پی ڈی ایم کے کچھ دوستوں نے عجلت میں
اپوزیشن کو نقصان پہنچایا: یوسف رضا گیلانی
سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے کچھ دوستوں نے عجلت میں اپوزیشن کو نقصان پہنچایا‘‘ حالانکہ یہی نقصان آرام آرام سے بھی پہنچایا جا سکتا تھا جیسا کہ ہم نے پہنچایا اور کسی کو کانوں کان خبر بھی نہ ہونے دی اور اس پر اُس وقت شور مچایا گیا جب چڑیاں سارا کھیت چگ چکی تھی، اول تو پی ڈی ایم میں کوئی مزید نقصان اٹھانے کی ہمت ہی نہیں ہے؛ تاہم اگر ہم یہ سعادت دوبارہ حاصل کرنا چاہیں تو عجلت سے کام نہیں لیں گے کیونکہ عجلت شیطان کا کام ہے جو آج کل ویسے بھی رمضان کی وجہ سے قید میں ہے۔ آپ اگلے روز ملتان میں ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔
سیالکوٹ میں رمضان بازار کا
سب سے بُرا حال ہے: فردوس عاشق
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ''سیالکوٹ میں رمضان بازار کا سب سے بُرا حال ہے‘‘ ویسے تو ان بازاروں کی حالت ہر جگہ ناگفتہ بہ ہے اور آسانی سے اندازہ نہیں لگایا جا سکتا کہ سب سے زیادہ بُری حالت کس شہر کے بازار کی ہے جبکہ سیالکوٹ کے بازار کی حالت بھی میں نے درست کی ہے اور میرا خیال ہے کہ ہر جگہ یہی نسخہ آزمانا چاہیے اور اگر ہم وزیر یا مشیر ہو کر اتنا بھی نہیں کر سکتے تو ہماری بھی اہلیت پر سوال اٹھنے لگے گا۔ آپ سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
بدترین کارکردگی کا غصہ سرکاری
افسروں پر نکالنا قابل مذمت ہے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ''بدترین کارکردگی کا غصہ سرکاری افسروں پر نکالنا قابل مذمت ہے‘‘ اور اگر کسی نے ناقص فروٹ رمضان بازار کے سٹال سے نہیں اٹھوائے تو اس میں کون سی قیامت آ گئی کیونکہ فروٹ تو فروٹ ہی ہوتا ہے اور ناقص ہو یا غیر ناقص، جبکہ اس کا دوسرا مطلب یہ ہے کہ یہ حکومت عوام کو اس سہولت سے بھی محروم رکھنا چاہتی ہے اور اس سے بڑی عوام دشمنی اور کیا ہو سکتی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔
عید کی چھ چھٹیوں میں بہت سختی کی جائے گی: یاسمین راشد
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ''عید کی چھ چھٹیوں میں بہت سختی کی جائے گی‘‘ اس لئے عوام کے لئے بہتر ہے کہ اگر اس سختی سے بچنا ہے تو ان چھ دنوں کیلئے خود کو گھروں میں قید کر لیں کیونکہ اس دوران پبلک ٹرانسپورٹ وغیرہ بھی بند ہو گی لہٰذا تھوڑے کو زیادہ سمجھیں اور اپنے خیال خود رکھیں۔آپ لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔
بلاول کو حکومتی بی ٹیم بننا مبارک ہو: مصدق ملک
نواز لیگی رہنما سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ''بلاول کو حکومتی بی ٹیم بننا مبارک ہو‘‘ اور اگر انہوں نے ایسا کرنا ہی تھا تو ہمیں بھی ساتھ لے لیتے کیونکہ یہ پرلے درجے کی خود غرضی ہے کیونکہ پی ڈی ایم کے پارہ پارہ ہونے کے بعد ہم بھی تقریباً فارغ ہی ہیں لیکن کچھ نہ کچھ کرنا بھی چاہتے ہیں جبکہ ہر ٹیم کی ایک بی ٹیم بھی ہوتی ہے اور ہم تو آج کل کچھ بھی نہیں ہیں جبکہ بی ٹیم ہی ایک دن اے ٹیم کی جگہ لیتی ہے اور یہ بھی ترقی کا ایک زینہ ہے جس کی رو سے ہی اقتدار کی چھت تک پہنچا جا سکتا ہے۔ آپ اگلے روز سید نیئر بخاری جنرل سیکرٹری پی پی کے بیان پر ردعمل دے رہے تھے۔
پچھلی سیٹ
ایک انگریز رات گئے نشے میں دھت کلب سے باہر نکلا۔ گاڑی میں بیٹھتے ہی اس نے قریبی تھانے میں فون کیا کہ میں اس وقت فلاں جگہ پر ہوں، میری گاڑی سے کوئی سٹیئرنگ، کلچ اور بریکیں وغیرہ اتار کر لے گیا ہے، آپ فوری طور پرپہنچیں۔ دوسرے ہی لمحے اس نے دوبارہ فون کیا کہ آپ زحمت نہ کریں، میں غلطی سے پچھلی سیٹ پر بیٹھ گیا تھا!
اور، اب آخر میں کچھ شعر و شاعری
اس دُنیا میں تنہا ہوں
میں بے نام سا چہرہ ہوں
اس کی گلی آئے جو جائے
میں اک ایسا رستا ہوں
در خود ہی کھل جاتا ہے
میں کب دستک دیتا ہوں
آنے والے وقتوں کا
میں اک گزرا لمحہ ہوں
پھر سے میرا ہاتھ پکڑ
میں تو دیکھا بھالا ہوں
(عمر فرحت، راجوری، جموں کشمیر)
اک تماشا ہی سہی، بارِ دگر جاتی ہے
نائو چلتی ہے مگر ریت سے بھر جاتی ہے
یہ جو تنہائی ہے بچھڑے ہوئے لوگوں کا غرور
ساتھ جاگی ہوئی دیوار سے ڈر جاتی ہے
میں لگاتا ہوں زمانے میں زمانوں کی گرہ
مجھ کو معلوم ہے آواز کدھر جاتی ہے
(عماد اظہر)
آج کا مطلع
ہیں کس طرح کے بام و در تو دکھائو
کسی دن ہمیں اپنا گھر تو دکھائو