مودی چل کر عوامی لیڈر کے پاس آتا
ہے، یہی ووٹ کی عزت ہے: مریم نواز
مستقل نا اہل اور سزا یافتہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ''مودی چل کر عوامی لیڈر کے پاس آتا ہے، یہی ووٹ کی عزت ہے‘‘ اور اس لیے وہ والد صاحب کا سب سے عزیز دوست بھی ہے اور انہوں نے ووٹ کو عزت دینے کا سبق بھی اسی سے سیکھا ہے اور وہ بھی ملک کے ساتھ وہی کچھ کرنا چاہتے ہیں جو مودی اپنے ملک کے ساتھ کر رہے ہیں، اور جو سیاسی انتقام والد صاحب سے لیا جا رہا ہے، اس کا سب سے زیادہ افسوس بھی مودی ہی کو ہے۔ آپ اگلے روز ن لیگ کے یوم تاسیس پر خطاب کر رہی تھیں۔
پی ڈی ایم عوام اور جمہوریت کے نام
پر مفادات کی جنگ لڑ رہی ہے: شہباز گل
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ ''پی ڈی ایم عوام اور جمہوریت کے نام پر مفادات کی جنگ لڑ رہی ہے‘‘ جبکہ ہم شروع سے ہی غیر ذاتی مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں کیونکہ حکومت کرنے اور اس کو بچانے سے زیادہ غیر ذاتی جنگ اور کیا ہو سکتی ہے جبکہ حکومت میں آنے میں بھی ہمارا کوئی ہاتھ نہیں تھا اور ہم تو سراسر بے قصور ہیں کیونکہ اگر ہم آتے تو تھوڑی بہت ٹریننگ بھی حاصل کر کے آتے؛ تاہم اب مصمم ارادہ کر لیا ہے کہ آئندہ جب آئے تو ٹریننگ کر کے ہی آئیں گے‘ اگر کسی نے ہمیں آنے دیا تو۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک پیغام جاری کر رہے تھے۔
ن لیگ کی شیر دل قیادت اوچھے ہتھکنڈوں
سے گھبرانے والی نہیں: طارق محمود
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق ممبر ضلع کونسل حاجی طارق محمود نے کہا ہے کہ ''ن لیگ کی شیر دل قیادت اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والی نہیں‘‘ جو نہایت بہادری کے ساتھ لندن میں گرج برس رہی ہے جبکہ وسائل سے زیادہ اثاثے بنانے پر پکڑ دھکڑ کرنے سے بڑھ کر اور اوچھا ہتھکنڈا کوئی نہیں ہو سکتا کیونکہ یہ نہیں دیکھا کہ یہ وسائل کس قدر محنت اور جانفشانی سے پیدا کیے گئے ہیں جبکہ ملک کو اور بہت سے مسائل کا سامنا ہے کیونکہ یہ معاملات تو بعد میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں جبکہ اثاثے بھی یہیں ہوں گے اور اثاثے بنانے والے بھی۔ آپ اگلے روز شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
حکومت تمام انتخابی وعدوں کی تکمیل
یقینی بنا کر دم لے گی: شیخ احسن حبیب
انصاف ویلفیئر کے ضلعی نائب صدر شیخ احسن حبیب نے کہا ہے کہ ''حکومت تمام انتخابی وعدوں کی تکمیل یقینی بنا کر دم لے گی‘‘ اور اس وقت تک دم سادھے بیٹھی قدرت کا تماشا دیکھتی رہے گی کیونکہ یہ سارا کچھ قدرتی طور پر ہی ہوتا ہے جبکہ ہماری حکومت قدرتی طور پر ہی آ گئی تھی‘ جس سے ثابت ہوتا ہے کہ قدرت جو کچھ چاہتی ہے آن کی آن میں پورا بھی کر دیتی ہے اور ہم چونکہ قدرت پر پختہ یقین رکھنے والوں میں سے ہیں اس لیے سب کچھ قدرت پر ہی چھوڑ رکھا ہے اور الگ بیٹھ کر حکومت کے مزے لے رہے ہیں اور وعدے پورے ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔ آپ اگلے روز شیخوپورہ سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
جیالے سروں پر کفن باندھ کر تختہ
الٹنے کے لیے تیار: مبشر شفقت
صدر پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل جڑانوالہ مبشر شفقت ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ''جیالے سروں پر کفن باندھ کر یوٹرن حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے تیار ہیں‘‘ اور چونکہ انہوں نے اس نیک کام کے لیے سروں سے کفن باندھے ہوئے ہیں اس لیے انہیں استعفے وغیرہ دینے کی بھی فرصت نہیں ہے اور اس لیے بھی کہ استعفے دیتے وقت کہیں کفن سروں سے اتر ہی نہ جائیں بلکہ ضمنی اور سینیٹ کے الیکشن بھی سروں پر ہاتھ رکھ کر اور کفن کو مضبوطی سے پکڑ کر لڑیں گے؛ تاہم لانگ مارچ میں ضرور شامل ہوں گے کیونکہ اس سے کفن کو کوئی فرق نہیں پڑتا اور پی ڈی ایم والے بھی خوش رہیں گے۔ آپ اگلے روز شفقت رانا کے ساتھ جڑانوالہ میں ایک مشترکہ خطاب کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں پشاور سے پروفیسر اسحاق وردگ کی غزل:
ہونے کا اعتبار نہیں کر رہے ہیں لوگ
اب خود کو اختیار نہیں کر رہے ہیں لوگ
تیار ہے تماشا دکھانے کو ایک شخص
ماحول سازگار نہیں کر رہے ہیں لوگ
حیران ہوں کہ اتنی مہارت کے باوجود
کیوں وقت کو غبار نہیں کر رہے ہیں لوگ
شاید کہ میری موت کا اعلان ہو چکا
اب مجھ پہ کوئی وار نہیں کر رہے ہیں لوگ
اب عشق اور دشت خسارے میں ہیں میاں
اب دل کا کاروبار نہیں کر رہے ہیں لوگ
اب نصف شب نکلتے ہیں بے خوف کام پر
سورج کا انتظار نہیں کر رہے ہیں لوگ
اب ہے نظامِ عشق میں ترمیم کا چلن
تاروں کا بھی شمار نہیں کر رہے ہیں لوگ
خوش ہوں کہ آسماں سے ہے قائم زمین کا رابط
دُکھ ہے کہ پائیدار نہیں کر رہے ہیں لوگ
آگے کی دوڑ میں ہوئے محدود اس طرح
ماضی پہ اعتبار نہیں کر رہے ہیں لوگ
اے یار! اپنے حسن پہ کچھ خاک ڈال دے
اب عشق اختیار نہیں کر رہے ہیں لوگ
آج کا مقطع
میں اگر اُس کی طرف دیکھ رہا ہوں تو‘ ظفرؔ
اپنے حصے کی محبت کے لیے دیکھتا ہوں