"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ان کی، متن ہمارے

شہباز شریف سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں، خزانہ
لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا: عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ''شہباز شریف سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں، خزانہ لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا‘‘ البتہ جہانگیر ترین کا معاملہ دوسرا ہے اور بقول شخصے ہماری حکومت انہی کے ووٹوں پر کھڑی ہے؛ تاہم اس کے باوجود کسی کو بھی نہیں چھوڑیں گے، اور اپنے ساتھ ہی رکھنے کی کوشش کریں گے کیونکہ انکوائری رپورٹ کے مطابق‘ انہوں نے خزانہ نہیں لوٹا بلکہ کھاتوں میں کچھ اور قسم کی بے اعتدالیاں پائی گئی ہیں جس پر انہوں نے انصاف کا مطالبہ کیا ہے، اگرچہ یہ کوئی بری بات نہیں ہے لیکن دیکھنا یہ ہے کہ یہ بے اعتدالی کس حد تک روا رکھی جا سکتی ہے جسے حکومت ترازو میں ڈال کر چیک کرے گی۔ آپ اگلے روز حکومتی رہنمائوں اور ترجمانوں سے خطاب کررہے تھے۔
حکومت کو مہنگائی نہیں، صرف مجھے ای سی
ایل میں ڈالنے کی فکر ہے: شہباز شریف
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور سابق خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''حکومت کو مہنگائی نہیں، صرف مجھے ای سی ایل میں ڈالنے کی فکر ہے‘‘ اور میں اس مہنگائی سے تنگ آ کر ہی باہر جانا چاہتا تھا کیونکہ میں عوام کو بھوکوں مرتے نہیں دیکھ سکتا اور نہ ہی اثاثوں، جائیدادوں اور بینک اکائونٹس وغیرہ ضبط ہونے کے بعد اپنوں کو بھوکوں مرتے دیکھ سکتا ہوں جبکہ بھائی صاحب کا مسئلہ بھی یہی ہے، اگرچہ نہ تو ان کے اثاثے ضبط ہو سکتے ہیں اور نہ ہی انہیں واپس لایا جا سکتا ہے؛ تاہم، اب چونکہ میرا نام ای سی ایل میں ڈالا جا چکا ہے اس لیے حکومت کو مہنگائی پر کچھ توجہ دینی چاہیے کیونکہ میرے معاملے سے تو حکومت اب فارغ ہو چکی ہے۔ آپ اگلے روز اپوزیشن چیمبرز میں پارٹی رہنمائوں سے مشاورت کر رہے تھے۔
شہباز شریف ای سی ایل میں، فرار ہو
جاتے تو واپس لانا مشکل ہوتا: شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''شہباز شریف ای سی ایل میں، فرار ہو جاتے تو واپس لانا مشکل ہوتا‘‘ جبکہ وہ نواز شریف کی واپسی کے ضامن تھے، اس لیے اگر وہ وعدہ کریں کہ وہاں جا کر نواز شریف کو واپس لے آئیں گے تو ہمیں ان کے جانے پر کوئی اعتراض نہ ہوگا، کیونکہ ہمیں اچھی طرح سے معلوم ہے کہ یہ خاندان وعدے کا پکا ہے اور وعدہ پورا کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے، اور اس کے باوجود اگر وہ فرار ہونے پر مصر ہوں تو براستہ ایران فرار ہو سکتے ہیں یا کسی لانچ پر سوار ہو کر جا سکتے ہیں؛ تاہم اس میں خطرہ بھی ہے جو یقینا ان کے بھی پیشِ نظر ہو گا۔آپ اگلے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
جاوید ہاشمی کی چادر‘ چار دیواری پر
حملہ ایک نیچ حرکت ہے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ''جاوید ہاشمی کی چادر‘ چار دیواری پر حملہ ایک نیچ حرکت ہے‘‘ اور حکومت کو ان کے عزیز کے شادی ہال وغیرہ گراتے وقت کچھ تو سوچنا چاہیے تھا کیونکہ جب یہ عمارات تعمیر ہوئی تھیں تو اس وقت ہماری حکومت تھی جس میں جائز و ناجائز کا خیال رکھنا ایک غیر ضروری حرکت سمجھی جاتی تھی کیونکہ تب ہر کوئی جمہوری آزادی کے مزے اڑا رہا تھا جبکہ عزیزوں پر تو اس حکومت کو ویسے بھی کافی غصہ ہے جیسا کہ اس نے چچا جان کے عزیز کا ناک میں دم کر رکھا ہے، تاہم ہاشمی انکل کو گھبرانا نہیں چاہیے کیونکہ یہ سب ووٹ کو عزت دلانے کے شاخسانے ہیں۔ آپ اگلے روز ٹویٹ میں اپنے جذبات کا اظہار کر رہی تھیں۔
شام توں پہلاں آئیاں راتاں
یہ امریکا میں مقیم ہمارے دوست ڈاکٹر نعیم کوہلی کا پنجابی مجموعۂ کلام ہے۔ انتساب اس طرح سے ہے: والدہ مرحومہ کے نام جن کا نام عالم بی بی تھا، لیکن وہ چٹّی اَن پڑھ تھیں۔ آج ان کا اسم بامسمہ ان کے ساتوں بیٹوں کی صورت میں امریکا کے مختلف شہروں میں میڈیسن کی مختلف خصوصیات میں علم کی روشنی پھیلا رہا ہے،دیباچہ لکھنے والوں میں سلیم الرحمن، یہ خاکسار، ڈاکٹر محمد زکریا اور ندیم اختر ندیمؔ شامل ہیں۔ پسِ سرورق مصنف کی تصویر، مختصر تعارف اور برادرم عطا الحق قاسمی کی توصیفی رائے درج ہے۔ ایک خوبصورت نظم دیکھیے:
نہ تاں اوہنے اکھ چرائی
نہ کدے اکھ ملائی
نہ تے میری گل ہی ٹُکی
نہ وچ ہاں ملائی
نہ کدے مینوں اپنی لگّی
نہ او لگّی پرائی
فیر اوہ کیہڑی گل سی مینوں
کیتا جیس شُدائی
اور‘ اب آخر میں کاشف مجید کی غزل:
آدمی کا ہُنر آدمی سے لیا
میں نے تو سب کا سب زندگی سے لیا
چیخ سب سے مؤثر ذریعہ نہیں
چیخ کا کام بھی خامشی سے لیا
شخصیت میں اندھیرا اجالا ہے جو
کچھ تکبر سے‘ کچھ عاجزی سے لیا
گھر میں لے آئے بازار بھی، دشت بھی
انتقام اپنی آوارگی سے لیا
اس کی تعبیر میں زندگی لگ گئی
میں نے جو خواب تیری گلی سے لیا
آج کا مطلع
اسے منظور نہیں چھوڑ‘ جھگڑتا کیا ہے
دل ہی کم مایہ ہے اپنا تو اکڑتا کیا ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں