"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں‘متن اور آزاد حسین آزادؔ کی شاعری

کورونا کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹروں 
پر تشدد افسوسناک ہے: شہباز شریف
سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''کورونا کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹروں پر تشدد افسوسناک ہے‘‘ اور اس سے زیادہ افسوسناک بات میری جائیدادوں کا حساب کتاب مانگنا ہے ‘کیونکہ یہ اللہ کی دین ہے اور اس کی پوچھ گچھ کرنا قدرت کے کاموں میں مداخلت کے سوائے اور کچھ نہیں ہے اور یہ بھی کہ یہ میرا ذاتی معاملہ ہے‘ جبکہ میں نے نیب کے ذاتی معاملات میں کبھی دخل اندازی نہیں کی‘ نیز پہلے تو میرا خیال تھا کہ احتساب والوں کے ساتھ جنت میں ہی ملاقات ہو گی‘ لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ یہ ملاقات کہیں اور ہی طے ہو چکی ہے‘ کیونکہ ایسے کاموں کے نتیجے ایسے ہی ہوا کرتے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں ڈاکٹروں کو خراج ِتحسین پیش کر رہے تھے۔
ڈاکٹرز خود کو تنہا نہ سمجھیں‘ پیپلز پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے: بلاول
چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''ڈاکٹرز خود کو تنہا نہ سمجھیں‘ پیپلز پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے‘‘ اور یہی ان کے لیے فکر مندی کی بات بھی ہے ‘کیونکہ عوام سمیت پیپلز پارٹی جس کے ساتھ بھی کھڑی ہوتی ہے ‘اس کا بھٹہ ہی بیٹھ جاتا ہے؛ حالانکہ کھڑے ہونے اور بیٹھنے میں زمین و آسمان کا فرق ہے‘ جسے اٹھک بیٹھک بھی کہتے ہیں اور یہ ورزش صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے‘ لیکن نیب نے جو ہماری اٹھک بیٹھک لگا رکھی ہے‘ اس سے ہماری صحت پہلے سے بھی خراب ہو گئی ہے‘ اوپر سے حکومت نے ڈاکٹروں کے ساتھ تشدد شروع کر دیا ہے‘ جو ہماری صحت کے خلاف کھلی سازش ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
وزیراعظم کے ساتھ تعلقات پہلے جیسے نہیں رہے: جہانگیر ترین
تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ''وزیراعظم کے ساتھ تعلقات پہلے جیسے نہیں رہے‘‘ اور اب‘ ایسا لگتا ہے کہ اپنے خرچے وغیرہ کا بندوبست بھی خود ہی کرنا پڑے گا‘ جبکہ ویسے بھی ہمیں اپنے پائوں پر کھڑا ہونا چاہیے‘ کیونکہ اللہ میاں بھی انہی کی مدد کرتے ہیں ‘جو اپنی مدد آپ بھی کرتے ہیں‘ تاہم تعلقات میں کمی بیشی ہوتی ہی رہتی ہے اور یہ بحال بھی ہو سکتے ہیں‘ نیز وزیر اعظم اپنی مدد بھی میرے ذریعے ہی کرتے رہے ہیں اور ساتھ ساتھ میری مدد بھی ہوتی رہی ہے اور اگر انہوں نے حسب ِ سابق کسی عہدے کے بغیر‘ مجھے کابینہ میں بٹھانا شروع کر دیا تو یہ میرے اور ان کے تعلقات میں ایک نیا موڑ بھی ثابت ہو سکتا ہے اور تعلقات میں جو بھی نیا موڑ آئے ‘اسے مُڑ ہی جانا چاہیے۔ آپ اگلے روز کراچی میں ایک انٹرویو دے رہے تھے۔
نون لیگ کے مزید 50 ایم پی ایز عثمان بزدار
سے ملاقات کے خواہشمند ہیں: راجہ بشارت
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ ''نون لیگ کے مزید 50 ایم پی ایز ‘عثمان بزدار سے ملاقات کے خواہشمند ہیں‘‘ کیونکہ کورونا کے ساتھ ساتھ حکومت اگر کسی چیز پر سنجیدگی سے توجہ دے رہی ہے تو وہ نون لیگ کے ایم پی ایز ہی ہیں اور یہ دونوں کافی عرصے سے ایک دوسرے کو محبت بھری نظروں سے دیکھ رہے تھے ‘کیونکہ حکومت سمجھتی ہے کہ اسے اپوزیشن کے ساتھ مل کر چلنا چاہیے اور اگر ان دونوں کے سربراہ آپس میں مل کر نہیں بیٹھ سکتے تو کم از کم ایم پی ایز کی حد تک اس خیر سگالی کا مظاہرہ ضرور ہونا چاہیے ‘کیونکہ اتحاد اور خیر سگالی کا کام کہیں سے بھی شروع کیا جا سکتا ہے‘ نیز یہ کہ نیک کام میں دیر کرنے کا حکم نہیں ہے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل میں شریکِ گفتگو تھے۔
اور‘ اب آزاد حسین آزادؔ کی شاعری:
گئے دنوں میں محبت جتایا کرتے تھے
کہاں گئے جو دریچوں میں آیا کرتے تھے
مرا قبیل صحابی نہیں‘ سحابی ہے
مرے بزرگ درختوں پہ سایا کرتے تھے
تمہاری اور بڑھاپے میں آ کے پہنچے ہیں
ہم ایسے گھاگ جو سمتیں بتایا کرتے تھے
تجھے پتا ہے کہ تصویریں بیچنے والے
تری شبیہہ سے کتنا کمایا کرتے تھے
وبائیں رب سے تقابل کا شاخسانہ ہیں
یہ بات گاؤں کے بُوڑھے بتایا کرتے تھے
اب ایسے وقت پرستوں کو پوچھتا کوئی نئیں
گھڑی کو جو کبھی الٹا گھمایا کرتے تھے
حضور ایسا کبھی غیر بھی نہیں کرتے
کہ وصل دیتے ہیں اور سیر بھی نہیں کرتے
جو تم سے عشق ہوا ہے یہی غنیمت ہے
ہم اپنے کم سے کبھی بیر بھی نہیں کرتے
ہم ایسے کعبہ پرستوں کا عشق تولتا ہے
جو میرے گھر کی طرف پیر بھی نہیں کرتے
گرے ہوئوں کا مقدر خراب ہونا ہے
کہ ان پھولوں کا تو غم طیر بھی نہیں کرتے
آج کا مقطع
کسی کے دل میں جگہ مل گئی ہے تھوڑی سی
سو‘ کچھ دنوں سے ظفرؔ گوشہ گیر ہو گئے ہیں

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں