"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں‘ متن‘ مقامیات اور ث سے ثبین کی شاعری

حکومتی دروازے غریبوں پر بند ہو چکے ہیں:سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ''حکومتی دروازے عوام پر بند ہو چکے ہیں‘‘۔ چنانچہ میں نے ان کے لیے اپنا دروازہ کھول دیا ہے ‘تاکہ وہ آ کر دیکھ سکیں کہ میں تقریر کس طرح تیار کرتا ہوں؟ جس سے ان کی مشکلات میں خاصی کمی ہوگی ‘جبکہ میری تقریر سے میری مشکلات روز بروز آسان ہو رہی ہیں ‘کیونکہ میں اس کے بعد کافی ہلکا پھلکا محسوس کرتا ہوں ‘کیونکہ طبیعت کی ساری گرانی تقریر کے ذریعے باہر نکل چکی ہوتی ہے؛ اگرچہ اس گرانی سے مستقل طور پر جان چھڑانے کا ایک ذریعہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ میں تقریروں کا سلسلہ بند کر دوں ‘لیکن یہ میرے اختیار میں نہیں ہے ‘جس طرح کوئی بھی چیز میرے اختیار میں نہیں رہی۔ آپ اگلے روز منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
عمران صاحب ‘عوام کو سہارا دینے کی ضرورت ہے: مریم اورنگزیب
سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور نواز لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''عمران صاحب‘ عوام کو سہارا دینے کی ضرورت ہے‘‘ جس کا سب سے پہلا مستحق شہباز شریف ہے ‘ کیونکہ اس سے بڑا عوام دوست‘ بلکہ خادم ِعوام آج تک پیدا نہیں ہوا اور جس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ اس کی کوششوں سے ملک بھر کے زیادہ تر خواص عوام میں تبدیل ہو چکے ہیں اور کتنے افسوس کی بات ہے کہ احتساب والے ان سے ان کے اثاثوں کی تفصیلات پوچھ رہے ہیں: حالانکہ یہ بات خود اللہ میاں کو پوچھنی چاہیے کہ جس نے چھپر پھاڑ کر یہ اثاثے انہیں دئیے ہیں ‘بلکہ کئی پھٹے ہوئے چھپر بھی ان کے اثاثوں میں شامل ہو گئے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا کے نمائندوںسے گفتگو کر رہی تھیں۔
آٹا‘چینی مافیا‘ آئی پی پیز اور قرضہ چور انجام کو پہنچیں گے: شیخ رشید
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''آٹا‘چینی مافیا‘ آئی پی پیز اور قرضہ چور انجام کو پہنچیں گے‘‘ اور ان میں سے جو نہیں پہنچیں گے‘ یہ ان کی قسمت پر منحصر ہے ‘کیونکہ قسمت کوئی کورونا نہیں ہے‘ جس سے لڑائی کی جا سکے؛ چنانچہ ان میں سے کچھ عناصر اپنی اپنی قسمت کے ذریعے جان خلاصی کی کوشش کر رہے ہیں ‘کیونکہ اللہ میاں بھی انہی کی مدد کرتے ہیں‘جو اپنی مدد آپ کرتے ہیں ‘جبکہ انجام کا راستہ ویسے بھی طولانی ہے اور ہر کوئی اسے طے نہیں کر سکتا۔ اس لیے کچھ لوگ تھک ہار کر اپنے انجام تک پہنچنے سے رہ جاتے ہیں‘ جس پر وہ ہمدردی اور داد کے مستحق ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
پرمٹ کے بغیر گندم ملک سے باہر نہیں جانے دیں گے:علیم خان
سینئر وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ''پرمٹ کے بغیر گندم ملک سے باہر نہیں جانے دیں گے‘‘ جبکہ پہلے گندم‘ آٹا‘ چینی وغیرہ جو ملک سے باہر گئے تھے‘ پرمٹوں ہی کے ذریعے گئے تھے؛ چنانچہ کچھ قانون پسند حضرات نے ابھی سے پرمٹ حاصل کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں اور اگر اس دفعہ ان اشیا کی پھر کمی واقع ہو گئی تو اس میں کوئی غیر قانونی بات نہیں ہوگی‘ جبکہ قانون اور آئین کی پاسداری ہمارے اولین فرائض میں شامل ہے؛ چنانچہ اس کے ساتھ ساتھ آئین اور قانون ہماری بھی پاسداری کر رہے ہیں اور بقول شاعر ع
سب کر رہے ہیں آہ و فگاں‘ سب مزے میں ہیں
آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
مقامیات
کافی غوروخوض کے بعد آفتاب اقبال نے کورونا کے ذریعے اپنے سستی الوجود ملازم قاسم رضا کا قلع قمع کروانے کی تجویز پر نظرثانی کی ہے‘ کیونکہ ان کا خیال ہے کہ کورونا میں مبتلا ہو کر جاتے جاتے کہیں ہمیں بھی اس کا شکار نہ کر دے؛ چنانچہ اس حوالے سے ان کا خیال ہے کہ کسی غیر وبائی بیماری کے ذریعے موصوف سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کی جائے؛ چنانچہ طبی ماہرین سے اس ضمن میں مشورہ جات جاری ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی کوئی نتیجہ خیز طریقہ دریافت کر لیا جائے گا۔
اور اب آخر میں ث سے ثبین کی شاعری:
یار کیوں آزما رہا ہے مجھ کو تو
کیوں نہیں بھولتا ہے مجھ کو تو
لاکھ سجدوں‘ ریاضتوں کے بعد
کون سا مل گیا ہے مجھ کو تو
زندگی ایک آزمائش ہے
اور اس پر سوا ہے مجھ کو تو
لوگ جو بھی کہیں کہیں‘ لیکن
نسخۂ کیمیا ہے مجھ کو تو
اعتبار و یقیں کی ڈوری سے
کیوں نہیں باندھتا ہے مجھ کو تو
اپنے ہاتھوں ملا کے مٹی میں
ڈھونڈتا پھر رہا ہے مجھ کو تو
جا کسی اور در پہ ڈھونڈ مجھے
مان جا کھو چکا ہے مجھ کو تو
اپنے حالات تو بدل نہ سکا
اب بدلنے چلا ہے مجھ کو تو
دیکھنا ہو گئی ہوں کندن میں
جو جلاتا رہا ہے مجھ کو تو
آج کا مقطع
ٹانکا لگے تو ٹھیک لگے کس طرح ظفرؔ
سوئی ہی ٹھیک ہے نہ ہی دھاگا درست ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں