"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں‘متن اور حبیبؔ احمد کی غزل

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کورونا کیخلاف
جنگ میں سب سے آگے ہیں: فیاض الحسن چوہان
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ''وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کورونا کیخلاف جنگ میں سب سے آگے ہیں‘‘ بلکہ وہ تو کورونا سے بھی بہت آگے نکل گئے تھے اور انہیں ڈھونڈ کر واپس لانا پڑا ہے‘ ورنہ کورونا خود بہت پریشان تھا کہ بزدار صاحب کہاں ہیں؟کہیں نظر ہی نہیں آ رہے ہیں اور اب واپس آئے ہیں تو کہیں کورونا کی جان میں جان آئی ہے؛ چنانچہ‘ اب اُن سے درخواست کی گئی ہے کہ اتنا تیز نہ چلا کریں‘ میانہ روی اچھی چیز ہوتی ہے اور ان کی تیز رفتاری کا عالم یہ ہے کہ جو کام بھی کرنے لگتے ہیں‘ کام وہیں رہ جاتا ہے اور وہ بہت آگے نکل چکے ہوتے ہیں ہیں‘ جہاں سے پکڑ کر انہیں واپس لانا پڑتا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
کشمیر زندگی اور موت کا مسئلہ‘ اس کے
بغیر پاکستان مکمل نہیں: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ''کشمیر زندگی اور موت کا مسئلہ‘ اس کے بغیر پاکستان مکمل نہیں‘‘ جس طرح اس خاکسار کے بغیر پاکستان نامکمل ہوتا‘ کیونکہ جو کام میں کر رہا ہوں‘ کوئی اور کر کے تو دکھائے کہ روزانہ تقریر کرنا اور اس کے بعد اس کے اغراض و مقاصد پر غور کرنا ‘کوئی معمولی بات نہیں ہے‘ تاہم امید ہے کہ یہ اغراض و مقاصد بہت جلد میری سمجھ میں آ جائیں گے اور جن کی وضاحت کے لیے تقریروں کا ایک نیا سلسلہ شروع کروں گا‘ تا کہ دوسرے بھی ان سے مستفید ہو سکیں‘ بلکہ یوں سمجھیے کہ لوگوں کو خبردار کر رہا ہوں کہ اس نئے سلسلے کو بھی انہیں برداشت کرنا ہوگا کہ میں خود اسی مرحلے سے گزر رہا ہوں۔ آپ اگلے روز صدر آزاد کشمیر سے ٹیلی فون پر گفت گو کر رہے تھے۔
کرپٹ افسروں کیلئے ریلوے میں کوئی جگہ نہیں: آئی جی ریلوے
آئی جی ریلوے پولیس کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز نے کہا ہے کہ ''کرپٹ افسروں کے لیے ریلوے میں کوئی جگہ نہیں ‘‘ اس لیے انہیں چاہیے کہ وہ دوسرے محکموں میں جا کر یہ شوق پورا کر لیں‘ اگرچہ دوسرے محکموں میں اس سے بھی زیادہ کرپشن موجود ہے‘ کیونکہ پولیس کا یہ طرۂ امتیاز ہے‘ جو ہمیشہ اس کے ساتھ رہتا ہے‘ جبکہ اب تو دوسرے محکمے اس دوڑ میں آگے نکل چکے ہیں؛ اگرچہ زیادہ احتمال یہی ہے کہ جو افسر چھوٹ کر جائیں گے‘ ان کی جگہ جو نئے آئیں گے ‘وہ بھی یہی کام شروع کر دیں گے اور انہیں بھی مجھے یہی مشورہ دینا پڑے گا اور میرا کام بس مشورے دینا ہی رہ جائے گا اور باقی کام کیلئے کسی اور افسر کی خدمات حاصل کرنا پڑیں گی۔ آپ اگلے روز ایک روزنامہ سے بات چیت کر رہے تھے۔
حکومت میرے خلاف کرپشن ثابت کر دے تو 
معافی مانگ کر گھر چلا جائوں گا: شہباز شریف
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ '' حکومت میرے خلاف کرپشن ثابت کر دے تو معافی مانگ کر گھر چلا جائوں گا‘‘ اگرچہ اس کے بعد گھر جانے کا کوئی سوال پیدا ہی نہ ہوگا‘ بلکہ سیدھا جیل میں جانا پڑے گا‘ تاہم پانچ سات سال بعد تو گھر جائوں گا ہی؛ بشرطیکہ اس دوران کئی اور کیس بھی نہ نکلتے گئے اور حکومت اسی طرح انتقامی کارروائی میں مصروف رہی؛حالانکہ میں بیمار ہوں اور بھائی صاحب کی طرح نہیں‘ بلکہ واقعی بیمار ہوں اور کئی بیماریوں کی نشاندہی بھی کر چکا ہوں اور جو بیماریاں مزید شروع ہونے والی ہیں‘ ان کے بارے میں بھی بتا چکا ہوں اور کئی بیماریاں ایسی ہیں کہ جن کا صرف جیل جا کر انکشاف ہوتا ہے۔ آپ اگلے روز ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں حبیبؔ احمد کی غزل:
تا دیر رہ نہ پائے گا یہ بندوبست بھی
ہو جائیں گے بلند کسی روز پست بھی
اپنا فقط تجھی سے تھا عہدِالست بھی
کیوں زیر دست رکھیں ترے زیر دست بھی
لو زندگی بھی دینے لگی ہے وفا کا درس
توحید اب سکھائیں گے کیا بُت پرست بھی
بخشا مری نظر نے جسے نیلگوں وجود
یہ کیا وہی فلک ہے مرا سرپرست بھی
موقعہ تو ایک دیجیے گفت و شنُود کا
گوہر بدست ٹھہریں گے یہ سر بدست بھی
جو سُن سکے تو شہرِ خموشاں کا شور سُن
نابُود کی گرفت میں ہیں بُود و ہست بھی
یہ دل تو خیر یوں بھی تھا مشہور سادہ دل
ذہن ایسے لُٹ گئے ہیں یہاں تیز دست بھی
خوفِ عدو کے سامنے تنہا نہیں تھا میں
میری مدد کو ساتھ تھا خوفِ شکست بھی
یوں ہے زمین لپٹی ہوئی آسمان میں
باہر نہ اُس سے مار سکے ایک جست بھی
اتنی کہاں بلند تھی سدِ انا حبیبؔ
افسوس تم لگا نہ سکے ایک جست بھی
آج کا مطلع
میرے دل میں محبت بہت ہے
اور محبت میں طاقت بہت ہے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں