"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور ابرار احمد کی نظم

چیلنج کرتا ہوں اپوزیشن لانگ مارچ 
کا ایک ہفتہ گزار دے: عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ''چیلنج کرتا ہوں اپوزیشن لانگ مارچ کا ایک ہفتہ گزار دے مگر'' استعفے کا سوچوں گا‘‘ کا مطلب یہ نہیں کہ استعفیٰ دے ہی دوں گا بلکہ اپوزیشن کی طرح اس کی تاریخیں دینا شروع کر دوں گا تا کہ یہ لانگ مارچ بھی کرتے رہیں اور اپنے انجام کو بھی پہنچتے رہیں اور اپوزیشن یہ بھی یاد رکھے کہ یہ واقعی لانگ مارچ ہو گا اور شارٹ مارچ نہیں ہو گا یہ جتنا شارٹ مارچ ہو گا مجھے اتنی ہی زیادہ تاریخیں دینا پڑیں گی اور استعفے جو اِن کی جیبوں میں ہوں گے وہ جیبوں ہی میں پڑے رہ جائیں گے کہ یہی ان کی تقدیر میں لکھ بھی دیا گیا ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک انٹرویو دے رہے تھے۔
اپوزیشن پانچ سال تک روتی دھوتی رہے گی: اعجاز چودھری
تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ ''اپوزیشن پانچ سال تک روتی دھوتی رہے گی‘‘ یعنی رونے کے علاوہ اپنے میلے کپڑے بھی دھوتی رہے گی، پانچ سال اس لیے کہا ہے کہ ہم نے اس میں اگلے اڑھائی سال بھی شامل کر لیے ہیں کیونکہ لانگ مارچوں اور استعفوں کے بعد ان کے پاس یہی کام رہ جائے گا اور یہ رونا دھونا لانگ مارچ وغیرہ کے دوران بھی جاری رہے گا اور یہ مگر مچھ کے نہیں بلکہ اپنے اصلی آنسوئوں کے ساتھ روئے گی کیونکہ مگر مچھ انہیں منہ لگانے کو تیار نہیں ہے اور اس طرح ایک دوسرے کو یہ مصروف بھی رکھیں گے۔ آپ اگلے روز نارووال کے تنظیمی دورے پر کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔
نواز اور ڈار کو اللہ ہی لائے تو آئیں گے: شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''نواز اور ڈار کو اللہ ہی لائے گا تو آئیں گے‘‘ اس لیے ہم نے ان کی واپسی کو خدا پر چھوڑ دیا ہے اور اور چونکہ اللہ تعالیٰ کے ہاں دیر ہے، اندھیر نہیں ہے اس لیے یہ مہلت کہیں نہ کہیں جا کر تو ضرور ختم ہو گی۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
حکومت عوامی قہر کے سامنے گھٹنے ٹیک چکی ہے: مریم نواز
مستقل نا اہل، سزا یافتہ اور اشتہاری سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ''حکومت عوامی قہر کے سامنے گھٹنے ٹیک چکی ہے‘‘ اور جو قہر ہم پر ٹوٹا ہوا ہے، عوامی قہر بھی اس سے کچھ زیادہ نہیں ہوگا اس لیے ہم سے زیادہ قہر شناس اور کون ہو سکتا ہے اور حکومت کے گھٹنے ٹیکنے کی بات اپنے ان ارکانِ اسمبلی نے بتائی ہے جو حکومت کے ساتھ بھی رابطے میں رہتے ہیں، بلکہ ہم لوگ تو حکومت کے علاوہ دیگر فریقین کے ساتھ بھی رابطے میں رہتے ہیں کیونکہ ہماری طرف سے معافی تلافی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور ہم اپنا کام بھی رواں رکھے ہوئے ہیں جسے وکٹ کے دونوں طرف کھیلنا بھی کہتے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
پی آئی اے اور سٹیل ملز کی نجکاری بڑا ڈاکا ہو گا: نفیسہ شاہ
سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ ''پی آئی اے اور سٹیل ملز کی نجکاری بہت بڑا ڈاکا ہو گا‘‘ بلکہ اس حکومت کو تو ڈاکا ڈالنا بھی نہیں آتا کیونکہ ع
جس کا کام اسی کو ساجے
اس لیے آدمی کو جو کام نہ آتا ہو اس میں اسے ہاتھ نہیں ڈالنا چاہیے اور جو اس کام میں مہارت رکھتے ہیں یہ کام انہیں ان کے لیے چھوڑ دینا چاہیے اور خواہ مخواہ دنیا کے مذاق کا نشانہ بننے سے گریز کرنا چاہیے کہ اپنی عزت خود آدمی کے اپنے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
اور، اب آخر میں ابرار احمد کی نظم
چند برس ہی ہوتے ہیں
چند برس ہی ہوا کرتے ہیں
دوڑ لگائیے، آگے نکلیے
اور جان جائیے
اُچھل کود بے معنی ہوا کرتی ہے
چار لفظ ہی لکھ لیجیے
دنیا کو الٹ پلٹ دیکھیے
بارشوں میں چھینٹے اڑاتے ہوئے
ان اطراف کا پھیرا لگائیے
جہاں آپ کی آوازیں
ہمیشہ کے لیے خاموش ہوچکیں
بچوں اور پھولوں
موسموں اور خوابوں میں
تلاش کیجیے
اُسے جو معدوم ہوگیا
کلام کیجیے
خود کلامی کی طرح
راز کو رازمت جانیے
بیان فرمائیے
اور اس کی سزا کا لطف لیجئے
زندگی میں گھمسان کا رن پڑا ہے
کود نہیں سکتے
تو اپنے جانبازوں کو کمک ہی بھیجتے رہیے
رائیگانی کا دکھ
حصول کی سرشاری
ایک وقت میں
ایک سے لگنے لگتے ہیں
جلدی کیجئے
ایک سے نوے تک
گنتی بس اتنی ہی ہے
وہ چہرہ جو آپ کے خیالوں ہی میں بنارہا
اور جس کی کھوج میں آپ نے
لاتعداد چہروں سے استفادہ کیا
اُسے بھول جائیے
معافی طلب کیجئے
اور اس کے آنسو پونچھ کرگلے سے لگائیے
اُسے۔۔۔۔جو موجود رہا ہے آپ کے لیے
کسی اوٹ میں گزار لیجئے
وہ جاں فزا لمحے
جو ابھی گزارے جاسکتے ہیں
اور پھرنکل جائیے
منظر سے
چند دنوں میں
کچھ عرصہ زندہ رہنے کے لیے
آج کا مطلع
راضی کبھی ناراض ہے تصویر تمہاری
لمحوں میں بدل جاتی ہے تاثیر تمہاری

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں