘ جبکہ اس کی انتقامی کارروائیاں بھی تھمنے میں نہیں آرہی ہیں‘ جبکہ ہم مطمئن تھے کہ کچھ کارگزاریاں تو چھپی ہی رہیں گی‘ اس حوالے سے سراغ رسانی کا محکمہ ہونا چاہیے تھا؛ حالانکہ ہم نے اور پیپلز پارٹی نے اس کے چیئرمین کو اس کام کیلئے منتخب کیا تھا اور اس نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے اور ہی سلسلہ شروع کر دیا کہ چیئرمین تو ہمیں پہچانتے ہی نہیں ؛حالانکہ ع 
ہم وہی سوختہ سامان ہیں تجھے یاد نہیں
جبکہ ہماری یادداشت تو ان کارروائیوں کے بعد اور بھی تیز ہو گئی ہے اور ہر بھولی ہوئی چیز رفتہ رفتہ ایک ایک کر کے یاد آ رہی ہے اورآخر کار اس یادداشت سے تنگ آ کر یہی کہنا پڑتا ہے کہ ؎
یادِ ماضی عذاب ہے یا رب
چھین لے مجھ سے حافظہ میرا
آپ اگلے روز لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
حکومت جلد گھر چلی جائیگی‘ہماری حکومت بنے گی: بلاول بھٹو 
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''حکومت جلد گھر چلی جائے گی‘ہماری حکومت بنے گی‘‘ کیونکہ مولانا صاحب تو حکومت گرا کر اندر شندر ہو جائیں گے‘ جبکہ نواز لیگ اپنے قائد کی پریشانی میں لگی ہوئی ہے؛ اگرچہ ہمیں ابا جان کی پریشانی اُن سے بھی زیادہ ہے‘ تاہم طوعاً و کرہاً وزیراعظم بن جاؤں گا‘ کیونکہ ملک کی خدمت بھی کرنی ہے اور جو خدمت پہلے کی تھی ‘وہ بھی بہت زیادہ یاد آ رہی ہے‘ کیونکہ یہ ملک بنا ہی خدمت کے لیے تھا اور نواز لیگ اور ہم باری باری یہ فریضہ انجام دیتے رہے ہیں اور اب پھر اُسی جذبے سے سرشار ہو کر اس نیک ارادے کو پورا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں‘ بس اب چند دنوں ہی کی دیر ہے ۔ آپ اگلے روز کشمور میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے منائے گئے یومِ سیاہ پر اپنا بیان جاری کر رہے تھے۔
نواز شریف قوم کا اثاثہ‘ ان کی صحت کیلئے دُعا گو ہوں: جاوید ہاشمی
سینئر اور بزرگ رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ''نواز شریف قوم کا اثاثہ ہیں‘ ان کی صحت کیلئے دعاگو ہوں‘‘ اگرچہ میری دعا میں اثر کچھ مشکوک سا ہی ہے ‘ورنہ جو دعائیں میں نے اپنے لئے مانگی تھیں‘ ان میں سے ایک بھی قبول نہیں ہوئی‘ جبکہ بیرسٹر اعتزاز احسن کے بقول نواز شریف کیلئے اب دُعا ہی کا مقام ہے ‘کیونکہ دواؤں نے تو اپنا اثر چھوڑ ہی دیا ہے‘ جبکہ حکومت دیگر حضرات کے اثاثے ضبط کر رہی ہے تو یقینا میاں صاحب پر بھی ضرور اُس کی نظر ہوگی‘ اللہ خیر ہی کرے اور سارا کام ان گنہگار آنکھوں کے سامنے ہی ہو رہا تھا اور کافی عبرت حاصل ہو رہی تھی ‘کیونکہ عبرت چاہے جہاںسے بھی حاصل ہو‘ اسے حاصل کر لینا چاہیے ۔ آپ اگلے روز قیام لاہور کے دوران میڈیا کے نمائندوںسے بات چیت کر رہے تھے۔
مارچ کی اجازت نہ ملی تو وزیراعظم بھی نہیں رہیں گے: اکرم درانی
رہبر کمیٹی کے چیئرمین اور صوبائی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ ''آزادی مارچ کی اجازت نہ ملی تو وزیراعظم بھی نہیں رہیں گے‘‘ جبکہ ہمارے ایک معزز رہنما کو چندہ اکٹھا کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا ہے؛ حالانکہ چندہ اکٹھا کرنا کوئی جرم نہیں‘ بلکہ ہم تو چل ہی چندے پر رہے ہیں اور اس سے لگتا ہے کہ عمران خان خود بھی وزیراعظم نہیں رہنا چاہتے‘ ورنہ وہ اس طرح نہ کرتے‘ بندہ پوچھے اتنے بڑے مارچ کو چندے کے بغیر کیسے ممکن بنایا جا سکتا تھا‘ تاہم ہمارے قائد‘ وزارتِ عظمی کا حلف لینے کیلئے بالکل تیار بیٹھے ہیں‘کیونکہ وزیراعظم کا جانا تو نوشتۂ دیوار ہو چکا ہے اور یہ دیوار سب کو نظر بھی آ رہی ہے۔ آپ اگلے روز بنوں میں کشمیریوں کے حق میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔
اور اب شکیلہ جبیں کی سہ حرفی سے چند مزید اشعار:
آٹے وچ پانی پا گُنھ بیٹھ نی
گوہ گوہ تِڑ دے پُنّ بیٹھ نی
توے نوں تپا توں گُھنّ بیٹھ نی
لازمہ کوئی ہانڈی وچ بھن بیٹھ نی
سُن لَے تو پکنے دی چُھن بیٹھ نی
رَجن بھکھے‘ پکی کر دُھنّ بیٹھ نی
سیوا کر‘ لتھے بھاویں اُنّ بیٹھ نی
اِنج کدی آپ نوں توں مُنّ بیٹھ نی
اُنّ پنجھ لیڑے توں بُنّ بیٹھ نی
کج لَے توں کُھلّا ہویا کُھنّ بیٹھ نی
اگانہہ رَکھ اپنی توں تُھنّ بیٹھ نی
فیر کاہنوں دیوے کوئی سُنھ بیٹھ نی
اکھ اپنی چوفیرے توں پھیر نی سّیو
اج اپنا توں اج ہی نبیڑ نی سّیو
متاں کل لَپے جوؤ تینوں گھیر نی سّیو
کوئی کل لَے جوؤ گا تینوں سہیڑ نی سّیو
پچھے لگے رہ جان نہ ڈھیر نی سّیو
لاڑے لیا جے تینوں چھیڑ نی سّیو
نئیں چُکیاں جانا تیتھوں سیر نی سّیو
جے پَے گئیا کدھرے انھیر نی سّیو
رب کر دیوے تیرے اُتے مہر نی سّیو
پئی آکھیں گی ہو گئی دیر نی سّیو
آج کا مقطع
ایک ٹھوکر کا طلب گار ہوں کب سے کہ ظفرؔ
اور اس طرح سے پتھر میں نہیں رہ سکتا

 

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں