لوگ کورونا سے مر رہے ہیں‘ وزیراعظم الجھن کا شکار ہیں: کائرہ
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ''لوگ کورونا سے مر رہے ہیں‘ وزیراعظم الجھن کا شکار ہیں‘‘ حالانکہ ہماری طرح انہیں بالکل نارمل رہنا چاہیے‘ کیونکہ زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے اور اس معاملے پر الجھن کا شکار ہونا قدرت کے کاموں میں مداخلت کے برابر ہے‘ جبکہ ہمیں قدرت کے کاموں پر مکمل یقین ہے اور ہماری حکومت کورونا سے ٹس سے مس نہیں ہوئی ؛البتہ وفاق سے پیسوں کا مطالبہ مسلسل کر رہی ہے‘ جس کا کورونا سے ہرگز کوئی تعلق نہیں ہے اور جسے کورونا جیسی چیز پر ضائع نہیں کیا جا سکتا ‘جو کہ سراسر روپے پیسے کی توہین ہے اور یہ وہیں خرچ کرنا چاہیے‘ جو اس کے شایانِ شان ہے ‘جبکہ اس کا صحیح استعمال ہم سے زیادہ کوئی نہیں جانتا۔ آپ اگلے روز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
آٹا ‘ چینی فرانزک رپورٹ پر وقت لگتا ہے: ولید اقبال
تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر ولید اقبال نے کہا ہے کہ ''آٹا ‘ چینی فرانزک رپورٹ پر وقت لگتا ہے‘‘ اور جس میں کئی سال بھی لگ سکتے ہیں‘ جبکہ جلد بازی شیطان کا کام ہے‘ جبکہ ہم عاجز ‘ مسکین اور اللہ سے ڈرنے والے لوگ ہیں‘ کوئی ہم سے شیطانی کام کی توقع ہی نہ باندھے‘ اس لیے اس رپورٹ پر خواہ مخواہ فکر مند ہونے کی بجائے صبر و تحمل سے اس کا انتظار کرنا چاہیے اور ہمیں اس لیے بھی کوئی جلدی نہیں ہے کہ ہم کھیر ٹھنڈی کر کے کھانے کے قائل ہیں‘ کیونکہ ویسے بھی یہ ٹیڑھی کھیر ہے اور اسے کھانے کے لیے انگلیاں بھی ٹیڑھی کرنا پڑتی ہیں؛ چنانچہ اسے سیدھا کرنے کے لیے بھی وقت درکار ہے‘ تا کہ انگلیاںٹیڑھی کرنے سے بچا جا سکے۔ آپ اگلے روز ایک ٹی وی کے ایک پروگرام میں شریک ہو کر محو ِ گفتگو تھے۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال کی چیئر مین نیب تقرری
پر قوم سے پھر معافی مانگتا ہوں: خاقان عباسی
سابق وزیراعظم اور نواز لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''جسٹس (ر) جاوید اقبال کی چیئر مین نیب تقرری پر قوم سے پھر معافی مانگتا ہوں‘‘ کیونکہ میں نے انہیں پہچاننے میں سخت غلطی کی اور یہ اندازہ نہ لگا سکا کہ وہ یک بیک پینترابدل کر ہمیں بھی آنکھیں دکھا سکتے ہیں‘ کیونکہ جب تک ہم برسر اقتدار رہے‘ ان کا کردار نہایت شریفانہ اور منصفانہ تھا اور ہمارے خلاف جانے والی ہر فائل کو سلیقے سے التوا میں رکھ لیتے تھے کہ کسی فارغ لمحے میں تسلی کے ساتھ اس پر غور کریں گے‘ جبکہ اب وہ ہمارے معاملے میں بہت جلد بازی کا مظاہرہ کر رہے ہیں؛ اگرچہ اس کے لیے مجھے قوم سے زیادہ اپنی پارٹی سے معافی مانگنی چاہیے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کر رہے تھے۔
چیف جسٹس نے حکومت کو آئینہ دکھایا ہے: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ''چیف جسٹس نے حکومت کو آئینہ دکھایا ہے‘‘ حالانکہ میں بھی عرصۂ دراز سے یہی کام کر رہا تھا‘ لیکن حکومت نے اس میں دیکھنا گوارا نہ کیا؛ حالانکہ میں نے اسے کافی صاف کر رکھا تھا اور اس میں میرا اپنا چہرہ بھی صاف نظر آتا تھا‘ جسے دیکھ کر میں کافی حیران‘ بلکہ پریشان بھی ہوتا تھا ‘ کیونکہ روز روز کی تقریروں سے اس میں اتنی تبدیلی آ چکی ہے کہ مجھے اپنے آپ کو پہچاننے میں بھی کافی وقت لگ جاتا تھا؛ حتیٰ کہ بعض اوقات تو میں اپنے آپ کو لیاقت بلوچ لگنے لگ گیا تھا۔ آپ اگلے روز منصورہ میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر افضل سے ملاقات کے بعد میڈیا کیلئے بیان جاری کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں عامر ؔسہیل کی غزل:
غم سے پیمانہ بھروں‘ رنج اتالیق کروں
چاہتی تم بھی ہو میں درد کی تصدیق کروں
اس لفافے پہ لگی مہر سماوی ہی سہی
کس طرح تیرے بچھڑ جانے کی توثیق کروں
عشق الحاد ہے یہ آپ خدا کہتے ہیں
تیرے ہوتے ہوئے کس کس کو میں زندیق کروں
اس قیامت میں تمہیں ڈھونڈنے چل پڑتا ہوں
کیا عصا ہاتھ میں لوں حشر کی تحقیق کروں
چودہ صدیوں کی یتیمی کو چنوں پلکوں سے
کون صادق ہے یہاں کس کو میں صدیق کروں
آنکھ میں بیٹھی ہو تم اور خدا دیکھتا ہے
آخری سجدہ ہے کیا آئینہ تخلیق کروں
کہنیاں مار کے تم ہوش میں لاؤ مجھ کو
جیسے جلدی ہو مجھے اور میں تعویق کروں
...............
شور ایسا کہ سنائی نہیں دیتی دُنیا
چپ کے ملبوس میں ہوں کیسے بدن ٹھیک کروں
گالیاں عمر کی اور ایک نوالے کے عوض
زندگی تجھ کو کہاں‘ تجھ کو کہاں بھیک کروں
آج کا مقطع
ہم نے جدوجہد کرنا تھی ظفرؔ جن کے خلاف
وہ سبھی آ کر ہماری صف میں شامل ہو گئے