"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں‘متن اور بھارت سے صابرؔ کی شاعری

عمران خان خاندان کو پروموٹ نہیں کرتے: عبدالحفیظ شیخ
وزیراعظم کے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ''عمران خان خاندان اور دوستوں کو پروموٹ نہیں کرتے‘‘ البتہ ان کے جو دوست اپنے آپ پروموٹ ہو رہے ہوں‘ اُن پر اعتراض بھی نہیں کرتے‘ کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ آدمی کو اپنے پائوں پر کھڑا ہونا چاہیے؛ البتہ وہ ان کے پائوں کو دیکھ رہے ہوتے ہیں کہ وہ واقعی اپنے ہی پائوں پر کھڑے ہیں؟ کہیں حکومت کے پائوں تو استعمال نہیں کر رہے‘ بیشک حکومت کے پائو ںقابلِ استعمال ہیں ہی نہیں‘ اس لیے وہ خود بھی اپنے پائوں پر کھڑی نہیں اور نہ ہی وہ اپنے پائوں پر کھڑی ہونے کی کوشش کر رہی ہے‘ کیونکہ جب اسے اقتدار میں لایا گیا تھا تو یہ اضافی پائوں بھی اس میں شامل تھے‘ اس لیے زیادہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں ۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
حکومت ملازمین کی تنخواہوں میں 
دس فیصد اضافہ کرے: شہباز شریف
سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''حکومت ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ کرے‘‘ کیونکہ گھر پر قرنطینہ میں بیٹھنے کا مطلب یہ نہیں کہ میں اتنا بیمار ہوں کہ حکومت کے خلاف بیان ہی نہیں دے سکتا؛ البتہ یہ قرنطینہ اٹھا کر عدالت میں نہیں لے جا سکتا جس میں صحت یاب ہونے کے امکانات کچھ زیادہ نہیں یا اس میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں ‘کیونکہ آدمی کو علاج اپنی تسلی کے مطابق کروانا چاہیے‘ اس لیے جب میں کہوں گا کہ اب میں صحت یاب ہو گیا ہوں‘ تب ہی علاج بھی ختم ہوگا ؛اگرچہ اس بات کا خدشہ بھی موجود ہے کہ کورونا بار بار حملہ آور ہو‘ یعنی ختم ہونے کے بعد پھر شروع ہو جائے اور دوبارہ قرنطینہ میں جانا پڑے ‘کیونکہ صحت ہر چیز پر مقدم ہے اور اس حوالے سے کوئی رسک نہیں لیا جا سکتا۔ آپ اگلے روز مقامی رہنمائوں سے فون پر بات کر رہے تھے۔
حکومت وبا کو ختم کرنے میں ناکام ‘
جلد عوام سڑکوں پر ہوں گے: نواز لیگ
نواز لیگ رہنمائوں کا کہنا ہے کہ ''حکومت وبا کو ختم کرنے میں ناکام‘ جلد عوام سڑکوں پر ہوں گے‘‘ جو کہ پہلے ہی ایس او پیز کو توڑ کر سڑکوں پر نظر آ رہے ہیں اور جس کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ وہ اپنا احتجاج شروع کر چکے ہیں اور جس کے بعد ان کا رخ ہسپتالوں کی طرف ہوگا اور اس کے بعد جو کچھ ہوگا‘ اس کا انحصار صرف اور صرف رضائے الٰہی پر ہوگا‘ جبکہ انہیں سڑکوں پر لانے کا ہمارا مقصد بھی یہی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچیں ‘جبکہ بیچ میں معلق رہنا ان کی صحت کے لیے ویسے بھی ٹھیک نہیں ہوگا اور آدمی کو اپنی صحت کا خیال زیادہ سے زیادہ رکھنا چاہیے؛ اگرچہ وبا کے زمانے میں اپنی صحت کا خیال رکھنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے ؛اگرچہ اس سے شیر(دودھ) کی قلت ختم ہو سکتی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
طرزِ زندگی بدلنا ضروری ہے‘ احتیاط 
اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا: بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار نے کہا ہے کہ ''طرزِ زندگی بدلنا ضروری ہے‘ احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا‘‘ جس کے لیے انہیں جاگنے کے وقت سونا اور سونے کے وقت جاگنا ہوگا اور کھانے پینے کی بجائے روزہ سے رجوع کرنا ہوگا‘ کیونکہ یہ آدمی کو سو بیماریوں سے نجات دلاتا ہے ‘جن میں کورونا بھی شامل ہے‘ نیز بولنے کی بجائے چپ سادھنا ہوگی اور سانس لینے کی بجائے زیادہ سے زیادہ عرصے تک سانس روکنا بھی نہایت مفید ہوگا اور یہ چند نسخے نمونے کے طور پر بتائے جا رہے ہیں‘ جبکہ عوام ان میں مزید طریقوں کا بھی اضافہ کر سکتے ہیں‘ کیونکہ یہ ان کا بنیادی حق ہے جو‘ اُن سے کوئی نہیں چھین سکتا اور جس کی ہم گارنٹی بھی دیتے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں بھارت سے صابرؔ کی شاعری:
صحرا‘ سراب‘ دشت سمندر نظر میں ہے
لفظوں کا کاروبار ہے‘ بازار گھر میں ہے
گنجان بستیوں سے ہیں آباد دل تمام
اک دائمی خلا بھی مگر بیش تر میں ہے
ممکن ہے بیچ راہ میں نقشہ لپیٹ لوں
اک عذر واپسی کا بھی رختِ سفر میں ہے
ہاتھوں سے میرے چھوٹ کے پتوار بہہ گئی
دستِ دعا اٹھائیے‘ کشتی بھنور میں ہے
چھونا بھی نہیں ہے تجھے کھونا بھی نہیں ہے
اس طرح کا ہونا ترا ہونا بھی نہیں ہے
سوچا ہے ترے خواب کو لوٹائیں تہی دست
آنکھیں بھی نہیں کھولنی‘ سونا بھی نہیں ہے
اس دورِ وبا میں نہ رکھیں وصل کی تقریب
کیا اوڑھنا ڈھونڈیں کہ بچھونا بھی نہیں ہے
مرعوب بھی کرنا ہے روانی سے کسی کو
لہروں میں کوئی عکس پرونا بھی نہیں ہے
اس ذہن کو زرخیز بھی رکھنا ہے مسلسل
اور بیج ہمہ دانی کا بونا بھی نہیں ہے
بے لوث رضا کار ہیں ہم لوگ سو ہم نے
مجلس بھی بپا کرنی ہے رونا بھی نہیں ہے
آج کا مقطع
بیگانگی بھی اُس کی بھلی لگتی ہے اب تو
ہے یہ بھی ظفرؔ اُس کی رفاقت کا زمانہ

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں