"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور نعیم ضرار کی شاعری

ن لیگ کے لوگ پکڑے جانے پر بھی شرمندہ نہیں ہوتے: شہباز گل
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ ''ن لیگ کے لوگ پکڑے جانے پر بھی شرمندہ نہیں ہوتے‘‘ جبکہ ہم پکڑے جانے سے پہلے بھی شرمندہ ہو جاتے ہیں مثلاً آٹا، چینی مافیا میں سے کچھ ہمارے لوگ بھی پکڑے جائیں گے اس لیے ہم پہلے ہی شرمندہ ہو رہے ہیں اور اگر پکڑے نہ بھی گئے تو ہم یہ شرمندگی واپس لے لیں گے اور آئندہ کسی معاملے کے لیے رکھ لیں گے۔ اس لیے بقول شیخ رشید احمد جو لیگی عید کے بعد گرفتار ہونے والے ہیں، اس پر اگر ہماری طرح پیشگی شرمندہ ہولیں اور گرفتاری پر بیشک شرمندہ نہ ہوں کیونکہ ایک ہی بات پر بار بار شرمندہ ہونا مناسب نہیں ہوتا، تاہم شرمندگی کو محفوظ اور سنبھال کر رکھنا چاہیے کیونکہ بچا کر رکھی ہوئی چیز وقت پر بہت کام آتی ہے یعنی داشتہ بکار آمد۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک ٹویٹ کر رہے تھے۔
عمران خان بھی آ جائیں تو اٹھارہویں 
ترمیم ختم نہیں کر سکتے: مولا بخش چانڈیو
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ''20 عمران خان بھی آ جائیں تو اٹھارہویں ترمیم ختم نہیں کر سکتے‘‘ البتہ اگر 20 سے زیادہ ہوں تو ایسا کر سکتے ہیں کیونکہ ہر کام کے لیے ایک تعداد مقرر ہوتی ہے اور اس تعداد کا ہمیشہ خیال رکھنا چاہیے کیونکہ ہم بھی سندھ میں بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں لیکن صرف اس لیے نہیں کر سکتے کہ صحیح تعداد میں لوگ میسر نہیں ہیں جبکہ اکیلے زرداری جب 20 آدمیوں کا کام کر سکتے ہیں اور انہوں نے کر کے دکھا بھی دیا ہے بلکہ جعلی اکائونٹس کیس میں جو کارکردگی دکھائی ہے، کم از کم 120 زرداری ہوتے تو یہ معرکہ سر کر سکتے تھے جبکہ ان سے پیسے واپس مانگنے والی حکومت صرف اکیلے زرداری سے معاملہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اسی لیے کامیاب بھی نہیں ہو پا رہی۔ آپ اگلے روز کراچی سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
عوام کورونا سے پریشان، وزیراعلیٰ علما کا مذاق اڑاتے رہے: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ''عوام کورونا سے پریشان، وزیراعلیٰ علما کا مذاق اڑاتے رہے‘‘ اگرچہ اس سے عوام کی پریشانی میں کوئی اضافہ نہیں ہوا کیونکہ عوام کو پریشان کرنے کے لیے میری تقریریں ہی کافی ہیں جبکہ عوام ہر روز یہ امید لگا کر بیٹھ جاتے ہیں کہ آج تقریر کا ناغہ ہو جائے گا لیکن وہ نہیں ہوتا اور ان کی امیدوں پر گھڑوں پانی پڑ جاتا ہے اگرچہ امیدوں پر ڈالنے کے لیے پانی کا استعمال بالٹیوں وغیرہ سے بھی کیا جا سکتا ہے کیونکہ گھڑے ٹوٹ بھی سکتے ہیں اور اسی طرح پانی کے علاوہ گھڑوں کا نقصان برداشت کرنا کوئی عقلمندی نہیں ہے۔ اگرچہ کسی کی امیدوں پر پانی ڈالنا بھی کوئی عقلمندی نہیں ہے بلکہ اسے گستاخی بھی کہا جا سکتا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں عید تحائف بانٹنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
ٹڈی دل حملوں کا ذمہ دار وفاق اور وزیراعظم ہیں: سعید غنی
سندھ کے وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ ''ٹڈی دل حملوں کا ذمہ دار وفاق اور وزیراعظم ہیں‘‘ کیونکہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم نے اسلام آباد میں ٹڈی دل کی افزائش کا ایک فارم قائم کر رکھا ہے جسے وہ وقتاً فوقتاً فصلات پر حملے کے لیے چھوڑتے رہتے ہیں اور جو سیدھا سندھ کا رخ کرتا ہے اور ہماری فصلوں کا ناس مار رہا ہے کیونکہ ہم اٹھارہویں ترمیم کے خاتمے کی مزاحمت کر رہے ہیں اور وزیراعظم اس طرح ہم سے بدلہ لے رہے ہیں جبکہ دوسری طرف کورونا وائرس نے ہماری مت مار رکھی ہے اور لاک ڈائون کا اس پر کوئی اثر ہی نہیں ہو رہا جس کے لیے شاید کرفیو بھی لگانا پڑے، اس لیے وزیراعظم سے درخواست ہے کہ ٹڈی دل کو بقدر حصہ دوسرے صوبوں میں بھی بھجوائیں تا کہ صوبائیت کا یہ مظاہرہ ختم ہو سکے اور ایک طرح کی مساوات بھی قائم ہو سکے۔ آپ کراچی میں چند دیگر وزراء کے ساتھ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔
اور، اب آخر میں نعیم ضرار کی شاعری:
ورثہ و ذات میں نہیں ملتا
ظرف خیرات میں نہیں ملتا
کس کے ہاں جاتا ہے مرا سورج
کیوں کسی رات میں نہیں ملتا
عشق تفصیل کی کہانی ہے
اقتباسات میں نہیں ملتا
حوصلہ شہرِدل کا باسی ہے
یہ مضافات میں نہیں ملتا
ترا قبول بھی انکار جیسا ہوتا ہے
کہ در کھلے بھی تو دیوار جیسا ہوتا ہے
میں شدتِ بحران سے نکلوں تو کہوں کچھ
اس جسم پریشان سے نکلوں تو کہوں کچھ
کیسے ہو بیاں شامِ غریباں کی حکایت 
کم ظرفیٔ دامان سے نکلوں تو کہوں کچھ
وہ شخص ہے یا شہر طلسماتِ محبت
میں اُس کے پرستاں سے نکلوں تو کہوں کچھ
یہ اشک مرا کر کے شکار آئے تو ٹھہرے
اندر سے مکمل مجھے مار آئے تو ٹھہرے
چلتا ہی چلا جاتا ہے منزل درِ منزل
اس قافلۂ دل کو قرار آئے تو ٹھہرے
پھُولوں کو چمن میں تری آمد کی خبر ہے
اس بار تو لگتا ہے بہار آئے تو ٹھہرے
آج کا مطلع
کچھ اور ہی طرح کی روانی میں جا رہا تھا
چراغ تھا کوئی اور پانی میں جا رہا تھا

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں