"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور تازہ غزل

شہباز شریف کا کسی کمپنی سے کوئی تعلق نہیں: مریم اورنگزیب
نواز لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''شہباز شریف کا کسی کمپنی یا چیک سے کوئی تعلق نہیں‘‘ کیونکہ یہ تو لوگوں نے خواہ مخواہ ان کے نام سے کمپنیاں بنائی ہوئی تھیں اور وہ وضعداری کے تحت خاموش کہ کسی کے رزق میں رکاوٹ ڈالنا وہ مناسب نہیں سمجھتے کیونکہ انہوں نے خود کسی کو اپنے رزق میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی اگرچہ اس کیلئے اُنہیں متعدد درخواستیں موصول ہو چکی تھیں جو انہوں نے مسترد کر دی تھیں یا زیر غور رکھی ہوئی تھیں، اس طرح محض چیک پر دستخط کر دینے سے ثابت نہیں ہوتا کہ وہ اس اکاؤنٹ کے مالک بھی تھے۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
ذخیرہ اندوزوں کا پیچھا جاری رکھیں گے: عبدالعلیم خان
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ''ذخیرہ اندوزوں کا پیچھا جاری رکھیں گے‘‘ اور جب تک وہ ہمارے آگے لگ کے بھاگتے رہیں گے ہم ان کا پیچھا بھی جاری رکھیں گے اور اس طرح اُنہیں تھکا تھکا کر ماریں گے ‘اس سے ہمیں بھی پیچھا کرنے کی مشق ہو جائے گی اور اس ورزش سے ہماری صحت بھی بہتر رہے گی‘ اگرچہ ذخیرہ اندوز کی صحت پر بھی اس کا بہتر اثر پڑ سکتا ہے، ویسے بھی ہماری یہی پالیسی اور کوشش ہے کہ تمام پاکستانیوں کی صحت ٹھیک ٹھاک رہے کیونکہ صحت ہی بہتر نہ ہوئی تو ذخیرہ اندوز بھاگیں گے کیسے اور ہم ان کا پیچھا کیسے کرینگے۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
بزدار نے خود کو کامیاب ترین وزیراعلیٰ ثابت کر دیا: فیاض چوہان
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ''بزدار نے خود کو کامیاب ترین وزیراعلیٰ ثابت کر دیا ہے‘‘ کیونکہ وزیراعظم نے ابھی تک انہیں تبدیل نہیں کیا ہے البتہ عمران خان صاحب اپنے آپ کو کامیاب ترین وزیراعظم اس لثے ثابت نہیں کر سکے کہ ملک میں ایک ہی وزیراعظم ہے تو وہ مقابلہ کس کے ساتھ کریں؛ چنانچہ جب تک وزیراعظم کی کرسی پر براجمان ہیں وہ اپنے آپ کو کامیاب ہی سمجھتے ہیں کیونکہ اُنہیں بھی ابھی تک تبدیل نہیں کیا گیا اور اُنہیں تبدیل کرنے والے شش و پنج میں پڑے ہوئے ہیں ۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
لوگ روٹی کھائیں یا کورونا ٹیسٹ کرائیں: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ''لوگ روٹی کھائیں یا کورونا ٹیسٹ کروائیں‘‘ کیونکہ وہی ان کے روٹی کھانے کا وقت ہوتا ہے اور وہی کورونا ٹیسٹ کا ا س لئے انہیں میرا مشورہ ہے کہ وقت کو آگے پیچھے کر لیں کیونکہ ایک ہی وقت میں دو کام نہیں کئے جا سکتے بلکہ روٹی پہلے کھا لیں کیونکہ ٹیسٹ نے اگر پازیٹو آنا ہے تو اس کیلئے روٹی میں تاخیر کیوں کی جائے کیونکہ اس نے تو ہر صورت پازیٹو آ جانا ہے، اسی لئے میں بھی روٹی کھانا اور تقریر ایک وقت میں نہیں کرتا، اس لئے میری تقریروں کا نتیجہ ہمیشہ نیگٹو آتا ہے۔ آپ اگلے روز سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
اختیارات واپس لئے تو سیاست چھوڑ دوں گا: شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم اور نواز لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''صوبوں سے اختیارات واپس لئے گئے تو سیاست چھوڑ دوں گا‘‘ اگرچہ سیاست تو ویسے بھی خواب و خیال ہو کر رہ جائے گی کیونکہ مقدمات ہی اتنے عظیم الشان ہیں کہ سال ہا سال کی سرکاری میزبانی کے علاوہ مستقل نااہلی بھی سرخرو کرنے میں شامل ہو گئی۔ اس لئے صوبوں کے حق میں بیان دینے میں کیا ہرج ہے۔ آپ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور، اب آخر میں اس ہفتے کی تازہ غزل:
امید نہیں ہو،کوئی حسرت بھی نہیں تم
پھر کیا ہو، اگر میری ضرورت بھی نہیں تم
ہر بات میں ہونا بھی یہ کیسا ہے تمہارا
کیا ہے وہ بیاں جس کی وضاحت بھی نہیں تم
کھولا ہوا ہے دل میں یہ کھاتہ بھی تمہارا
حالانکہ خطا وارِ شراکت بھی نہیں تم
حیران ہیں، کس خانے میں رکھیں تمہیں آخر
اقرار بھی ہو اور اجازت بھی نہیں تم
سجدے میں جھکا رہتا ہے دل کس لئے آخر
ورنہ تو کوئی میری عبادت بھی نہیں تم
پانے کی دوبارہ تمہیں خواہش بھی وہی ہے
بیشک مری کھوئی ہوئی دولت بھی نہیں تم
دل تم سے بھرا رہتا ہے پھر کس لئے میرا
جب جانتا ہوں میری محبت بھی نہیں تم
ہم کوئی توقع بھی نہیں باندھے ہوئے تھے
یعنی سببِ شکر و شکایت بھی نہیں تم
حالت یہ ظفر کیسی بنا رکھی ہے اپنی
موجود بھی ہو اور سلامت بھی نہیں تم
آج کا مطلع
رخِ زیبا اِدھر نہیں کرتا
چاہتا ہے ،مگر نہیں کرتا

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں