حق سچ پر کھڑے ہونا بزدل لوگوں کا کام نہیں: مریم نواز
مستقل نا اہل اور سزا یافتہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ''حق سچ پر کھڑے ہونا بزدل لوگوں کا کام نہیں‘‘ اور اگرچہ والد صاحب بھاگ کر لندن گئے لیکن وہاں جا کر وہ حق سچ پر کھڑے ہو گئے ہیں کیونکہ انتقامی کارروائیوں کا اس طرح مقابلہ کرنا ہی حق سچ پر کھڑے ہونا ہے اور واپس وہ اس لیے نہیں آ رہے کہ حق سچ پر کھڑا آدمی کھڑا ہی رہتا ہے اور ہلتا نہیں ہے اور چلنے پھرنے یا کہیں آنے جانے کا سوال تو پیدا ہی نہیں ہوتا جبکہ حق سچ پر کھڑے ہونے والے کی شان بھی یہی ہے۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
نشہ بازوں کے لیے بحالی سنٹر قا ئم کرنے
کا فیصلہ کیا گیا ہے: فردوس عاشق اعوان
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ''نشے کے عادی افراد کے لیے بحالی سنٹر قا ئم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘‘ جس سے حکومت اور اپوزیشن دونوں فائدہ اٹھا سکتے ہیں، کیونکہ حکومت‘ حکومت کے نشے سے مدہوش ہے اور اپوزیشن اسے گرانے کے نشے سے لڑکھڑا رہی ہے جسے سنبھالا دینے کی ضرورت ہے اور اگر وہ بحال ہونا چاہتی ہے تو ہمارے بحالی سنٹر سے رجوع کر کے استفادہ کر سکتی ہے ۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔
ارکانِ اسمبلی کے ریٹ کسی اور نے نہیں
وزیراعظم نے لگائے ہیں: شیری رحمن
پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ ''ارکانِ اسمبلی کے ریٹ کسی اور نے نہیں، وزیراعظم نے لگائے ہیں‘‘ اور یہ سراسر زیادتی ہے کیونکہ یہ ارکانِ اسمبلی کے استحقاق کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس کی وجہ سے ریٹ پر بھی بہت خراب اثر پڑا ہے کیونکہ بعضوں کے لیے یہ بہت زیادہ ہیں تو بعضوں کے لیے بہت کم‘ اس لیے حکومت کو چاہیے کہ وہ براہِ کرم اپنے ریٹ واپس لے اور ارکانِ اسمبلی کی خرید و فروخت میں دخل اندازی نہ کرے جبکہ ہمارے ریٹ پر ارکان کی اکثریت کو اتفاق بھی ہے جو نہایت منصفانہ ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔
ملک بچانا ہے تو حکومت سے نجات
حاصل کرنا ہوگی: مولانا فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''ملک بچانا ہے تو حکومت سے نجات حاصل کرنا ہوگی‘‘ کیونکہ اگر حکومت سے نجات حاصل نہ کی گئی تو یہ ہم سے نجات حاصل کرنے کے مترادف ہو گا جس سے ملک کے لیے بے حد مخدوش صورتحال پیدا ہو جائے گی کیونکہ یہ ملک قائم ہی نیرنگی کی وجہ سے ہے اور اگر یہ اپوزیشن کی خدمات سے محروم ہو گیا تو یہ خود ملک و قوم کے لیے بھی بہتر نہیں ہو گا۔آپ اگلے روز پشاور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اسامہ کی نواز شریف کو مدد آن ریکارڈ ہے: شاہ محمودقریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ''اسامہ کی نواز شریف کو مدد آن ریکارڈ ہے‘‘ جس سے نواز شریف پاایک صحیح مسلم مملکت بنانا چاہتے تھے لیکن وہی پیسہ انہیں دیگر کاموں پر خرچ کرنا پڑ گیا جن میں لندن وغیرہ میں شاہی محلات کی تعمیر وغیرہ شامل تھی جو انہیں ریڈی میڈ ہی مل گئے تھے کیونکہ آخر کو انہیں کہیں رہنا بھی تھا ۔ آپ اگلے روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
حکومت ناکام اور وزیراعظم
فیل ہو چکے ہیں: احسن اقبال
سابق وفاقی وزیر داخلہ اور نواز لیگ کے مرکزی رہنما چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''حکومت ناکام اور وزیراعظم فیل ہو چکے ہیں‘‘ اس لیے پی ڈی ایم سوچ رہی ہے کہ ایک ناکام حکومت اور فیل شدہ وزیراعظم کو گرانا کوئی بہادری نہیں، اس لیے اسے اس کے حال پر چھوڑ دیا جائے اور اسے اپنے آپ گرنے دیا جائے؛ چنانچہ جملہ ارکان آپس میں صلاح مشورے اور ایک دوسرے کو اس موضوع پر قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور فی الحال محض دھمکیوں پر گزارہ کیا جائے اور حسبِ معمول استعفوں اور لانگ مارچ کے لیے لمبی لمبی تاریخیں دی جائیں۔ آپ اگلے روز پارٹی کی کسان ونگ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں بھارت سے صابر کی نظم:
قسم شکن
اژدہوں کے مہیب سائے سرسراتے ہیں
ہم دروازہ نہیں کھول سکتے
دروازے کی چوکھٹ میں سلاخیں نہیں ہوتیں
دروازے کی چوکھٹ میں جالیاں نہیں ہوتیں
ہم نے قسمیں کھائی تھیں
ہم روشنی کے نوزائیدہ بچوں کی پرورش کریں گے
اور روشنی کے جوڑے نے بھی
کہ وہ ہمیں اندھیروں کا یرغمال بننے نہیں دے گا
دھواں نوزائیدہ بچوں کی گردنیں مروڑ سکتا ہے
ہمیں دھویں کو اپنی وراثت سے آخ کرنا ہوگا
باہر اژدہے پھنکارتے ہیں
ہوا کے تیز جھونکوں میں زہر بھرا ہے
مگر ہم نے زہریلی فضا میں سانس لینا سیکھ لیا ہے
خون کی نبض ڈوب چکی ہے
جوان ہونے سے پہلے ہی نیند کی بچہ دانی
نوچ کر کوڑا دان میں پھینک دی گئی ہے
جینا مشغلہ ہے
مرنا معمول ہے
قسمیں کھانا اور توڑنا بھی
کسی کو تو اپنی قسمیں توڑنی ہوں گی
ہمیں کھڑکیاں کھولنی ہوں گی
ہم دروازہ نہیں کھول سکتے
آج کا مطلع
مت سمجھو وہ چہرہ بھول گیا ہوں
آدھا یاد ہے، آدھا بھول گیا ہوں