"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن، ’’سقراط کا دیس‘‘ اور رانا عبدالرب

جب بھی نواز شریف کا نام آتا ہے‘ عوام کے ذہنوں
میں ترقی ، تعمیر اور امن کا خیال آتا ہے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ''جب بھی نواز شریف کا نام آتا ہے‘ عوام کے ذہنوں میں ترقی ، تعمیر اور امن کا خیال آتا ہے‘‘ اور کسی کو معلوم تک نہیں تھا کہ کرپشن، منی لانڈرنگ اور اثاثہ سازی بھی کوئی چیز ہوتی ہے یا لندن میں ایسے فلیٹس بھی موجود ہیں جو خریدے جا سکتے ہیں، نہ ہی کسی کے بچوں نے برطانوی شہریت حاصل کی تھی اور نہ ہی کوئی بیماری کا بہانہ بنا کر اورواپسی کا وعدہ کر کے ملک سے فرار ہوا تھا اور نہ سزا یافتہ ہونے کے باوجود واپس آنے کا نام تک نہیں لیتا اور نہ ہی ملک میں اس کے اثاثے اور اکائونٹس بحق سرکار ضبط ہوئے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
مریم نے کراچی نہ جا کر خود کو شیطانی عمل سے دور رکھا: فردوس
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ''مریم نواز نے کراچی نہ جا کر خود کو شیطانی عمل سے دور رکھا‘‘ اور امید ہے کہ اسی طرح خود کو دیگر ایسے کاموں سے بھی دور رکھیں گی اور ایک چلتی ہوئی حکومت کو گرانے کی کوشش کرنا سب سے بڑا شیطانی عمل ہوتا ہے؛ اگرچہ ہم بھی ایسے اعمال سے بچنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں لیکن حکومت کی اپنی مجبوریاں ہوتی ہیں جبکہ اپوزیشن کی کوئی مجبوری نہیں ہوتی اور وہ یہ کام محض شوقیہ کرتی ہے حالانکہ اور بھی بہت سے ایسے کام ہیں جو شوقیہ کیے جا سکتے ہیں اور اگر اپوزیشن چاہے تو ہم اسے ایسے کاموں کی فہرست بنا کر پیش کر سکتے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں پریس کانفرنس کر رہی تھیں۔
امیر ، غریب کے لیے قانون برابر ہے:علی محمد خان
وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ ''امیر ، غریب‘ سب کے لیے قانون برابر ہے‘‘ بلکہ امیروں کے لیے کچھ زیادہ ہی برابر ہے اور جس کا مظاہرہ اگلے چند روز میں مزید واضح ہو گا جب حکومت کی طرف سے جہانگیر ترین کو انصاف مہیا کیا جائے گا اور ہمارے ہاں چونکہ مقدمات کی بھرمار ہے اور مقدمات کئی کئی سال تک چلتے رہتے ہیں جس سے ''انصاف میں تاخیر‘ انصاف کی عدم فراہمی‘‘جیسی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے‘ اس لیے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے حکومت نے اپنے تئیں عوام بلکہ خواص کو فوری انصاف کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ریڈیو پاکستان سے گفتگو کر رہے تھے۔
لگتا ہے ن لیگ صرف سندھ حکومت گرانا چاہتی تھی: شازیہ مری
مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ ''لگتا ہے ن لیگ صرف سندھ حکومت گرانا چاہتی تھی‘‘ اور ہم نے صرف اپنی حکومت بچائی تھی، پی ڈی ایم سے کچھ نہیں کہا کیونکہ پی ڈی ایم کا تو ویسے ہی بہت برا حال ہو چکا تھا اور ہم نے گیلانی صاحب کو سینیٹر منتخب کروانے کیلئے بھی دو چار صدری نسخے استعمال کیے تھے اور صدر زرداری کے نسخوں کو ہم صدری ہی کہا کرتے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
سقراط کا دیس
یہ سفرنامۂ یونان ہے جو ڈاکٹر زاہد منیر عامر نے تحریر کیا ہے۔ انتساب سقراطی روایت کے مورث فیثا غورث اور رفیقِ سفر محمد حذیفہ کے نام ہے۔ پسِ سرورق گریس کے سفیر کے قلم سے بزبانِ انگریزی ہے۔ اندرونِ سرورق مصنف کی تصویر اور دیگر تصانیف کی فہرست درج ہے۔ عرضِ مصنف کے بعد سفیرِ یونان کی انگریزی تحریر کا اردو ترجمہ اور دیباچہ خالد عثمان قیصر (سابق سفیر پاکستان برائے یونان) کا انگریزی سے اردو میں ترجمے کی شکل میں درج ہے۔ کتاب کو مختلف ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے جس سے یونان کی ساری تصویر آنکھوں میں پھر جاتی ہے۔ کتاب کے آخر میں یونان کے کھنڈرات اور مصنف کے ہمراہ مختلف تقاریب میں اہم شخصیاتِ یونان کی تصاویر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ طرزِ بیان دلچسپ ہے اور ٹائٹل دیدہ زیب۔ اس کتاب سے فکشن کا پورا مزہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
اور‘ اب آخر میں رانا عبدالرب کی شاعری:
پارسا جب وضو بھی کرتے ہیں
سیر بھر ہائو ہُو بھی کرتے ہیں
قیس کے ساتھ ساتھ صحرا میں
ہم تری جستجو بھی کرتے تھے
اک بھرم نے بنا دیا گونگا
ہم کبھی گفتگو بھی کرتے تھے
خواب میں لمسِ یار کا احساس
بارشوں میں نمو بھی کرتے تھے
٭......٭......٭
جب بھی میں نے کوئی کمال کیا
دوستوں نے بہت ملال کیا
مجھ پہ فتوے طرح طرح کے لگے
جب بھی میں نے کوئی سوال کیا
وقت کے راستے میں کچھ لمحے
ہجر کے صحن میں وصال کیا
صبر بھی صبر آزما ہے مرا
میں نے جب بھی کیا کمال کیا
ان کے چہرے سے روشنی لے کر
ان کا ابرو سوئے ہلال کیا
آج کا مطلع
میرے دل میں محبت بہت ہے
اور محبت میں طاقت بہت ہے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں